وقارآباد ضلع میں تلگو فلم "ایف آئی آر” کے خلاف "ایف آئی آر” درج
صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور کی شکایت پر پولیس کی کارروائی
وقارآباد/تانڈور: 10۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
کل 11 فروری سے ریلیز ہونے والی تلگو فلم”ایف آئی آر FIR#” کے پروڈیوسر، ڈائرکٹر اورتانڈور کی سینما تھیٹر مالک کے خلاف وقارآباد ضلع کے تانڈور پولیس اسٹیشن میں ایک ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
دراصل دہشت گردی کے موضوع پر بنائی گئی تلگو فلم ایف آئی آر کے تشہیری پوسٹرس پر کلمہ طیبہ کی طباعت کے خلاف آج وقارآباد ضلع کے تانڈورمیں مسلم نوجوانوں اور کُل جماعتی قائدین کے احتجاج اور ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی سے تحریری شکایت کے بعد تانڈور پولیس نے آج مالک شانت محل تھیٹر تانڈور،ایف آئی آرفلم کے پروڈیوسر وشنو وشال(جو کہ اس فلم کے ہیرو بھی ہیں)اور فلم کے ڈائرکٹر منو آنند کے خلاف انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ 295Aکے تحت ایک ایف آئی آرجس کا نمبر 36/2022ہے درج کرلیا ہے۔
تانڈور پولیس کے مطابق یہ ایف آئی آر صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈورمحمد بابر کی تحریری شکایت پر درج کی گئی ہے۔تانڈور پولیس نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی مذکورہ دفعہ کے تحت ایف آئی آر درج کیا ہے۔یاد رہے کہ وقارآباد ضلع کے تانڈور میں کل سے اس فلم کی نمائش شانت محل تھیٹر میں کی جانے والی ہے اور اس سلسلہ میں تشہیری پوسٹرس شہر کے مختلف مقامات پر چسپاں کیے گئے تھے۔

ان پوسٹرس پر کلمہ طیبہ کی بے حرمتی کو دیکھ کر مقامی مسلم نوجوانوں نے اسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا اورمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن سمیت دیگر مسلم تنظیموں کے ذمہ داران کو اس کی اطلاع دی۔جس کے فوری بعد کل جماعتی مسلم قائدین کے ایک وفد نے دفتر ڈی ایس پی میں تانڈور کا دؤرہ کررہے ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی سے ملاقات کی اور انہیں اس تلگو فلم کے پوسٹرس پر درج کلمہ طیبہ سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ اس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں اور مطالبہ کیا کہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
ضلع ایس پی مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے فوری مقامی پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ تانڈور کے تمام مقامات پر چسپاں اس سینما کے پوسٹرس کو نکالتے ہوئے بحفاظت پولیس تحویل میں رکھا جائے۔جس کے بعد پولیس عہدیداروں کی ٹیم نے سینما تھیٹر پہنچ کر اس فلم کے تمام پوسٹرس کو اپنی تحویل میں لے لیا اور تانڈور کے تمام مقامات پر چسپاں کیے گئے پوسٹرس کو نکال کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔
” اس احتجاج سے متعلق تفصیلی رپورٹ اور ویڈیوز کو سحرنیوز ڈاٹ کام کی اس لنک کو کلک کرکے دیکھا جاسکتاہے”۔

