وزیراعظم نریندر مودی کا کل دؤرہ حیدرآباد
"اسٹیچو آف ایکویلٹی” اور "اکریساٹ” کی 50 سالہ تقاریب کا افتتاح انجام دیں گے
چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد: 04۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیراعظم نریندرمودی کل 5 فروری کو حیدر آباد کا دورہ کررہے ہیں۔اس دؤرہ کے متعلق دفتر وزیراعظم سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کل 2 بج کر45 منٹ پر حیدرآباد کے پٹن چیرو میں واقع انٹرنیشنل کراپس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار دی سیمی ایرڈ ٹراپکس(اکریساٹ) کیمپس جائیں گے اور اکریساٹ کی 50 سالہ تقریبات کا آغاز کریں گے۔
وزیراعظم نریندر مودی اکریساٹ کی پودوں کے تحفظ پر مبنی ماحولیاتی تبدیلی تحقیقی فیسلیٹی اور آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کی ریپڈ جنریشن ایڈوانس منٹ فیسلیٹی کا بھی افتتاح کریں گے۔یہ دونوں ادارے ایشیا اورصحرائی افریقہ کے چھوٹے کسانوں کے لیے وقف ہیں۔وزیر اعظم آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے مخصوص طریقے سے ڈیزائن کردہ لوگو کی بھی رونمائی کریں گے اور اس موقع پر ایک یادگاری ٹکٹ جاری کریں گے۔
آئی سی آر آئی ایس اے ٹی ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو ایشیا اورصحرائی افریقہ کی ترقی کے لیے زرعی تحقیق کراتی ہے۔یہ فصلوں کی بہتر اقسام اور ہائبرڈ کی فراہمی کے ذریعہ کسانوں کی مدد کرتی ہے اور ماحولیاتی تبدیلی سے لڑنے میں خشک علاقوں کے چھوٹے کسانوں کی بھی مدد کرتی ہے۔
شام 5 بجے وزیراعظم نریندرمودی حیدر آباد میں تعمیر شدہ”اسٹیچو آف ایکویلٹی”Statue Of Equality” کی نقاب کشائی کے ذریعہ اسے قوم کے نام معنون کریں گے۔اسٹیچو آف ایکویلٹی کی لمبائی 216 فٹ ہے جسے گیارہویں صدی کے بھکتی سنت شری رامانوجاچاریہ کی یاد میں بنایا گیا ہے۔جنہوں نے عقیدہ،مذہب اور نسل سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں برابری کے تصور کو فروغ دینے کے لیے کام کیا۔یہ مجسمہ ” پنچ لوہا ” سے بنایا گیا ہے جو پانچ دھاتوں سونا،چاندی،پیتل،تانبہ اور زِنک کا مجموعہ ہے۔
یہ بیٹھی ہوئی حالت میں دنیا میں دھات سے بنے ہوئے سب سے اونچے مجسموں میں سے ایک ہے۔اس مجسمہ کو”بھدرا ویدی” نام کی ایک 54 فٹ اونچی عمارت کی بنیاد پرنصب کیا گیا ہے۔عمارت کی مختلف منزلوں پر ویدک ڈیجیٹل لائبریری اور تحقیقی مرکز،قدیم ہندوستانی متن،ایک تھیٹر اور ایک تعلیمی گلیارہ ہے جس میں شری رامانوجاچاریہ کی مختلف تخلیقات کی تفصیلات موجود ہیں۔اس مجسمہ کے تخلیق کار شری رامانوجاچاریہ آشرم کے شری چنّا جی یار سوامی ہیں۔
دفتر چیف منسٹر تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کے دؤرہء حیدرآباد کے موقع پر ان کا استقبال اور پروگراموں میں شرکت کے بعد انہیں وداع کرنے کی ذمہ داری ریاستی وزیر افزائش مویشیان،سینماٹوگرافی تلسانی سرینواس یادو کو تفویض کی گئی ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی کے کل دؤرہ حیدرآباد کے پیش نظر آج ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے انتظامات کا جائزہ لیا اور تمام متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دؤرہ کے لیے سخت انتظامات کیے جائیں اور سیکورٹی کے معاملہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
چیف سیکریٹری سومیش کمار اور ریاستی ڈی جی پی ایم۔مہندر ریڈی نے آج سماتا مورتی سنٹر اور مجسمہ کے مقام کا جائزہ لیا۔اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وزیراعظم کے دورہ کے مقامات پرسخت سیکورٹی بندوبست کیا جائے اور ٹریفک نظام کی تبدیلی کے لیے بلو بلیک قواعد پر عمل کیا جائے۔
قبل ازیں وی وی آئی پی پروگرام کے دؤران کوویڈ پروٹوکال پرسختی کے ساتھ عمل کرنے کی ہیلتھ سیکریٹری کو چیف سیکریٹری ہدایت دے چکے ہیں ساتھ ہی ان پروگراموں میں شرکت کرنے والے وی وی آئی پی پاس ہولڈرس کا پروگرام سے قبل ہی آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
چیف سیکریٹری سومیش کمار نے محکمہ آر اینڈ بی اور بلدیات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وزیراعظم کے گزرنے والے راستوں کی فوری طور پر مرمت کی جائے اور ساتھ ہی لائٹنگ سسٹم کی بھی درستگی عمل میں لائی جائے۔
ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے اضلاع رنگاریڈی اور سنگاریڈی کے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی کہ جلسہ اور پروگرامات کے مقامات کے انتظامات کا لگاتار جائزہ لیا جاتا رہے اور وزیراعظم کے دؤرہ کے موقع پر بشمول سخت سیکورٹی کے کسی بھی قسم کی ڈھیل نہ دی جائے۔

