وقارآباد ضلع میں ایک ضعیف جوڑے پر لاٹھیوں اور پتھروں سے بے رحمانہ حملہ
شدید زخمی جوڑا نمس منتقل، دو گرفتار، دیگر تین کے خلاف تحقیقات جاری
سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل،پانچوں حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
وقارآباد: 20۔ستمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کےضلع وقارآباد میں جاریہ ماہ ایک ضعیف دادی پر اس کے پوتے کی بربریت،پھر ایک ضعیف شخص پر اس کےبیٹے اور بہو کے ظلم کے ویڈیوز وائرل ہوئے تھے۔جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ظالم پوتے اور بیٹے سمیت بہو کے خلاف کیس درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا اور عدالتی تحویل میں دیتے ہوئے جیلوں کو بھیج دیا۔
ان واقعات کے بعد ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے انتباہ دیا تھاکہ رقم یا پھر کسی اور معاملہ میں ضلع وقارآباد میں ضعیف والدین،رشتہ داروں یا دیگر بزرگوں کےساتھ مارپیٹ کرنےیا انہیں ہراساں کرنےوالوں کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا۔انہوں نے انتباہ دیا تھا کہ ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایسے میں کل وقارآبادضلع مستقر کے نواب پیٹ منڈل کےپُل مامڑی موضع کاایک سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آیاہے۔جس میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ایک گروپ ضعیف جوڑے اور اس کے دیگر افرادخاندان پران کھیت میں موجودمکان کے باہر لاٹھیوں اور وزنی پتھروں سے حملہ کرتے ہوئے بے تحاشہ مارپیٹ میں مصروف ہے۔
متاثرہ خاندان کےمطابق موضع پُل مامڑی کےساکن تلگو راگھویندر اپنی بیوی بچوں اورضعیف والدین کے ساتھ اپنے کھیت میں ایک مکان تعمیر کرکے وہیں مقیم ہیں۔کل پیر کی دوپہر اسی موضع کی ساکن ایم پی ٹی سی تیجسوینی،ان کے شوہر راما کرشنا ریڈی اور دیگر رشتہ داروں نے راگھویندر کی غیر موجودگی میں ان کے مکان پر حملہ کردیا اور راگھویندر کے ضعیف والدین تلگو یادیا،والدہ تلگو بھارت اماں،بیوی تلگو گائتری پر لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ کردیا۔
بربریت اور غنڈہ گردی پرمشتمل یہ واقعہ وہاں موجود سی سی ٹی وی کیمرہ میں قیدہوگیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہوئے میڈیا تک پہنچ گیا۔جسے دیکھ کر اس حملہ سخت مذمت کا سلسلہ جاری ہوگیا۔اس حملہ کی مختلف وجوہات بتائی جارہی ہیں کہ حملہ آوروں کی جانب سے راگھویندر پر کھیت فروخت کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا تھا؟ اور ان میں پرانی مخاصمت تھی!!۔
اس حملہ کی اطلاع کےبعد نواب پیٹ پولیس جائے مقام پر پہنچ گئی زخمیوں کو وقارآباد کے ایریا ہسپتال منتقل کیا گیا۔بعدازاں ڈاکٹرز کی صلاح پر بہتر علاج کی غرض سے ضعیف جوڑے کوحیدرآباد کے نمس ہسپتال منتقل کیا گیا۔اس سلسلہ میں زخمی تلگو یادیا کی بہو تلگو گائتری کی شکایت پر پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرلیا۔
آج شام سرکل انسپکٹر پولیس مومن پیٹ ایم۔وینکٹیشم کی جانب سےجاری کردہ پریس نوٹ میں بتایاگیا ہےکہ کل نواب پیٹ منڈل کے پُل مامڑی موضع میں ضعیف جوڑے تلگو یادیا،ان کی بیوی تلگو بھارت اماں اور دیگر پرکیے گئے حملہ کے خلاف نواب پیٹ پولیس نے انڈین پینل کوڈ کی دفعات u/s 307,452,504,509 r/w 34 IPC کے تحت ایک کیس درج کرتے ہوئے ابتدائی تحقیقات اورسی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد راما کرشنا ریڈی اور سرینواس ریڈی کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا ہے۔سرکل انسپکٹر کےمطابق اس حملہ میں ملوث مزید تین ملزموں کےمتعلق تحقیقات کی جارہی ہیں بعدازاں ان پر بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔سرکل انسپکٹر پولیس مومن پیٹ ایم۔ وینکٹیشم نے اس معاملہ میں عوام اور میڈیا سے اس معاملہ سے متعلق افواہوں اور اندیشوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق شدید زخمی نمس ہسپتال میں زیر علاج ضعیف جوڑے کی بہو تلگو گائتری کی جانب سے اپنی شکایت میں ٹی آر ایس پارٹی سےوابستہ ایم پی ٹی سی تیجسوینی،ان کےشوہر راما کرشنا ریڈی،ان کے بڑے بھائی سرینواس ریڈی،سرینواس ریڈی کی بیوی ارچنا اور پینٹا ریڈی پر حملہ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔تاہم اس معاملہ میں سی سی ٹی وی فوٹیج کے وائرل ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے صرف دو افراد کو ہی گرفتار کیے جانے پرسوال اٹھائے جارہے ہیں!!۔
اس سلسلہ میں سابق ریاستی وزیر و بی جے پی کے ریاستی قائد ڈاکٹر اے۔ چندراشیکھر نے آج شام دیرگئےضعیف جوڑے پراس حملہ کی سخت مذمت کی ہے۔سابق رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر اے۔چندراشیکھر نے الزام عائد کیا کہ برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی کی ایم پی ٹی سی کے شوہر کی جانب سے حملہ اور ضعیف جوڑے کو زخمی کرنا سیاسی غنڈہ گردی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حملہ میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے اور انہیں سخت سزا کو یقینی بنایا جائے۔ان کے علاوہ بھی ضلع کی دیگر تنظیموں اورعوامی نمائندوں نے بھی اس حملہ کی شدید مذمت کی ہے۔


