ٹول پلازہ کی خاتون اسٹاف کو تھپڑ مارنے والے شخص کی چپل سے پٹائی، کیس درج، ویڈیو وائرل

ٹول پلازہ کی خاتون اسٹاف کو تھپڑ مارنے والے شخص کی چپل سے پٹائی
کیس درج،ویڈیو وائرل،ہرطرف سے مذمت

بھوپال: 22۔اگست
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

مدھیہ پردیش کے ایک ٹول پلازہ پر خدمات انجام دے رہی خاتون کی جانب سے ٹول پلازہ کی فیس ادا کرنے کے مطالبہ پر برہم ایک شخص کا حملہ اور اس خاتون کو تھپڑ مارنےکے بعد اس خاتون کی جانب سے اس شخص کی چپل کے ذریعہ پٹائی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔بتایاگیا ہے اس شخص نے ٹول پلازہ کی فیس یہ کہتے ہوئے ادا کرنےسے انکار کردیا کہ وہ مقامی ہےلہذا اس سے فیس وصول نہ کی جائے تاہم ٹول پلازہ کی ملازمہ بضد تھیں کہ فیس ادا کی جائے۔اسی بحث کے دؤران اچانک اس شخص نے کیبن میں کاؤنٹر کے اندر کھڑی ہوئی خاتون کو تھپڑ مار دیا تاہم وہ فوری ردعمل سے ناواقف تھا کہ آن واحد میں اس خاتون نے اپنی چپل اٹھائی اوراس شخص کی بے تحاشہ پٹائی کردی۔اس واقعہ کا ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوگیا اور اس کے بعد سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگیا۔

یہ واقعہ مدھیہ پردیش کے راج گڑھ۔بھوپال روڈ پر کچ ناریا ٹول پلازہ پر ہفتہ کو پیش آیا ہے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق بیورا دیہات پولیس اسٹیشن کے حدود میں موجود کچ ناریا ٹول پلازہ پر ہفتہ کی دوپہر راج کمار گرجر جو کہ جارکادیا کھیڑی موضع کا ساکن بتایا جاتا ہے کی کار ٹول پلازہ پر پہنچی۔اس وقت خدمات انجام دے رہی ٹول پلازہ کی ملازمہ نے اس سے ٹول فیس ادا کرنے کے لیے کہا تو اس کا کہنا تھا کہ وہ مقامی ہے اس لیے اس سے ٹول فیس وصول نہ کی جائے۔

جس پر اس خاتون نے راج کمار سے رہائشی دستاویزات یا پھر آدھار کارڈ طلب کیاجو کہ اس کے پاس موجود نہیں تھے۔اسی بحث کے دؤران راج کمار گرجر نے دفتر کے کیبن کے اندر موجود اس خاتون پر حملہ آور ہوتے ہوئے اسے تھپڑ ماردیا۔جس کے بعد فوری اس خاتون نے اپنی چپل سے اس شخص کی پٹائی کردی اور چپل سے اسے پے درپے ماردیا۔

اس کے بعدراج کمارگرجر دوبارہ اس خاتون کوتھپڑ مارنے لگا۔اس واقعہ کے دوران ٹول پلازہ کے کیبن کے اندر سے ایک اور خاتون ملازمہ اور باہر کوئی شخص بھی بیچ بچاؤ کرتےہوئے نظرآرہے ہیں۔میڈیااطلاعات میں انکشاف کیاگیاہے کہ گرجرکسی مقامی بی جے پی لیڈرکارشتہ دار ہے!!

اس شرمناک واقعہ کے بعد ٹول پلازہ کی ملازمہ انورادھا ڈانگی نے میڈیا کو بتایاکہ راج کمار نے ٹول فیس ادا کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی شخص ہے جس پر انہوں نے اپنے سپروائزر کو اس کی اطلاع دی تو انہوں نے پوچھا کہ کیا وہ اس شخص کو پہچانتی ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ نہیں۔جس کے بعد وہ شخص کار سے اتر کر ان کے قریب پہنچا اور ان پر حملہ کرتے ہوئے تھپڑ ماردئیے۔جس پر انہوں نے اپنا ردعمل ظاہرکرتے ہوئے اس کی پٹائی کردی۔انورادھاڈانگی نے بتایا کہ اس ٹول پلازہ پر جملہ سات خواتین ملازمت کرتی ہیں۔تاہم ان کی حفاظت کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ راج کمار گرجر نے ان کا دوپٹہ بھی کھینچا اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

اس واقعہ کے بعد انچارج رام کمار رگھوونشی بیورا دیہات پولیس اسٹیشن نے بتایاکہ خاتون کی تحریری شکایت کےبعد راج کمار گرجر کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے تاہم اس کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور جلد ہی اس شخص کو گرفتار کیا جائے گا۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین راج کمار گرجر کی شدید مذمت کررہے ہیں۔