وقارآباد میں ایک ہی رات میں سب سے زیادہ 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ
ضلع میں جملہ 946 ملی میٹر بارش،موسیٰ ندی میں ٹھاٹھیں مارتا سیلابی پانی
تمام ذخائر آب سے پانی کا اخراج جاری،ٹریفک نظام مسدود،ضلع کلکٹر و ایس پی کا معائنہ
تانڈور کی کاگنا ندی کا قدیم بریج سیلابی پانی میں غرق،نقصان پہنچنے کا اندیشہ
وقارآباد/تانڈور:26۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآبادضلع کے وقارآباد مستقر اور اس کے منڈلات میں گزشتہ رات ہونے والی شدید ترین بارش کے باعث ضلع میں موجود تمام ذخائر آب لبریز ہوگئے ہیں اور ان سے کثیر مقدار میں زائد پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے۔
وقارآباد مستقر اور اس کے منڈلات میں رات 9 بجے سے شدید بارش کا آغاز ہوا جو کہ صبح کی اولین ساعتوں تک جاری رہا۔اس بارش کے باعث وقارآباد میں کئی نشیبی علاقے اور سڑکیں زیر آب آگئیں۔کئی مکانات میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔جبکہ اس شدید بارش کے باعث دفتر کلکٹریٹ وقارآباد بھی جھیل کا منظر پیش کررہا ہے۔
حیدرآباد کے درمیان سے گزرنے والی تاریخی موسیٰ ندی جس کا آغاز وقارآباد کے قریب موجود سیاحتی مقام اننت گیری ہلز سے ہوتا ہے بھی لبریز ہوکر ٹھاٹھیں مارتی ہوئی براہ شنکر پلی حیدرآباد کی جانب بہہ رہی ہے۔وقارآباد کے چنچل پیٹ کے قریب موجود ممبئی۔حیدرآباد ریلوے لائن کے بریج کے نیچے سے بھی موسیٰ ندی کا ندی ٹھاٹھیں ماررہا ہے۔

وہیں اننت گیری ہلز پرموجود اننتاپدمانابھا مندرمیں بھی سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے۔جبکہ وقارآباد کو پانی سربراہ کیے جانے والا شیواساگرپراجکٹ بھی لبریز ہوچکا ہے اور اس کے پشتہ سے زائد پانی کا اخراج جاری ہے۔
وقارآبادمیں ہونےوالی اس شدید بارش کے باعث کئی منڈلات میں فصلیں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔وہیں پھلوں اور ترکاریوں کی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔
” موسیٰ ندی،کوٹ پلی پراجکٹ،سرپن پلی پراجکٹ اور کاگنا ندی میں سیلابی پانی کے بہاؤ کو اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے”
وقارآبادضلع کےدیگر منڈلات میں بھی گزشتہ رات سے ہونے والی شدید ترین بارش کے باعث ندیاں،نالے،تالاب اور سڑکوں پر موجود بریج بھی لبریز ہوکراپنی سطح سے اوپر بہہ رہے ہیں جس کی وجہ سے تانڈور۔وقارآباد،تانڈور۔ظہیرآباد اور وقارآباد۔پرگی کے درمیان سڑک رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔اس کے علاوہ مواضعات باچارم،ڈورنال،ناگ سمندر،غازی پور اور کوکٹ میں بھی کاگناندی کی سطح آب پلوں کے اوپر سے بہہ رہی ہے جس کی وجہ سے کئی مواضعات کے درمیان سڑک رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ تانڈور اور حیدرآباد کے درمیان آرٹی سی بسوں کو براہ کوڑنگل اور پرگی چلایا جارہا ہے۔
دھارور اور کوٹ پلی منڈلات میں موجود 24 فیٹ سطح آب کا حامل کوٹ پلی پراجکٹ بھی لبریز ہوگیاہے اس کےپشتہ سےبڑی مقدار میں سیلابی پانی کا اخراج جاری ہے۔جو کہ براہ ناگ سمندر،منسان پلی۔کوکٹ اور تانڈور میں محبوب نگر روڈ پر موجود کاگناندی میں پہنچ رہا ہے۔
اس سیلابی پانی کے باعث کاگناندی میں موجود قدیم بریج سیلابی پانی میں غرق ہوگیا ہے اور پانی اس کے اوپر سے بہتے ہوئے پڑوسی ریاست کرناٹک کی جانب رواں ہے۔اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ گزشتہ تین سال کے دؤران تین مرتبہ اس قدیم بریج کا ایک حصہ ٹوٹ کرسیلابی پانی میں بہہ گیا تھا تو اس مرتبہ بھی بریج کے اس حصہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے!!۔تاہم اب بریج مکمل پانی میں غرق ہے۔پانی کی سطح کم ہونے کے بعد ہی بریج کی حالت کا پتہ چل سکتا ہے۔جبکہ پرگی منڈل میں موجود سرپن پلی پراجکٹ بھی لبریز ہوگیا ہے اس کے پشتے سے بھی بڑی مقدار میں پانی کا اخراج جاری ہے۔

رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹرمیتکو آنند،ضلع کلکٹر وقارآبادکے۔نکھیلا اورضلع ایس پی وقارآباد این۔کوٹی ریڈی،ایڈیشنل ایس پی ڈاکٹر ایم اے رشید اور دیگر عہدیداروں نےبارش سے متاثرہ علاقوں،لبریز تالابوں اور سڑکوں پرموجود بریجس کا مشاہدہ کیا۔بعدازاں ضلع کلکٹرکے۔نکھیلا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نشیبی علاقوں پر گہری نظر رکھی جائے اور ساتھ ہی لبریز ہوکر بریجس کے اوپر سے گزرنے والے بریجوں، تالاب اور ندیوں پر پہرہ بٹھایا جائے۔ضلع کلکٹرنےہدایت دی کہ مواضعات میں ڈھنڈورہ پٹوایا جائے کہ عوام پانی سے لبریز بریجوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔ضلع کلکٹر نے بتایا کہ ضلع کے 24 مقامات پر موجود 31 سڑکوں اور مقامات پرسیلابی پانی کا بہاؤ انتہائی تیز ہے۔اور عہدیداروں کے ساتھ ساتھ عوام کوبھی چوکس رہنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔

دفتر کلکٹریٹ وقارآباد سے جاری کردہ ریکارڈ شدہ بارش کی تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات سے آج صبح تک وقارآبادضلع کے صرف وقارآباد اور اس کے منڈلات میں ہی سب سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

وقارآباد میں سب زیادہ یعنی 129.1 ملی میڑ (13سنٹی میٹر ) بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جبکہ وقارآباد کے ہی پوڈورمنڈ ل میں 104.1 ملی میٹر (10سنٹی میٹر)،بنٹارم میں 91.2 (9سنٹی میٹر)،دھارورمنڈل میں 88.1 ملی میٹر(9سنٹی میٹر)،کوٹ پلی میں81.5 ملی میٹر،نواب پیٹ منڈل میں50.2 ملی میٹر(5سنٹی میٹر)بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جبکہ پرگی میں 48.7ملی میٹر،تانڈورکے پدیمول منڈل میں 43.5 ملی میٹر،کوڑنگل میں 28.8 ملی میٹر،بشیرآباد میں36.1ملی میٹر،
تانڈور میں 22.1 ملی میٹر،یالال میں27.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔بحیثیت مجموعی وقارآبادضلع کے چار اسمبلی حلقہ جات وقارآباد،تانڈور، پرگی اور کوڑنگل کے علاوہ 19 منڈلات میں گزشتہ رات سے آج صبح 8 بجے تک جملہ 945.2 (94سنٹی میٹر) ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔


