راجو سریواستو عرف گجودر بھیا نہیں رہے
نئی دہلی:21۔ستمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
کامیڈین،فلم اداکار و سیاستداں راجو سریواستو(58 سالہ)بالآخر 41 دنوں تک موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا رہنے کےبعد آج دہلی کےآل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (ایمس) میں زندگی کی جنگ ہار گئے۔جنہیں 10 اگست کو جم میں ورزش کے دؤران سینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد شریک ہسپتال کیا گیا تھا۔ان کی انجیو پلاسٹی کی گئی تھی بعدازاں وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔درمیان میں ان کی صحت میں سدھار کی اطلاع آئی تھی۔لیکن آج ساڑھے دس بجے صبح ان کے افراد خاندان نے ان کی موت کی تصدیق کی۔مشہور کردار”گجودر بھیا” راجو سریواستوں کی ہی ایجاد ہے۔انہیں بھی زیادہ تر اسی نام سے پکارا جاتا تھا۔
راجو سریواستو کا اصل نام راجو پرکاش سریواستو تھا۔جن کی پیدائش 25 ڈسمبر 1963ءکو اترپردیش کے شہر کانپور میں رام چندرا سریواستو کے گھر ہوئی تھی۔پسماندگان میں اہلیہ شکھا سریواستو، دختر انترا اور ایوشمان شامل ہیں۔
اسٹینڈ ایپ کامیڈین کی حیثیت سے راجو سریواستو نے اپنی ایک منفرد پہچان بنائی تھی۔گجودھر بھیا اور منوہر جیسے کردار انہی کی اختراع ہیں۔ راجو سریواستو فلموں میں قسمت آزمائی کی غرض سے 1982ء میں بمبئی پہنچے۔راجو سریواستو کو اصل پہچان اسٹار پلس(سابق نام: اسٹار ون) پر جون 2005سے ستمبر 2008 تک چلنے والے مشہور مزاحیہ اسٹیج پروگرام”دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج”کے پہلے سیزن سے ہوئی۔جس کےججس اداکارشیکھرسمن اور سابق کرکٹر و سیاستداں نوجوت سنگھ سدھو ہوا کرتے تھے۔اس مقابلہ میںایک اور کامیڈین سنیل پال نے پہلا مقام حاصل کیا جبکہ احسان قریشی رنر اپ رہے اور راجوسریواستو دوسرے رنر اپ رہے تھے انہیں کنگ آف کامیڈی کا اعزاز دیا گیا تھا۔راجو سریواستو نے بگ باس سیزن۔3 میں بھی حصہ لیا تھا۔
راجو سریواستو نے انیل کپور کی مشہور فلم تیزاب 1986،سلمان خان کی فلم میں نے پیار کیا(1989)،شاہ رخ خان کی فلم بازی گر اورانیل کپور کی مسٹر آزاد (1993 )کے علاوہ ابھئے،آمدنی اٹھنی،خرچہ روپیہ،واہ تیرا کیا کہنا،میں پریم کی دیوانی،بگ برادر،بمبئی ٹو گوا (2007)، باردو اور اکشے کمار کی فلم ٹوائلٹ ایک پریم کتھا اور فرنگی (2017) میں بھی کام کیا تھا۔
راجو سریواستو کو 2014ء کے عام انتخابات میں سماج وادی پارٹی نے ٹکٹ دیتے ہوئے کانپور سے اپنا امیدوار بنایا تھا۔تاہم انہوں نے پارٹی ٹکٹ یہ کہتے ہوئے واپس کردیا تھا کہ مقامی پارٹی کارکن ان کا ساتھ نہیں دے رہے ہیں۔مارچ 2014میں انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