تلنگانہ میں کل سے کوویڈ کی روک تھام کے لیے ” گھر گھربخار کا سروے "
کوویڈ مہلوکین کے ورثا کو فوری ایکس گریشیا جاری کرنے کی ہدایت
وزیرصحت ہریش راؤ، وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ اور چیف سیکریٹری سومیش کمار
کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے ضلع کلکٹران سے خطاب
حیدرآباد/وقارآباد: 20۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیرصحت تلنگانہ ٹی۔ہریش راؤ نے آج ریاست کے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی ہے کہ کل 21 جنوری بروز جمعہ سے ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں کورونا وبا کی روک تھام کی غرض سے” گھر گھر بخار چیک اپ” سروے کا آغاز کیا جائے۔
ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ آج ریاستی وزیر پنچایت راج ایرابیلی دیاکر راؤ،ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کے ساتھ حیدرآباد سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے ضلع کلکٹران سے خطاب کررہے تھے۔

وزیرصحت تلنگانہ ٹی۔ہریش راؤ نے ضلع کلکٹران اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مواضعات اور وارڈس کی سطح پر آشا ورکرس،اے این ایمس،بلدی اورگرام پنچایتوں کے ملازمین پر مشتمل مشترکہ ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے روزآنہ 25 مکانات کا احاطہ کیا جائے اور ہر ایک مکان تک پہنچ کر ان مکانات میں بخار اور کھانسی سے متاثر افراد خاندان کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔
اور ان علامات کے شکار افراد کو ان کے مکانات میں قورنطین میں رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں حکومت کی جانب سے فراہم کی جارہی ہوم آئسولیشن کٹ فراہم کی جائے۔
وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جارہی اس ہوم آئسولیشن کٹ میں موجود ادویات بہترین کام کررہی ہیں اور ان ادویات کو صرف پانچ دن استعمال کرنے سے بخار کھانسی سے افاقہ ہورہا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے ہدایت دی کہ جن افراد کو آئسولیشن کٹ فراہم کی جارہی ہے ان سے روزآنہ ربط قائم کرتے ہوئے ان کی صحت کے متعلق تفصیلات بھی حاصل کی جائیں۔
اور اگر پانچ دنوں تک ان ادویات کے استعمال کے باؤجود ان میں بخار اور کھانسی کی شدت میں کمی واقع نہیں ہورہی ہے تو فوری ایسے افراد کو قریبی ہسپتالوں کو منتقل کیا جائے۔وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے ہدایت دی کہ ماضی کے تجربہ کی بنیاد پر اس گھرگھر بخار سروے کو منظم طریقہ سے چلایا جائے۔
اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے ضلع کلکٹران اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے عمل میں مزید تیزی پیدا کی جائے اور ویکسین کے دوسرے ڈوز کا عمل بھی مکمل کرلیا جائے۔
ساتھ ہی وزیرصحت نے کہا کہ 15 تا 17 سال کے بچوں کوویڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ اور ضعیف و اہل افراد اور فرنٹ لائن وارئیرس کو بوسٹر ڈوز دئیے جانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے ضلع کلکٹران اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام پرائمری ہیلتھ سنٹرس،طبی مراکز،کمیونٹی ہیلتھ سنٹرس،ایریا ہسپتالوں اور ضلع ہسپتالوں میں کوویڈ متاثرین کو آؤٹ پیشنٹ خدمات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا ان تمام طبی مراکز میں کوویڈ ٹسٹنگ کٹس اور ہوم آئسولیشن کٹس پہلے سے موجود ہیں اگر موجودنہ ہوں تو فوری ذخیرہ کرلیں۔

وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں آکسیجن سے لیس بستروں کی سہولت موجود ہے۔انہوں نے ضلع کلکٹران اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں اور کوویڈ متاثرہ زیر علاج افراد کو تغذیہ بخش غذا فراہم کی جائے۔
وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے ریاست کے پولیس کمشنران،سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور دیگر پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عوام لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں۔
اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ وزیرپنچایت راج ایرابیلی دیاکر راؤ نے ہدایت دی کہ کوویڈ کی روک تھام کے لئے ہر موضع کے لئے ایک نوڈل آفیسر مقرر کیا جائے۔اور گھر گھر بخار سروے میں آشاورکرس،اے این ایمس،بلدی اورگرام پنچایتوں کے ملازمین کے ساتھ گرام پنچایت سیکریٹریزاور دیگر ملازمین آ پسی تال میل کے ذریعہ کام کریں۔

ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے اس ویڈیو کانفرنس سے اپنے خطاب میں ریاست کے ضلع کلکٹران اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اب تک کوویڈ سے فوت ہونے والے افراد خاندان کو حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ایکس گریشیا (مالی مدد) جلد ہی جاری کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ریاست کے تمام اضلاع میں ضلع کلکٹر کی زیرصدارت پہلے ہی کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جاچکی ہے۔اور می۔سیوا کے ذریعہ موصولہ تمام درخواستوں کا فوری جائزہ لیتے ہوئے مالی امداد جاری کردی جائے۔
چیف سیکریٹری نے ضلع کلکٹران اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر ضلع میں ایک کوویڈ کیئر سنٹر قائم کیا جائے اور ان میں ڈاکٹرس اور طبی عملہ کا تقرر کیاجائے اور ان کوویڈکیئر سنٹرمیں زیر علاج کوویڈ متاثرین کو تغذیہ بخش غذا فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ،وزیر پنچایت راج ایرابیلی دیاکر راؤ اور چیف سیکریٹری سومیش کمار کی اس ویڈیو کانفرنس کا دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں مشاہدہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹرکے۔نکھیلا نے بتایا کہ ضلع میں کوویڈ ویکسین کے پہلے ٹیکہ کا عمل صد فیصد مکمل کرلیا گیا ہے۔اور دوسرے ٹیکہ کے اہل افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے مکانات تک پہنچ کر دوسرا ٹیکہ دیا جارہا ہے۔

ضلع کلکٹر نے ریاستی وزیرصحت،وزیر پنچایت راج اور چیف سیکریٹری کو بتایا کہ ان کی ہدایت کے مطابق ٹیموں کی تشکیل کے ذریعہ ضلع وقارآباد میں گھر گھر بخار سروے کا آغاز کیا جائے گا۔
اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر چندریا،سی ای او ضلع پریشد جانکی ریڈی،محکمہ صحت کے ضلعی عہدیدار ڈاکٹر تکارام اور دیگر متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔

