پشاور سے دبئی جانے والی فلائٹ میں نوجوان کا ہنگامہ، لات مارکر کھڑ کی کا شیشہ توڑنے کی کوشش، عملہ اور مسافر پریشان : ویڈیو وائرل

بین الاقوامی خبریں سوشل میڈیا وائرل

پشاور سے دبئی جانے والی فلائٹ میں نوجوان کا ہنگامہ
لات مارکر کھڑکی کا شیشہ توڑنے کی کوشش،دؤران پرواز جہاز سے اتارنے کا مطالبہ
عملہ اور فلائٹ میں سوار سینکڑوں مسافر پریشان،ویڈیوز وائرل

نئی دہلی: 20۔ستمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

تمام ایئرلائنس کا کیبن عملہ مسافروں کے ساتھ انتہائی شائستگی کے ساتھ پیش آنے کی کوشش کرتا ہے،اگرکوئی مسافر ان کے ساتھ بدتمیزی سے بھی پیش آئے تو وہ ہنس کر خود کو قابو میں رکھتے ہیں۔اورمسکراہٹ کے ساتھ مسافرین کو سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں۔لیکن فضاء میں اڑتے ہوئے طیاروں میں چندمسافروں کا غیر اخلاقی رویہ ان کے لیے ایک چیلنج بن جاتا ہے۔ایسا ہی ایک واقعہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پشاور سے دبئی جانے والی پرواز میں ایک پاکستانی مسافر کی ہنگامہ آرائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

ٹوئٹر پرمہر ناز Mahar Naaz@ کی جانب سے ٹوئٹ کیےگئےاس واقعہ کے 21 سیکنڈ پرمشتمل ایک مختصر ویڈیو میں دیکھاجاسکتاہےکہ ایک نوجوان مسافر کیبن عملہ سےبحث کررہا ہے۔جوکہ اپنا شرٹ اتار کر بنیان میں نظر آرہا ہے۔بات کرتے کرتے یہ نوجوان اچانک فلائٹ کی سیدھی جانب کی نشستوں پر چڑھ جاتا ہے اور ہوائی جہاز کی کھڑکی کے ایک شیشے کو اپنے پیر سے مارکر توڑ نے کی کوشش کرتاہے۔جسے وہاں موجود کیبن کا مرد عملہ روکتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ مت کیجئے۔پھر یہ نوجوان سیٹوں سے نیچے اتر کر کھڑا ہوجاتا ہے۔

اس ٹوئٹ کے ساتھ مہر ناز نے اپنے کیپشن میں لکھا ہے کہ”دیکھیں!ایک چونکا دینے والے واقعے میں،پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پشاور سے دبئی جانے والی پرواز میں ایک مسافر نے اس وقت افراتفری مچادی جب اس نے طیارے کی کھڑکی کو لات مارنا،سیٹوں پر مکے مارنا اور فلائٹ عملے کے ساتھ جھگڑا کرنا شروع کر دیا،”

جبکہ ڈاکٹر شلبھ منی ترپاٹھی جو کہ دیورا اترپردیش کے بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں نے بھی اس واقعہ کا ایک منٹ 27 سیکنڈ پرمشتمل مکمل ویڈیو ” یہ پاکستان کی فلائٹ ہے 😂" کے کیپشن کے ساتھ ٹوئٹ کیا ہے۔جسے اب تک دو لاکھ سے زائد ٹوئٹر صارفین نے دیکھا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایک مسافر 14 ستمبر کو پشاور سے دبئی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 283 میں سوار ہوا۔جبکہ اے آر وائی نیوز کےمطابق اس مسافر نےطیارے کی کھڑکی کوزبردستی لات مارکرایسا نقصان پہنچایا جیسے اسے توڑنے کی کوشش کررہا ہو۔اس کی شرمناک حرکتیں وہیں ختم نہیں ہوئیں،کیونکہ وہ بعد میں ہوائی جہاز کے فرش پر منہ کے بل لیٹ گیا۔فلائٹ اٹینڈنٹ نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو مسافر پرتشدد ہو گیا اور ان پر حملہ کر دیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلائٹ اٹینڈنٹ اس مسافر کو پرسکون کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس سے التجا کررہے ہیں کہ وہ اس طرح کی حرکتیں نہ کرے۔ ڈان نیوز کے مطابق اس شخص نے طیارے میں دونوں جانب کی نشستوں کے درمیان لیٹنے سے قبل اذاں دینا اور نماز پڑھنا شروع کردیا تھا اس وقت شاید کیبن کے عملہ نے اس کو شرٹ بھی پہنادیا تھا۔

پاکستانی میڈیا اطلاعات کے مطابق جیسے ہی جہاز نے ٹیک آف کیا اس مسافر نوجوان نے کیبن عملہ سے کہا کہ اسے طیارے سے اتاردے جوکہ ناممکن تھا۔اس کے بعد اس نوجوان نے سیٹوں پر مکے اور لاتیں مارنا شروع کردیں جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔بعدازاں اس نوجوان کو نشست پر بٹھادیاجاتا ہے۔

اس پورے واقعہ کو اپنی نشستوں سے مڑکر دیکھنے والےمسافرین سےکیبن عملہ کے ایک نوجوان کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ”یہ دیکھیں انہوں نے اپنا ساراسامان نکال کربازو کی نشست پر رکھ دیا ہے”۔پھر وہ اس نوجوان سے کہتے ہیں کہ آپ نے یہاں سے اٹھنا نہیں ہے،ٹھیک ہے؟ آپ نے بیٹھے رہناہے”۔جس پر وہ نوجوان اپنا سر کو جنبش دیتے کہتا ہے کہ ٹھیک ہے۔پھر کیبن عملہ اس نوجوان سے کہتے ہیں کہ یہ سارے مسافر آپ کی حرکتوں کے گواہ ہیں۔اس نوجوان کے چہرہ سے نظر آرہا ہے کہ وہ یا تو پہلی مرتبہ فضائی سفر کررہا ہے یا ڈپریشن و اینگزائٹی کا شکار ہے۔؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے