” ماں کی محبت تمام محبتّوں کی ماں "
اپنے بچہ کورگڑ رگڑ کر نہلاتی ہوئی ایک بندریا
سوشل میڈیا پر دلکش ویڈیو وائرل
نئی دہلی: 25۔مارچ
(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)
ماں! جس کی محبت کے سامنے دنیا کی ہرمحبت جھوٹی لگنے لگتی ہے!مائیں اپنی نیندیں،اپنی تمام ضروریات و خواہشات کو ممتا کی صلیب پر چڑھا کر خود کو اپنے ایک بچوں کی دیکھ بھال،ان کی بہتر پرورش ان کے اچھے رہن سہن اور ان میں مضبوط حوصلہ پیدا کرنے میں لگ جاتی ہے۔
یہ بات مشہور ہے کہ ماں چاہے ان پڑھ ہی کیوں نہ ہو وہ اپنی اولاد کی ہنسی میں چھپے دُکھ کو اور آنکھوں میں لکھی پریشانی کو پہنچان لیتی ہے۔اور ہم چاہے کتنے ہی قابل اورشخصیت شناس کیوں نہ بن جائیں ماں کا چہرہ دیکھ کر کبھی اس کی پریشانی نہیں بتا سکتے”۔
قارئین نے ایسے چھوٹے اور کم عمربچوں کو اکثر دیکھا ہوگا کہ جب کبھی ان کی مائیں انہیں نہلانے کی بات کرتی ہیں تو وہ فوری وہاں سے رفو چکر ہوجانے یا پھر بہانے تلاش کرنے لگ جاتے ہیں۔
لیکن ماں تو ماں ہوتی ہے جو اپنے بچوں کی رگ رگ سے بہتر طور پر واقف رہتی ہے۔جب ان چھوٹے اور کم عمر بچوں کو ماں اپنے ہاتھوں سے نہلانا شروع کرتی ہے تو ان بچوں کی چیخ و پکار سے سارا گھر گونج اٹھتا ہے۔
اکثر بچے باتھ روم سے نکل کر بھاگ بھی کھڑے ہوتے ہیں لیکن مائیں کہاں ایسے بچوں کو چھوڑتی ہیں۔وہ تو انہیں نہلاکر اور پھر بدن صاف کرنے کے بعد انہیں کپڑے پہناکر اکثر کہتی ہیں کہ دیکھ”اب انسان کا بچہ نظرآرہا ہے”۔ایسا اکثر گھرانوں میں ہوتا ہےاور ہرگھر میں ایسی مائیں ہوتی ہیں جو اپنے بچوں کو اس عمر تک نہلاتی ہیں جب تک کہ وہ خود نہانا نہیں سیکھ جاتے۔خیر یہ تو تھی انسانی بچوں کی بات۔
کیا آپ نے کبھی کہیں یہ منظر دیکھا ہے کہ کوئی ” بندریا ” ایک جنگل کے پانی کے ذخیرہ میں اپنے ایک چھوٹے سے بچے کو بالکل انسان کے بچوں کی طرح رگڑ رگڑ کر اور پانی میں ڈبو ڈبوکر نہلارہی ہو؟ بالکل انسانی ماں کی طرح اور پھربندر کا وہ ننھا بچہ بھی نہلاتے وقت وہی حرکتیں کررہا ہے جیسا کہ انسانی بچے کرتے ہیں!! یقیناً آپ نے بھی ایسا کوئی ویڈیو نہیں دیکھا ہوگا!!
تو آپ اس ویڈیو کو دیکھیں اورلطف اندوز ہوتے ہوئے محسوس کریں کہ جہاں سوشل میڈیا کے تقریباً پلیٹ فارمز گزشتہ چند سال سے مذہبی منافرت،فرقہ وارانہ تشدد اور ایک مخصوص مذہب کے ماننے والوں کے خلاف نفرت اور جھوٹ پھیلانے کا اڈہ بن گئے ہیں۔
تو اسی سوشل میڈیاکے انہی پلیٹ فارمز پر انسانیت کا سر اونچا کرنے والے لوگوں سےمتعلق اورمختلف حرکتوں سےکئی مسائل دشواریوں،پریشانیوں اور مشکلات کے شکارسوشل میڈیا صارفین کے ہونٹوں پر چند منٹوں کے لیے ہی سہی مسکراہٹ بکھیرنے والے ویڈیوز بھی شیئر کیے جاتے ہیں۔اور قارئین یقین کریں کہ سوشل میڈیا پر زیادہ تر صارفین اسی طرز کے یا پھر تفریحی ویڈیوز کو ہی زیادہ پسند کرتے ہیں،انہیں لائیک اور شیئر کرتے ہوئے ان پر دلچسپ کمنٹس بھی کرتے ہیں۔
دراصل ٹوئٹر پر Dr.Samrat Gowda IFS@ (ڈاکٹرسمراٹ گؤڑہ) نے جن کا تعلق کرناٹک سے ہے اور وہ انڈین فاریسٹ سرویس(آئی ایف ایس) اُڈیشہ کیڈر سے ہیں۔انہوں نے پی ایچ ڈی کی بھی تکمیل کی ہے۔انہوں نے ایک انتہائی دلنشین اور دلکش ویڈیو پوسٹ کیا ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ماں (بندریا) اپنے ایک چھوٹے سے بچے کو کس طرح نہلارہی ہے اور یہ بندر کا بچہ اس نہانے سے بچنے کے لیے بالکل وہی حرکتیں کررہا ہے جو کہ انسانوں کے کم عمر اور چھوٹے بچے اکثر کرتے ہیں!!۔
بندریا اپنے اس چھوٹے بچے کو ایک ہاتھ سے زور سے پکڑ کر پانی میں ڈُبکی دے رہی ہے،پھر اپنے ایک اور ہاتھ سے اس کی گردن،پیٹ اس کا سینہ بھی رگڑ رہی ہے۔اور بھاگنے کی کوشش کرنے والے اپنے اس بچے کی دُم پکڑ کر کھینچ بھی رہی ہے۔بالآخر نہلانے کے فوری بعد اس بندریا کا بچہ وہاں سے بھاگ جاتا ہے۔


