حیدرآباد ایرپورٹ پر دُبئی سے آنے والےمسافر کے قبضہ سے ایک کروڑ 36 لاکھ روپئے مالیتی ڈھائی کلو سے زائد سونا ضبط

حیدرآباد ایرپورٹ پر دُبئی سے آنے والےمسافر کے قبضہ سے
ایک کروڑ 36 لاکھ روپئے مالیتی ڈھائی کلو سے زائد سونا ضبط

حیدرآباد :22۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آباد ایرپورٹ) پرکسٹم عہدیداروں کی چوکسی کے باعث غیرممالک سے آنے والے اور چند جانے مسافرین کے قبضہ سے بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا سونا،بیرون ممالک کی کرنسی اور دیگر ممنوعہ اشیا ضبط کرنے کی اطلاعات اب عام ہوکر رہ گئی ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے!!

حیدرآباد ایرپورٹ پر محکمہ کسٹمس کے عہدیدار دُبئی سے آنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے بڑی مقدار میں سونا ضبط کرتے ہوئے اس مسافر کو اپنی تحویل میں لے کر تفتیش میں مصروف ہیں۔

محکمہ کسٹمس حیدرآباد ایرپورٹ کے عہدیداروں کے مطابق کل 21 جنوری کو دبئی سے فلائٹ نمبر 6E 025 کے ذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ پہنچے ایک مسافر کی تلاشی لی گئی تو اس کے قبضہ سے دو کلو 715 گرام سونا برآمد ہوا جسے ضبط کرلیا گیا۔

عہدیداروں کے مطابق اس اسمگل کیے جانے والے سونا کو چین اورپیسٹ کی شکل میں لایا گیا تھااور یہ ضبط سونا شدہ مسافر کے ہینڈ بیاگ میں پایا گیا۔اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

یاد رہے کہ 11 جنوری کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آباد ایرپورٹ) پرمحکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے الگ الگ کارروائی کرتے ہوئے تین خاتون مسافرین کے قبضہ سے اسمگل کیا جانے والا جملہ ایک کلو 48 گرام سونا ضبط کرلیا تھا۔جس کی مالیت محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے 72 لاکھ 80 ہزار روپئے بتائی تھی۔

اس کارروائی میں دُبئی سے حیدرآباد پہنچنے والی ایک خاتون مسافر کے قبضہ سے 991 گرام سونا ضبط کرلیا گیا تھا جس کی مالیت 48 لاکھ 71 ہزار روپئے ہے۔اس سونا کو پیسٹ کی شکل میں ڈھال کر خاتون نے اپنے زیر جامہ کپڑوں میں چھپایا تھا۔

اسی طرح دُبئی سے براہ کویت حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والی ایک اور خاتون مسافر کے قبضہ سے 8 لاکھ 28 ہزار روپئے مالیتی 168.5 گرام سونا ضبط کرلیا گیا تھا اس خاتون نے بھی اس سونا کو پیسٹ کی شکل میں ڈھال کر اپنے زیر جامہ کپڑوں میں چھپاکر لایا تھا۔

جبکہ دُبئی ہی سے حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچی ایک اور خاتون مسافر کے قبضہ سے پیسٹ کی شکل میں ڈھال کر لایا گیا 321.8 گرام سونا ضبط کرلیا گیا تھا۔محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں کے مطابق اس خاتون مسافر نے اس سونا کو اپنی بڑی آنت میں چھپایا تھا۔