حیدرآباد میں قماربازی میں مصروف بی جے پی لیڈر
اور 6 خواتین سمیت 12 گرفتار،18 لاکھ روپئے ضبط
حیدرآباد:05۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کوحکومت اورمحکمہ پولیس غیرسماجی وغیر اخلاقی سرگرمیوں،منشیات کی لعنت اور جرائم سے پاک شہر بنانے کے اقدامات میں مصروف ہے۔تاہم شہر کے چند پاش علاقوں،چندمشہور کالونیاں،شہر کے مضافات میں موجود ریسارٹس اور کلب پولیس کے لیے دردِ سر بنے ہوئے ہیں۔پھر بھی پولیس بناکسی سیاسی دباؤ کے غیرسماجی اور غیراخلاقی سرگرمیوں کی سرکوبی میں مصروف ہے۔ایسی زیادہ ترسرگرمیوں میں ملوث مالدارطبقہ اور چند سیاسی قائدین و سیاسی اثرورسوخ رکھنے والے افراد پولیس کی گرفت میں آرہے ہیں۔
بنجارہ ہلز پولیس نے روڈ نمبر 2 میں موجود ایک فلیٹ پر اچانک دھاوہ منظم کرتے ہوئے تاش کھیلنے میں مصروف 12 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ان میں ایک بی جے پی لیڈر اور 6 خواتین بھی شامل ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ قماربازی میں مصروف گرفتار ہونے والوں کا تعلق مالدار طبقہ سے ہی ہے۔
پولیس نے جب بنجارہ ہلز کے اس فلیٹ پر دھاوہ کرتے ہوئے 12 جواریوں کوگرفتار کیا تو یہ دیکھ کر حیرت زدہ ہوگئی کہ اس میں ملک کی سب سے بڑی سنسکاری پارٹی بی جے پی کے لیڈرستیش بنڈہ پیلی بھی شامل ہیں۔جنہوں نے گزشتہ انتخابات میں حلقہ اسمبلی سکندرآباد سے بی جے پی کے امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرتے ہوئے تیسرا مقام حاصل کیا اورشکست سے دوچار ہوئے تھے۔
بنجارہ ہلز کے اس فلیٹ پر دھاوہ کے بعد پولیس نے تاش کھیلنے میں مصروف 6 خواتین اور 6 مردوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 17 لاکھ 75 ہزار روپئے ضبط کرلیے۔
بتایا گیا ہے کہ اس فلیٹ کو قمار بازی کا اڈہ (کلب)بنایا گیاتھا۔جوکہ بی جے پی لیڈرستیش بنڈہ پیلی کے بھائی کی ملکیت بتایا گیا ہے۔پولیس اب اس فلیٹ کے اصل مالک اور یہاں چلائے جارہےکلب میں کن کن کا آنا جاناہے اور یہ قماربازی کا اڈہ کب سے چلایاجارہا ہے؟اس پرتحقیقات میں مصروف ہے۔

