وقارآبادضلع میں ماہانہ پنشن اور رعیتو بندھو اسکیم کی رقم دینے کا مطالبہ، بیٹے اور بہو کے ہاتھوں پٹائی، ظلم سے پریشان ضعیف شخص جھونپڑی میں رہنے پر مجبور

وقارآبادضلع میں ماہانہ پنشن اور رعیتو بندھو اسکیم کی رقم دینے کا مطالبہ
بیٹے اور بہو کے ہاتھوں لاٹھی سے پٹائی،ظلم،ہراسانی اور قتل کی دھمکی
پانچ ایکڑ اراضی کا مالک ضعیف شخص جھونپڑی میں رہنے پر مجبور

وقارآباد: 11۔ستمبرؔ(سحرنیوزڈاٹ کام)

باپ! ساری زندگی بناءکسی لالچ اور امید کہ اپنے بچوں کو بہتر زندگی دینے کیلئے خود دن رات محنت کرتا ہے۔اور اپنا پیٹ کاٹ کاٹ کر،اپنی خواہشات کا گلا گھونٹ کر اپنے بچوں کو ہر وہ چیز فراہم کرتا ہے جس کی خواہش یا ضد اس کے بچے کرتے ہیں۔ساتھ ہی اپنے بچوں کی بہتر تربیت اورتعلیم کے ذریعہ انہیں سماج میں کھڑا ہونے کے قابل بناتا ہے۔

ویسے بھی زیادہ تر والدین کی پہلی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں لڑکے پیدا ہوں تاکہ آگے چل کران کی ضعیفی میں ان کی لاٹھی اور ان کا سہارا بنیں۔اور ساتھ ہی ان کی نسل بھی آگے بڑھے۔

یہ بات بھی سچ ہےکہ اس مطلبی دنیا میں صرف باپ ہی ایک ایساواحد انسان ہوتاہے جو چاہتاہے کہ اس کا بیٹا اس سے زیادہ ترقی کرے۔ 

ماں اپنے بچے کو گود میں اٹھاکر دنیا دکھاتی ہے تو وہیں باپ اپنے اسی بچے کو اپنے کاندھوں پر بٹھاکر دنیا دکھاتا ہے۔اس میں یہ راز چھپاہوتاہے کہ باپ چاہتا ہےکہ میں جہاں تک دیکھ سکتا ہوں میرا بیٹا میرے کاندھے پر بیٹھ کر اس سے آگے کا منظر دیکھ لے۔!!

لیکن آج سماج کا کڑوا سچ یہی ہے کہ زیادہ تر اولاد کوضعیف والدین ایک بوجھ محسوس ہونے لگے ہیں۔!!

2 ستمبر کو ریاست تلنگانہ کے وقارآبادضلع کے پدیمول منڈل کےموضع ممباپور کی ساکن انتہائی ضعیف دادی سندی ایشودماں کوریاستی حکومت کی جانب سے ماہانہ آسرا اسکیم کےتحت دی جانے والی وظیفہ کی رقم 2016 روپئے حاصل ہونے کے بعداس کے بڑے پوتے گووردھن نے 1400 روپئے لےلیے۔گووردھن نےدوبارہ دادی سے مطالبہ کیاکہ ماباقی 600 روپئے بھی اس کو دے دے۔جس پر دادی نے انکار کردیا۔جس کے فوری بعد برہم گووردھن نے گالی گلوچ کرتے ہوئے اپنی انتہائی ضعیف دادی جو کہ زمین پر بیٹھی ہوئی تھی کی لاتوں سے بے تحاشہ پٹائی کردی۔جس کے باعث بیچاری ضعیف خاتون بچوں کی طرح رونے اور چیخنے چلانے لگی۔جب اس بربریت پرمشتمل ویڈیو وائرل ہوا تو ہر طرف سے شدید مذمت ہوئی۔اور پدیمول پولیس نے پوتے گووردھن کو گرفتارکرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔

اب اندرون دس یوم اسی وقارآبادضلع کے دوما منڈل ایک ایسے بدنصیب باپ کا واقعہ سامنے آیا ہے کہ اس کا بیٹا اس کی ماہانہ پنشن اوررعیتو بندھو اسکیم کے تحت آنے والی رقم اس کو ہی دینے کامطالبہ کرتےہوئے اس کےساتھ لاٹھی کےذریعہ مارپیٹ کرتا ہے۔حتیٰ کہ اپنے ضعیف باپ کے گلے پر چاقو رکھ کر اس کا بیٹا اور بہو دھمکیاں دیتے ہیں کہ وہ اس کا قتل کردیں گے۔

