اگر اُترپردیش کیرالا میں تبدیل ہوتا ہے تو..!
چیف منسٹر کیرالا پنارائی وجئین کا چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ پر طنز
نئی دہلی: 10۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر اُتر پردیش آدتیہ ناتھ کی جانب سے آج اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ کی رائے دہی سے قبل رائے دہندگان کو دئیے گئے اس انتباہ پر کہ اگر اترپردیش میں بی جے پی دوبارہ اقتدار پر نہیں آئی تو ریاست اترپردیش بھی کیرالا،مغربی بنگال اور کشمیر میں تبدیل ہوجائے گی۔
چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ نے اس بیان پرمشتمل 5 منٹ 54 سیکنڈ پرمشتمل اپنا ویڈیو آج صبح کی اولین ساعتوں میں 3 بجے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا ہے۔جسے اب تک 2،18،300 ٹوئٹر صارفین نے دیکھا ہے جبکہ اس ویڈیو کو 3،665 صارفین نے ری۔ٹوئٹ کیا وہیں اس ویڈیو کو 23،400 افراد نے لائیک کیا اور سینکڑوں کی تعداد میں اس ویڈیو کی تائید اور مخالفت میں کمنٹ کیے گئے ہیں۔
ٹوئٹر پر چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ کے اس ویڈیو پیغام کے خلاف چیف منسٹر کیرالا پنارائی وجین نے آج دوپہر اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ چیف منسٹر اتر پردیش آدتیہ ناتھ پر طنز کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”اگر یوپی کیرالا میں تبدیل ہوجاتا ہے توخدشہ ہے کہ یہ بہترین تعلیم،صحت کی خدمات،سماجی بہبود اور معیار زندگی سے لطف اندوز ہوگا۔اور ایک ہم آہنگ معاشرہ ہوگا جس میں مذہب اور ذات پات کے نام پر لوگوں کا قتل نہیں کیا جائے گا اور یوپی کے لوگ یہی چاہیں گے”۔
چیف منسٹر کیرالا پنارائی وجین کے اس ٹوئٹ کو 61،800 ٹوئٹر صارفین نے لائیک کیا ہے۔جبکہ 17،800 صارفین نے اس ٹوئٹ کو ری۔ٹوئٹ کیا ہے اور 2،156 کمنٹس کیے گئے۔
وہیں اپنے اسی انگریزی ٹوئٹ کو چیف منسٹر کیرالا پنارائی وجین نے ہندی میں بھی ٹوئٹ کیا ہے جسے 40،200 صارفین نے لائیک 1،700 کمنٹس کیے ہیں جبکہ ہندی کے اس ٹوئٹ کو 11،000 ٹوئٹر صارفین نے ری۔ٹوئٹ کیا ہے۔
وہیں چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ کے اس بیان پرمشتمل ایک ویب سائٹ کی نیوز لنک کو ری۔ٹوئٹ کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر قائد و رکن لوک سبھا حلقہ ترواننت پورم،کیرالا ششی تھرورنے بھی آج دوپہر اپنے ٹوئٹ میں آدتیہ ناتھ کو ٹیاگ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” چیف منسٹر اتر پردیش آدتیہ ناتھ نے اتر پردیش کے رائے دہندوں سے کہا ہے کہ اگر بی جے پی اقتدار میں نہیں آئی تو اترپردیش،کشمیر،بنگال یا کیرالا میں بدل جائے گا "۔
ششی تھرور نے چٹکی لیتے ہوئے اپنے اس ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ”یوپی بہت خوش قسمت ہونا چاہئے!!کشمیر کی خوبصورتی،بنگال کی ثقافت اور کیرالا کی تعلیم اس جگہ کے لیے حیرت انگیز کام کریں گے۔یوپی شاندار ہے،اس کی حکومت پر افسوس”

