دھان کی خریدی کے اعلان تک مرکزی حکومت کا تعاقب جاری رہے گا،ایم ایل سی اور ایم ایل اے تانڈور کا خطاب

دھان کی خریدی کے اعلان تک مرکزی حکومت کا تعاقب جاری رہے گا
تلنگانہ طرز پر کسانوں کی تحریک،تانڈور میں ٹی آر ایس پارٹی کا اجلاس
ایم ایل سی مہیندرریڈی اور ایم ایل اے پائلٹ روہت ریڈی کا خطاب

وقارآباد/تانڈور:24۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیرٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے انتباہ دیا ہے کہ ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے کسانوں سے دھان کی خریدی کے لیے مرکزی حکومت پر دباؤ میں مزید اضافہ کیا جائے گا اور دھان کی خریدی کے اعلان تک مرکزی حکومت کا تعاقب جاری رہے گا۔انہوں نے انتباہ کہ اگر اس کے لیے مرکزی حکومت کی گردن مروڑنا پڑے تو بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔

وہ آج وقارآباد ضلع کے تانڈور کے آریہ ویشیا کلیانہ منڈپم میں منعقدہ پارٹی کے مخالف مرکزی حکومت اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پرعلحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کے لیے جس طرح منظم تحریک چلائی گئی تھی اسی طرز پر مرکزی حکومت پر دباؤ بنانے کے لیے کسانوں کی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔

رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں سے دھان خریدی کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ اور یہاں کے کسانوں کو دھوکہ دے رہی ہے اور اسی لئے سڑکوں پر نکل کر احتجاج اور دھرنے منظم کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے اسی سوتیلانہ سلوک کے خلاف مرکزی حکومت پر دباو بنانے کی غرض سے وزیراعلیٰ کے سی آر نے جدوجہد کا اعلان کیا ہے۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام محاذوں پر تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی مرکز کی بی جے پی حکومت کو برداشت نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی،منڈلات اور دیہی سطح پر قراردادیں منظور کرتے ہوئے اوروزیراعظم نریندر مودی کو خطوط روانہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر دباو ڈالا جائے گا کہ وہ ریاست تلنگانہ سے بھی دھان خریدے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کی جانب سے پیدا کئے گئے ہر ایک دانہ کی خریدی تک ٹی آرایس پارٹی اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔اس اجلاس میں صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،صدر ٹاؤن ٹی آرایس ایم اے نعیم افو،نائب صدرنشین بلدیہ دیپا نرسملو،صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،سابق صدرنشین بلدیہ وشواناتھ گوڑ،سینئرپارٹی قائدین کرنم پرشوتم راؤ،سابق رکن بلدیہ محمدعرفان،پٹلولا نرسملو،راجو گوڑ،سرینواس چاری،ارکان بلدیہ محمد مختاراحمد ناز،وجیہ دیوی،رتنا مالا،راگھویندر،رامو کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین رام داس،کوہیرسرینواس،رامو نائیک،

سائی ریڈی،وینکٹ رام ریڈی،اجئے پرساد،عبدالصمد آرگنائزنگ سیکریٹری،نائب صدور ٹاؤن ٹی آرایس محمد جاوید،محمدارشاد،عبدالرزاق (بشیرآباد) سرینواس،سنتوش گوڑ کے علاوہ تانڈور،پدیمول،یالال اور بشیرآباد منڈلات کے پارٹی قائدین اور کارکن شریک تھے۔وینکٹ رام ریڈی،اجئے پرساد اور دیگر پارٹی قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی۔