ہونڈا ا یکٹیوا کی قیمت 71 ہزار روپئے تو فینسی نمبر پلیٹ کی 15 لا کھ 44 ہزار روپئے میں خریدی

ہونڈا ایکٹیوا کی قیمت 71 ہزار روپئے تو
فینسی نمبر کی 15 لا کھ 44 ہزار روپئے میں خریدی

چندی گڑھ: 19۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

اکثر مختلف گاڑیاں خریدنے والے افراد اپنی گاڑیوں کے لیے فینسی نمبرس حاصل کرنے کے لیے لاکھوں روپئے ادا کرتے ہیں۔اور یہ چند افراد کا شوق بھی ہوتا ہے۔یا پھر اس نمبر کو اپنے لیے لکی نمبر مانتے ہیں۔وہیں آسان اور انوکھے نمبر والی موبائل سم کارڈ ز بھی زائد قیمت پر خریدے جاتے ہیں۔جدید ترین کاروں اور دو پہیوں کی خریداری کے جنون کے علاوہ،ملک کے چند کار خریدار ایک اور جنون سے بھی متاثر رہتے ہیں کہ اپنی گاڑیوں کے لیے فینسی نمبرخریدنا ان کا شوق ہوتا ہے۔

اس سے قبل کئی مثالیں دیکھی گئی ہیں کہ کئی افراد نے بڑی رقم اپنی نئی کاروں یا دو پہیہ گاڑیوں کے لیے فینسی نمبر حاصل کرنے پر خرچ کی تھی۔زیادہ تر معاملات میں ایسے نمبر لگژری کاروں یا سوپر بائیک کے لیے خریدے جاتے ہیں۔

تاہم چندی گڑھ کے ایک شخص نےاپنی سادہ نظرآنے والی گاڑی” ہونڈا ایکٹیوا 6G” گاڑی کے لیے لاکھوں روپیوں میں فینسی نمبر خریدکر سب کو حیرت زدہ کردیا ہے۔

چندی گڑھ آر ٹی او دفتر کی جانب سے فینسی نمبر ہراج کرنے والے عہدیداروں کو چندی گڑھ کے ایک تاجر برج موہن نے اس وقت حیران کردیا جب انہوں نے اپنی 71,000 روپئے مالیتی نئی ہونڈا ایکٹیوا 6G کے رجسٹریشن نمبر CH-01-CJ-0001 کے لیے 15 لاکھ 44 ہزار روپئے 15,44,000 کی بولی لگاتے ہوئے اپنی ایکٹیوا گاڑی کے لیے یہ نمبر حاصل کیا۔اس نمبر کے لیے ابتدائی بولی 50,000 روپئے رکھی گئی تھی۔

چندی گڑھ رجسٹریشن لائسنسنگ اتھارٹی نے 14 اپریل تا 16 اپریل چند گاڑیوں کے لیے فینسی نمبرس ہراج کے لیے رکھے تھے.اتنی بڑی رقم ادا کرکے فینسی نمبر حاصل کرنے والے تاجر برج موہن نے کہا کہ فی الوقت وہ اس فینسی نمبر کو اپنی نئی خریدی گئی ہونڈا ایکٹیوا 6G کے لیے استعمال کریں گے۔بعدازاں اسی فینسی نمبر کو وہ بعد میں خرید کر کار کے لیے استعمال کریں گے۔اس کے لیے انہیں محکمہ آر ٹی اے کومعمولی فیس ادا کرنا پڑے گا اور فیس کی ادائیگی کے بعد وہ اسی نمبر کو اپنی کار کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ ان فینسی نمبروں کے ہراج سے چندی گڑھ رجسٹریشن لائسنسنگ اتھارٹی کو جملہ دیڑھ کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں۔اسی فینسی نمبروں کے ہراج کے دؤران CH-01-CJ-0002 نمبر کسی اور نے بولی لگاکر 5,40,000 روپئے میں حاصل کیا۔

وہیں CH-01-CJ-0003 کا فینسی نمبر 4,20,000 روپئے میں فروخت ہوا۔جبکہ ان دونوں کی ابتدائی بولی 30,000 روپئے رکھی گئی تھی۔