بنگلورو میں شدید بارش،چار دنوں تک مزید بارش کی پیش قیاسی
دو مزدور ہلاک،سڑکیں اور نشیبی علاقے جھیلوں میں تبدیل
بنگلورو: 18۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں گزشتہ ایک ہفتہ سے وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔تاہم گزشتہ شام 5 بجے سے بارش میں شدت پیدا ہوگئی۔رات بھر بنگلورو میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارش میں دو لوگوں کی موت واقع ہوگئی ہے۔اس بارش کے باعث شہر کے کئی علاقے زیرآب آگئے،کئی کالونیاں اور اہم سڑکیں تالابوں میں تبدیل ہوگئیں۔کئی مکانات میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔
گرج چمک کے ساتھ ہونےوالی تیز بارش کی وجہ سے شہر کےکئی حصوں میں پانی جمع ہوگیا اور برقی سربراہی بند ہوگئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بنگلورو شہر میں گزشتہ شام سے رات دیر گئے تک 155 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نےبنگلورو کےکئی شہری اور دیہی علاقوں کےلیے آرینج الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ 4-5 دنوں تک شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔
بارش میں ہلاک ہونے والے دو افراد اُلال اپ نگر میں مزدوری کرتے تھے۔عہدیداروں نے بتایا کہ ان دو افراد کی نعشیں جن کا تعلق بہار اور اتر پردیش سے ہے ایک پائپ لائن کے کام کی جگہ سے ملی ہیں۔ان میں سے ایک کی شناخت بہار کے نوبھارت اور اترپردیش کے انکیت کمار کے طور پر ہوئی ہیں۔
وزیراعلیٰ کرناٹک بسواراج بومائی نے اس بارش میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپئے اور جن کے مکانات متاثر ہوئے ہیں انہیں فی کس 25 ہزار روپئے کی امداد کا اعلان کیا۔

گزشتہ رات بارش کے دؤران میٹرو خدمات بھی کچھ دیرکے لیے متاثر ہوئیں کیونکہ گرج چمک کے باعث بجلی گرنے سے گرین لائن پر میٹرو کو روکنا پڑا تھا۔شدید بارش کے باعث بنگلورو کے جے پی نگر،جیان نگر،لال باغ، چک پیٹ،میجسٹک،ملیشورم،راججی نگر،یشونت پور،ایم جی روڈ،کبن پارک،وجئے نگر،راجاراجیشوری نگر،کینگیری،ماگڈی روڈ،میسور روڈ اور دیگر علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
گزشتہ رات بنگلورو میں ہونے والی شدید بارش کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ہیں جس میں کئی نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر جمع گہرے پانی میں بسوں،کاروں اور پیدل چلنے والوں کو اس میں سے گزرتے ہوئے دیکھا گیا۔اس بارش میں الٹی ہوئیں گاڑیوں کے ویڈیوز بھی زیرگشت ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ایسا ویڈیو بھی وائرل ہوا ہے کہ نیان داہلی،میسور روڈ پر جمع پانی میں تیراکی کرتے ہوئے ایک شخص وزیراعلیٰ کرناٹک بسواراج بومائی کو بھی سوئمنگ کا لطف لینے کی دعوت دے رہا ہے۔

