حیدرآباد ایرپورٹ پر دُبئی جانے والے مسافر کے قبضہ سے
11لاکھ 70 ہزار روپئے مالیتی یواے ای کے درہم ضبط
حیدرآباد: 31۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ(شمس آباد ایرپورٹ) پر محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے آج حیدرآباد سے دُبئی جانے والے ایک مسافر کے قبضہ سے بڑی مقدار میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کے درہم ضبط کرلیے ہیں۔اس سلسلہ میں اس مسافر کو تحویل میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے۔
حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے کسٹمس عہدیداروں کے مطابق آج 31 جنوری کی صبح حیدرآباد سےفلائٹ نمبر EK527.59555 کے ذریعہ دُبئی جارہے ایک مسافر کی تلاشی کے بعد اس کے قبضہ سےمتحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کے درہم ضبط کیے گئے ہیں۔جن کی مالیت جملہ 11 لاکھ 70 ہزار 256 روپئے ہے۔
کسٹمس عہدیداروں کے مطابق اس مسافرکے خلاف غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کا کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ 28 جنوری کو بھی حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پرکسٹمس عہدیداروں نے حیدرآباد ایرپورٹ سے ایمیریٹس کی فلائٹ سے دُبئی جارہے ایک مسافر کے قبضہ سے 33,000 سعودی عرب کے ریال ضبط کیے تھے جن کی مالیت 6 لاکھ 35 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔
وہیں محکمہ کسٹمس حیدرآباد ایرپورٹ کے عہدیداروں نے 21 جنوری کو دبئی سے فلائٹ نمبر 6E 025 کے ذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ پہنچے ایک مسافر کے قبضہ سے دو کلو 715 گرام سونا ضبط کرلیا تھا۔جس کی مالیت عہدیداروں نے ایک کروڑ 36 لاکھ روپئے بتائی تھی۔
اسی طرح جاریہ ماہ ہی 11 جنوری کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آباد ایرپورٹ) پرمحکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے الگ الگ کارروائی کرتے ہوئے تین خاتون مسافرین کے قبضہ سے اسمگل کیا جانے والا جملہ ایک کلو 48 گرام سونا ضبط کرلیا تھا۔جس کی مالیت محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے 72 لاکھ 80 ہزار روپئے بتائی تھی۔
اس کارروائی میں دُبئی سے حیدرآباد پہنچنے والی ایک خاتون مسافر کے قبضہ سے 991 گرام سونا ضبط کرلیا گیا تھا جس کی مالیت 48 لاکھ 71 ہزار روپئے ہے۔اس سونا کو پیسٹ کی شکل میں ڈھال کر خاتون نے اپنے زیر جامہ کپڑوں میں چھپایا تھا۔
اسی طرح دُبئی سے براہ کویت حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والی ایک اور خاتون مسافر کے قبضہ سے 8 لاکھ 28 ہزار روپئے مالیتی 168.5 گرام سونا ضبط کرلیا گیا تھا اس خاتون نے بھی اس سونا کو پیسٹ کی شکل میں ڈھال کر اپنے زیر جامہ کپڑوں میں چھپاکر لایا تھا۔
جبکہ دُبئی ہی سے حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچی ایک اور خاتون مسافر کے قبضہ سے پیسٹ کی شکل میں ڈھال کر لایا گیا 321.8 گرام سونا ضبط کرلیا گیا تھا۔محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں کے مطابق اس خاتون مسافر نے اس سونا کو اپنی بڑی آنت میں چھپایا تھا۔
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر محکمہ کسٹمس کی چوکسی اور ہر دوسرے تیسرے دن اسمگل کیے جانے والے سونا اور غیرملکی کرنسی کی ضبطی کے واقعات کے باوجود ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے!!


