تلنگانہ میں رعایت شدہ چالانات کی ادائیگی کی قطعی تاریخ 31 مارچ
ڈسکاؤنٹ پیشکش میں کوئی توسیع نہیں بلکہ کارروائی شروع ہوگی
حیدرآباد ٹریفک جوائنٹ کمشنر اے وی رنگاناتھ کا بیان
حیدرآباد: 04۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ پولیس کی جانب سے گزشتہ دوسال سے کوویڈ وباء کے باعث معاشی مشکلات،ذرائع آمدنی میں کمی،آسمان چھوتی مہنگائی اور ملازمتوں سے محرومی سے پریشان ریاست کے گاڑی مالکین کو بڑی راحت فراہم کرتے ہوئے اداشدنی ٹریفک اور ماسک نہ پہننے پر عائد کیے گئے چالانات کی رقم میں زبردست رعایت کا اعلان کیا گیا ہے۔جسے ریاستی حکومت کی جانب سے گاڑی مالکین اور کوروبا وبا کے دؤران ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کے لیے بمپر آفر ہی کہا جاسکتا ہے۔
ٹریفک پولیس کے اس رعایتی پیشکش پر یکم مارچ سے عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے اور 31 مارچ تک تمام اداشدنی چالانات کی رقم ادا کرنا ہوگا۔
اس سلسلہ میں آج جوائنٹ کمشنر حیدرآباد ٹریفک پولیس مسٹر اے وی رنگاناتھ نے کہا ہے کہ ادا شدنی چالانات کی رقم ادا کرنے کے لیے 31 مارچ قطعی تاریخ ہوگی اس میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے جوائنٹ کمشنر حیدرآباد ٹریفک پولیس مسٹر اے وی رنگاناتھ نے واضح لفظوں میں کہا کہ 31 مارچ کے بعد کوئی رعایت یا آفر نہیں ہوگا بلکہ صرف کارروائی ہوگی۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کوویڈ وباء کے باعث عوام کو درپیش معاشی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی چالانات کی ادائیگی میں اتنی بڑی رعایت دی گئی ہے۔
جوائنٹ کمشنر حیدرآباد ٹریفک پولیس مسٹر اے وی رنگاناتھ نے اس موقع پر انکشاف کیا کہ ریاست تلنگانہ میں جملہ 1،750 کروڑ روپئے کے ٹریفک چالانات وصول طلب تھے تاہم اب اس رعایت کے باعث حکومت کو صرف 300 کروڑ روپئے ہی حاصل ہوں گے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ یکم مارچ سے اس رعایت پرعمل آوری سے آج تک 50 کروڑ روپئے مالیتی چالانات کی رقم حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اوور اسپیڈ (تیز رفتاری) پر عائد کیے جانے والے چالانات میں بھی تبدیلی پر غور کیا جارہا ہے۔
جوائنٹ کمشنر حیدرآباد ٹریفک پولیس مسٹر اے وی رنگاناتھ نے متنبہ کیا کہ 31 مارچ کو اس آفر کے اختتام کے بعد ٹریفک قواعد پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
جوائنٹ کمشنر حیدرآباد ٹریفک پولیس مسٹر اے وی رنگاناتھ نے حکومت کے خزانہ کو بھرتی کرنے کے لیے ہی اس طرح کی رعایت کے اعلان کی زیرگشت اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر رقم جمع ہی کرنا ہوتا تو اس طرح کے ڈسکاؤنٹ کا اعلان نہیں کیا جاتا۔
” تلنگانہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف گاڑیوں پر اداشدنی چالانات پر دی جارہی رعایت کی تفصیلات اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہیں”
اداشدنی چالانات کی ادائیگی کے لیے تلنگانہ پولیس کا بمپر آفر ، پوری ریاست میں عمل ہوگا

