تلنگانہ میں آج 24 اپریل سے تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں کو گرمائی تعطیلات کا اعلان

تلنگانہ میں آج 24 اپریل سے
تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں کو گرمائی تعطیلات کا اعلان

حیدرآباد:24۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

حکومت تلنگانہ نے گرما کی شدت سے پریشان طلبا و طالبات کو راحت فراہم کرنے کی غرض سے خوشخبری دیتے ہوئے آج 24 اپریل بروز اتوار سے 12 جون بروز اتوار تک گرمائی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

چونکہ آج 24 اپریل کو اتوار ہے تو ان تعطیلات پر باقاعدہ کل 25 اپریل بروز پیر سےعمل آوری ہوگی۔RC NO:5536 مورخہ 3 ستمبر 2021 کے تحت ان گرمائی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

اب 13 جون،بروز پیر 13th June سے دوبارہ تمام اسکولوں کی کشادگی عمل میں لائی جائے گی۔اور نئے تعلیمی سال 2022-2023 کا آغاز ہوگا۔

یہ تعطیلات اول جماعت تا نویں جماعت کے طلبا و طالبات کے لیے ہوں گی۔اس طرح اول تا نویں جماعت کے طلبا و طالبات کے لیے 23 اپریل بروز ہفتہ تعلیمی سال 2021-2022 کا آخری دن رہا۔چند طلبا و طالبات کو آن لائن پروگریس کارڈ بھی جاری کرتے ہوئے انہیں اونچی کلاسیس کے لیے پروموٹ کیا گیا۔

کیونکہ 23 مئی سے 28 مئی تک دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہورہا ہے تو دسویں جماعت کے طلبا و طالبات کے لیے "ریوژن کلاسیس” کا آغاز کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں نے ٹیچرس کو ہدایت دی ہے کہ روزآنہ ایک ٹیچر اسکول میں حاضر ہوکر ان دسویں جماعت کے طلبا و طالبات کے لیے منعقد ہونے والی ریوژن کلاسیس میں شرکت کریں۔

محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں نے خانگی اسکولزکے انتظامیہ کو انتباہ دیا ہے کہ کل 24 اپریل سے گرمائی تعطیلات کا اطلاق ہوگا جس پر لازمی طور پرعمل کرنا ہوگا۔ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب ریاست تلنگانہ میں 6 مئی تا 18 مئی انٹرمیڈیٹ سال اول کے سالانہ امتحانات منعقد ہوں گے۔جبکہ 7 مئی تو 19 مئی انٹرمیڈیٹ سال دوم کے سالانہ امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔

یاد رہے کہ سال 2020ء کے آغاز میں کورونا وبا کی شروعات کے باعث تعلیمی نظام پر بھی اثر پڑا تھا۔کورونا کی دوسری وبا کے تباہ کن ہونے کے بعد تیسری لہر کے زیادہ اثرات مرتب نہ ہونے کے باعث تعلیمی نظام حسب معمول جاری رکھا گیا تھا۔

ایسے میں اب کورونا وبا کی چوتھی لہر کے اندیشوں اور ملک کی چند ریاستوں میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں روزآنہ اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ماہ جون میں کورونا وبا کی شدت کو دیکھنے کے بعد ہی اسکولوں کا آغاز عمل میں لایا جائے گا۔!!