تیز رفتار کاروں کے درمیان سڑک عبور کرنے والی خاتون، دو کاروں کے ٹکراجانے اور ایک کار کی ٹکر کے باوجود کرشماتی طور پرمحفوظ

تیز رفتار کاروں کے درمیان سڑک عبور کرنے والی خاتون
دو کاروں کے ٹکرا جانے اور ایک کار کی ٹکر کے باؤجود کرشماتی طور پر محفوظ

حیدرآباد:07۔ستمبر
(سحرنیوز ڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

مرزاغالب نے کہا تھا کہ موت کا ایک دن معیّن ہے،یقیناً اس پر کسی شبہ کی گنجائش ممکن نہیں!سڑک حادثات میں ہونے والی اموات زیادہ تر ڈرائیورز یا سڑک پر چلنے والوں کی غیر ذمہ داری اور ایک سیکنڈ کی چُوک سے ہوجایا کرتی ہیں۔اس لیے کہا جاتا ہے کہ موت کو بہانہ چاہئے! یہ بھی عقیدہ کے تحت صد فیصد درست ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن(ڈبلیو ایچ او)کےمطابق سڑک حادثات کی وجہ سے ہرسال تقریباً 1.3 ملین افراد جان کی بازی ہار جاتےہیں اور ان حادثات کے 93 فیصد واقعات کم اور متوسط آمدنی والے ممالک میں پیش آتے ہیں۔

بعض خوش قسمت لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو خوفناک حادثات کا شکار ہوکر بھی محفوظ رہ جاتے ہیں بلکہ زندہ بچ جاتے ہیں۔اس کےلیے کہا جاتا ہے کہ وہ موت کے منہ سے نکل آئے،کیونکہ دنیا میں ان کے حصہ کا آب و دانہ ابھی لکھا ہوا ہے۔یہ امر بھی یقیناً صدفیصد درست ہے۔

اس کے باوجود بھی حادثات سےمحفوظ رہنے کےلیے احتیاط لازمی ہوتی ہے،اکثر کہا جاتا ہے کہ اگر چاقو گررہی ہوتو اس سے بچنے کی کوشش کرنا بھی انسان کا فرض ہوتا ہے۔یہ سوچ کر اسی مقام پر کھڑا نہیں رہا جاسکتا کہ موت کا وقت معین ہے!!

انسٹاگرام پر Viralhog@کےمصدقہ اکاؤنٹ پر تین دن قبل ایک عجیب وغریب ویڈیو پوسٹ کیا گیا ہے۔اس ویڈیو کواب تک ایک لاکھ 19ہزار 984 سے زائد صارفین نے دیکھا ہے۔تاہم اس بات کا انکشاف نہیں کیا گیا کہ یہ ویڈیو کونسےملک کی کونسی ریاست اور کس شہر کا ہے؟۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی وائرل ہوگیا ہے۔اس ویڈیو کے ساتھ کیاپشن میں لکھا گیا ہے کہ”ایک لاپرواہ پیدل چلنے والی کار حادثے میں معجزانہ طور پر بچ گئی۔‘‘

صرف 15 سیکنڈ کے اس ویڈیو میں ایک خاتون کو سڑک پر تیز رفتار کاروں کے درمیان بغیر کسی پرواہ کے سڑک پار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔اس خاتون کی یہ غیرذمہ دارانہ حرکت بالآخر کاروں کےسنگین تصادم کاباعث بنتی ہے۔

سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہونےوالی اس ویڈیو میں جملہ تین خواتین سڑک پار کرنے کی کوشش کرتی نظر آرہی ہیں۔جبکہ ان میں سے دو خواتین گاڑیوں کے گزرنے کا انتظار کرتی ہوئیں سڑک کے کنارے کھڑی رہ جاتی ہیں۔تاہم ان میں ایک خاتون بلاء خوف وخطر تیز رفتاری کے ساتھ آتی ہوئیں کاروں کو دیکھتے ہوئےبھی کاروں سے بچتے بچاتے بے دھڑک سڑک کے درمیان پہنچ جاتی ہے۔

اچانک ایک تیز رفتار سفید رنگ کی کار چلانےوالا شخص اچانک بریک لگادیتا ہے۔اور کارکے پیچھے ایک کالے رنگ کی کار انتہائی طاقت سے اس کار سے ٹکراتی ہے۔اس تصادم باعث سفید کار سڑک کی بائیں جانب موجود روڈ ڈیوائیڈر جو زیادہ اونچا نہیں ہے پر چلی جاتی ہے اور اس کو نقصان پہنچتا ہے۔جبکہ اسی کالے رنگ کی کار کا اگلا بایاں حصہ بھی اس حاڈثہ کے باعث ٹوٹ جاتا ہے اور اس خاتون کے پیر سے ٹکراکر اس کار کا بمپر اور لائٹ سڑک پر گر جاتے ہیں۔اس کے باؤجود بھی اس خاتون کو کچھ نہیں ہوتا۔پیچھے سے مزید تیز رفتار کاریں آتی ہیں جو اس حادثہ اور خاتون کو دیکھ کر اپنی اسپیڈ کم کرتے ہوئے رک جانے والی اس کالے رنگ کی کار کے بازو سے گزر جاتی ہیں۔

بات یہاں تک تو ٹھیک ہی تھی لیکن معلوم نہیں کہ یہ خاتون اتنا سب ہوجانے اور اس کی جانب سے سڑک عبور کرلیے جانے کے بعد روڈ ڈیوائیڈر کے قریب سے دوبارہ واپس ان دونوں خواتین تک واپس پہنچتی ہے!اس دؤران بھی پیچھے سے آنے والی دوتین کاروں سے ٹکرانے سے وہ بچ جاتی ہے۔

اس ویڈیو پر انسٹاگرام کے کئی صارفین نے اپنے کمنٹس میں اس خاتون کی اس غیر ذمہ داری پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان تمام حادثات کے لیے یہ پیدل چلنے والے خاتون تنہا ذمہ دار ہے۔جبکہ چند صارفین نے بھی تنقیدی کمنٹس کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کار والے پیدل سڑک عبور کرنے والوں بالخصوص خواتین کو دیکھتے ہوئے بھی اپنی کار کی اسپیڈ کم نہیں کرتے۔اور نہ ان کو سڑک عبور کرنے کا موقع ہی دیتے ہیں۔!!