دومامنڈل،ضلع وقارآباد کے موضع باسپلی میں پیش آنے والا یہ افسوسناک واقعہ بھی تاخیر سے آج اس وقت منظر عام پر آیا جب اس بے بس و لاچار ضعیف باپ نے میڈیا کو اپنی داستاں سنائی اور اپنے جسم کے مختلف حصوں پر بیٹے کی پٹائی سے آئے ہوئے زخم دکھائے۔ جسے سن کر ہر حساس انسان کے رؤنگٹھے کھڑے ہوجائیں۔اور وہ زندگی بھر یہی دعاءکرے گاکہ اس کی اپنی اؤلاد ہرگز ایسی نہ ہو۔اورنصیب میں اگر ایسی اولاد ہو تو بے اولادی ہی بہتر ہے!!

اس واقعہ کی تفصیلات اس موضع کےساکن متاثرہ شخص رامیا (78سالہ) کے بموجب اس کے پاس پونے پانچ ایکڑ زرعی اراضی ہے۔جس پر کاشت کاری کے لیے اسے حکومت تلنگانہ کی جانب سے رعیتو بندھو اسکیم کے تحت اورضعیفی کی ماہانہ پنشن حاصل ہوتی ہے۔مکمل اراضی کی پاس بک،ماہانہ پنشن کی رقم اور سال میں دو مرتبہ آنے والی رعیتو بندھو اسکیم کی رقم اس کےحوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس کا چھوٹا بیٹا چندریا گزشتہ چند دنوں سے اپنےضعیف باپ کو ہراساں و پریشان کررہا ہے اور اس کے ساتھ مار پیٹ بھی کرتا رہتا ہے۔

انہی مطالبات کے ساتھ پانچ دن قبل رامیا کے بیٹے چندریا نے بربریت کامظاہرہ کرتےہوئے اپنے انتہائی ضعیف و لاغر باپ کی لاٹھی سے جم کر پٹائی کی۔اور اپنے ضعیف باپ کو زمین پر ڈھکیل کر لاٹھی سے حملہ کرنے کی کوشش کررہا تھاکہ وہاں موجود مقامی لوگوں نے مداخلت کرتے ہوئے روک دیا۔

اس کے بعد بھی اس ظالم بیٹے نے انسانیت کی تمام حدیں پھلانگتے ہوئے اپنے باپ کو مکان کے اندر لے گیا اور دوبارہ اپنے باپ کو مارپیٹ کرنےلگا۔اس ضعیف متاثرہ باپ رامیا نے میڈیا کو بتایاکہ اس وقت اس کےبیٹے چندریا کے ساتھ اس کی بہو نے بھی اپنے سسر کی پٹائی کی اس نے الزام عائد کیاکہ اس کی بہونے اس کی گردن پر پیر رکھ دیا کہ وہ اس کا قتل کردے گی۔78سالہ ضعیف رامیا نے یہ بھی بتایا کہ اس کے بیٹے چندریا اور بہو نے اس کے گلے پر چاقو رکھ کر دھمکی دی کہ وہ اس کو قتل کردیں گے۔

رامیانے بتایا کہ بیٹے اور بہو کے ظلم اور مارپیٹ سے تنگ آکر وہ اپنے کھیت میں ایک جھونپڑی بناکر زندگی بسر کررہا ہے۔اس نے الزام عائد کیا کہ بیٹے کی جانب سے اس پرحملوں،مارپیٹ اور قتل کی دھمکی کی شکایت اس نے پولیس سے بھی کی ہے تاہم پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی!!۔

"وقارآباد ضلع میں ماہانہ پنشن کے لیے ضعیف دادی کی پٹائی،ظالم پوتا گرفتار،تفصیلات اور ویڈیو اس لنک پر” :- 

وظیفہ کی مکمل رقم نہ دینے پرضعیف دادی کی لاتوں سے پٹائی کرنے والا درندہ گرفتار، ویڈیو وائرل، ہر طرف سے مذمت

تلنگانہ: وقارآباد ضلع میں پینشن کی رقم کے لیے لات سے ضعیف دادی کی بے دردی سے پٹائی کرنے والا درندہ صفت پوتا جیل بھیج دیا گیا