مدھیہ پردیش کے ساگر میں پجاری نے پرشاد میں سے بادام لینے پر 11 سالہ لڑکے کوپیٹ کر درخت سے باندھ دیا، ایف آئی آر درج

خدا سے کیا محبت کر سکے گا
جسے نفرت ہے اس کے آدمی سے

مدھیہ پردیش کے ساگر میں پجاری نے مندر کے پرشاد میں سے بادام لینے پر
11 سالہ لڑکے کو پیٹ کر درخت سے باندھ دیا،ایف آئی آر درج

بھوپال:10۔ستمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام /سوشل میڈیا ڈیسک)

بچے معصوم ہوتے ہیں،جن کی شرارتوں اور حرکتوں سے جہاں مزاح کا پہلو پیدا ہوتا ہے وہیں کہا جاتا ہےکہ بچوں کےساتھ وقت گزارنے سے انسان ڈپریشن اور اسٹریس سے محفوط رہتا ہے۔کبھی کبھار بچے ایسی نادانی کرجاتے ہیں جنہیں تنبیہ کرکےمعاف بھی کیا جاسکتا ہے۔بچے چاہیں کسی بھی مذہب اور ذات پات کے ہوں وہ سیاست،مذہبی منافرت اور ایک دوسرے کے خلاف سازشوں سے کوسوں دور ہوتے ہیں۔

اکثر لوگ مصیبتوں یا پریشانیوں کے وقت بے ساختہ کہتے ہیں کہ بچپن کے دن ہی اچھے تھے! کئی شعرا نے بچپن پر غزلیں لکھی ہیں اور اشعار بھی کہیں ہیں۔بچپن پر نامور شاعر سدرشن فاکر کی 

یہ دولت بھی لے لو،یہ شہرت بھی لے لو
بھلے چھین لو مجھ سے میری جوانی
مگر مجھ کو لوٹادو بچپن کا ساون
وہ کاغذ کی کشتی وہ بارش کا پانی

اس شہرہ آفاق غزل کوجگجیت سنگھ اور چتراسنگھ نے اپنی آواز دے کر ہر دھڑکتے دل کی ترجمانی کردی جوکہ آج بھی دنیابھر میں مشہور ہے۔

ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک افسوسناک ویڈیو وائرل ہوا ہے۔جس میں دیکھاجاسکتا ہے کہ ایک بچے کو رسی کی مدد سے درخت سے باندھا جارہا ہے۔جبکہ وہ معصوم روتے ہوئے ایک ہی لفظ دہرارہا ہے کہ "انکل جی مجھے بچالو”

ٹوئٹر پر اس ویڈیو کو این ڈی ٹی وی کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر انوراگ دواری Anurag Dwary@ نےٹوئٹ کرتےہوئے لکھا ہے کہ”ساگرکے جین مندر کی تصویر ہے یہ، بچے کو رسی سے باندھ کر رکھا گیا،پیٹا گیا،بچہ کے گھر والوں کا کہناہےکہ مندر میں داخل ہونے کےبعد پوجا کی پلیٹ میں سے کچھ بادام کھائے۔ ایف آئی آر ہو چکی ہے۔”خدا جہاں بھی ہے،وہ ضرور دیکھ رہا ہوگا…وہ یہ چیخ سن رہا ہوگا!”

جبکہ اکھلیش جیسوال Akhilesh Jaiswal@نے اسی ویڈیو کے اپنے ٹوئٹ میں ضلع کلکٹر ساگر،ضلع ایس پی،ڈی جی پی مدھیہ پردیش اور دیگر کو ٹیاگ کرتے ہوئے اس کے ساتھ لکھا ہے کہ”بچے کو طالبانی سزا کا ویڈیو،نام نہاد برہمچاری نےمعصوم کو پیٹا،پھر رسی سے پیڑ سے باندھ دیا،بچہ کہتا رہا پلیز انکل بچالو، یہ ویڈیو ساگرضلع کا ہے۔”

میڈیا اطلاعات کےمطابق یہ ویڈیو مدھیہ پردیش کےضلع ساگر کاہے جہاں کی جین مندر میں رکھےگئے پرشاد میں سےایک لڑکے نے بادام اٹھالیے تو اس مندرکےپجاری نے پہلے اس لڑکے کی خوب پٹائی کی۔بعد ازاں ایک اور لڑکے کی مدد سے اس روتے ہوئےبچے کو دو رسیوں کے ذریعہ درخت سے باندھ رہا ہے۔

میڈیا کوپولیس نے بتایاکہ مدھیہ پردیش کے ساگر میں ایک جین مندر کے پجاری نے ایک 11 سالہ لڑکے کو مبینہ طور پر درخت سے باندھ کر مارا پیٹا۔جب بچہ نذرانہ0پرشاد) کے طور پر رکھے بادام لے گیا۔

موتی نگر پولس اسٹیشن کے انچارج ستیش سنگھ نے بتایاکہ لڑکےکے والد کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت کی بنیاد پرکریلا کےجین سدائیتن مندر کے پجاری راکیش جین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔شکایت کنندہ کے مطابق،لڑکے پرجمعرات کو اس وقت بادام چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیاتھا جب وہ مندر کے گیٹ کے پاس کھڑا تھا۔لڑکے کے باپ نے الزام عائد کیاکہ پجاری نے دوسرے آدمی کی مدد سے بچے کو درخت سے باندھ کر مارا پیٹا۔

ملزم پجاری راکیش جین کےخلاف درج فہرست ذات اوردرج فہرست قبائل(مظالم کی روک تھام/ایس سی،ایس ٹی)ایکٹ کےتحت کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے۔تاہم اس معاملہ میں اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ 14 مارچ 2021ء کو اترپردیش کے غازی آباد کی داسنا مندر میں ایک 14 سالہ مسلم لڑکے کی اس لیے پٹائی کردی گئی تھی جس نے مندر میں پانی پیاتھا۔اس واقعہ کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پروائرل ہوا تھا۔جس کےبعد پولیس نے ایک کیس درج کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔وہیں چند دن قبل ہی اداکار جوڑی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کو مدھیہ پردیش کے اجین کی مندر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے شدید احتجاج کیا گیا۔