تلنگانہ : کاماریڈی کاشخص منکی پاکس سے متاثر نہیں ہے
پونہ وائرالوجی لیب کی رپورٹ موصول،حکومت اور عوام کے لیے راحت
حیدرآباد: 26۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
اتوار کے دن ریاست تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی میں منکی پاکس کی علامتوں کے ایک مشتبہ شخص کی اطلاع کے فوری بعد جہاں ریاستی حکومت اور محکمہ صحت چوکس ہوگیا تھا وہیں ریاستی عوام بالخصوص کاماریڈی میں بھی سنسنی پیدا ہوگئی تھی۔
اس مشتبہ شخص کو کاماریڈی کے سرکاری ضلع ہسپتال سے حیدرآباد کے فیور ہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔ڈائرکٹر محکمہ ہیلتھ و فیملی تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے بتایا تھا کہ فیورہسپتال میں اس شخص کے نمونے حاصل کرکے انہیں جانچ کے لیے مہاراشٹرا کے پونہ کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف وائرالوجی لیب کو روانہ کیے گئے ہیں۔
اس سلسلہ آج پونہ کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف وائرالوجی لیب سے اس شخص کی رپورٹ منفی آئی ہے۔یعنی یہ نوجوان منکی پاکس سے متاثر نہیں ہے۔جس کے بعد ریاستی حکومت،محکمہ صحت اور ریاست کے عوام کو راحت نصیب ہوئی ہے۔
اتوار کو ڈائرکٹر محکمہ ہیلتھ و فیملی تلنگانہ جی۔سرینواس راؤ نے اس سلسلہ میں بیان جاری کیا تھا کہ کاماریڈی کے اندرا کالونی کے ساکن ایک 40 سالہ شخص میں مشتبہ طور پر منکی پاکس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد اس شخص کو حیدرآباد کے فیورہسپتال منتقل کیا گیاہے۔
ڈائرکٹر محکمہ ہیلتھ کے مطابق یہ شخص 6 جولائی کو کویت سے ہندوستان واپس ہوا تھا۔20 جولائی کو وہ بخار سے متاثر ہوابعدازاں 23 جولائی کو جلد پر چھوٹے چھوٹے دھبے نمودارہوئے۔جس کے بعد وہ شخص 24 جولائی کی صبح کاماریڈی کے ایک خانگی ہسپتال سے رجوع ہوا۔جہاں ڈاکٹرز نے منکی پاکس کی علامتوں کو محسوس کرتے ہوئے اس شخص کو کاماریڈی کے سرکاری ضلع ہسپتال روانہ کیا۔وہاں سے ایمبولنس کے ذریعہ اس شخص کو حیدرآباد کے فیور ہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔

ڈائرکٹر محکمہ ہیلتھ و فیملی تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے کہاتھاکہ اس مشتبہ مریض کے رابطہ میں آنے والے 6 افراد کی شناخت کی گئی ہے تاہم ان میں ایسی کوئی علامات نہیں پائی گئی ہیں تاہم احتیاطی طور پر انہیں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔اس سلسلہ میں پونہ سے موصول راحت بھری اطلاع کے بعد محکمہ صحت کے عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں محتاط رہیں۔

