کل 27 جولائی کو وقارآباد ضلع کے تمام تعلیمی اداروں کو تعطیل
شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع کلکٹر کا اعلان
وزیرتعلیم سبیتا ریڈی نے تمام ممکنہ احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی
وقارآباد: 26۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآبادضلع میں گزشتہ رات سے جاری شدید بارش،مزید بارش کی پیش قیاسی اورضلع کے مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال کے پیش نظر کلکٹر ضلع وقارآباد محترمہ کے۔نکھیلا نے آج شام دیر گئے ایک سرکیولر جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کل بروز چہارشنبہ،27 جولائی کوضلع وقارآباد کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں اور کالجوں کوتعطیل رہے گی۔
ساتھ ہی وضاحت کی گئی ہےکہ انٹرمیڈیٹ کے سپلیمینٹری امتحانات کے پیش نظرانٹرمیڈیٹ کالجوں کو کل تعطیل نہیں دی جارہی ہے۔اور انٹر میڈیٹ کالجوں میں کل بدستورتعلیم جاری رہے گی۔اس سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ضلع وقارآباد میں موسم کے حالات کو دیکھتے ہوئے کل 27 جولائی کو تعلیمی ادارے 28 جولائی سے دوبارہ کھول دئیے جانے کے احکام جاری کیے جائیں گے۔

دوسری جانب کل پیر کی رات سے وقارآباد ضلع میں جاری شدید بارش اور مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال پر ریاستی وزیرتعلیم و انچارج وزیر ضلع وقارآباد مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے آج شام ضلع کلکٹروقارآباد محترمہ کے۔نکھیلا اور ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس سے فون پر بات کرتے ہوئے حالات سے واقفیت حاصل کی۔
بعدازاں ریاستی وزیرتعلیم نے انہیں ہدایت دی کہ پراجکٹوں،ندیوں،تالابو ں اور سڑکوں پر موجود پلوں پر احتیاطی اقدامات کیے جائیں۔اور سیلابی پانی سے لبریز ندیوں اور پلوں پر سے کسی کو بھی گزرنے کی اجازت نہ دی جائے۔اس کے لیے محکمہ ریونیو اور پولیس کی جانب سے مناسب اقدامات کیے جائیں۔
ساتھ ہی ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے ضلع کلکٹر وقارآباد محترمہ کے۔ نکھیلا اور ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی کو ہدایت دی کہ ضلع میں بارش سے کوئی بھی جانی و مالی نقصان نہ ہو اس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
وہیں آج شام سات بجے ضلع کلکٹر محترمہ کے۔نکھیلا نے دوبارہ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ متعلقہ عہدیداروں سے بات کرتے ہوئے منڈل سطح پر بارش اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔تمام منڈلات کے تحصیلداروں نے ضلع کلکٹر کو بتایا کہ صورتحال قابو میں ہے۔
ضلع کلکٹر محترمہ کے۔نکھیلا نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ رات کے وقت شدید بارش کے امکان کے پیش نظر وہ متعلقہ مقامات پر ہی اپنے عملہ کے ساتھ چوکس رہیں۔انہوں نے ہدایت دی کہ سیلاب زدہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کو روک دیا جائے۔اور پانی سے لبریز ندیوں اور تالابوں کے پشتوں پر گہری نظر رکھتے ہوئے ریت اور سمنٹ کے تھیلے تیار رکھیں۔اور ساتھ ہی قدیم و شکستہ مکانات کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی جائے یا انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔


