اداکار شاہ رخ خان کی انسٹاگرام کے ذریعہ چار ماہ بعد سوشل میڈیا پر واپسی
ممبئی: 20۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام)
بالی ووڈ میں کنگ خان کی حیثیت سے مشہور شاہ رخ خان پورے چار ماہ بعد انسٹاگرام کے ذریعہ سوشل میڈیا پر واپس ہوئے ہیں۔جہاں ان کے مداحوں کی بڑی تعداد ان کی واپسی کا خیر مقدم کررہی ہے۔
دراصل گزشتہ سال 2 اکتوبر کونارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) ممبئی کی جانب سے منشیات معاملہ میں کروز سے شاہ رخ خان کے فرزند آرین خان کی گرفتاری،آرتھرروڈ جیل منتقلی،عدالت کی جانب سے دو مرتبہ درخواست ضمانت کو مسترد کیے جانے اور پھر 30 اکتوبر کو بمبئی ہائی کورٹ کی جانب سے آرین خان کو مشروط ضمانت دئیے جانے کے بعد سے شاہ رخ خان میڈیا اور سوشل میڈیا سے دُور ہی تھے۔
شاہ رخ خان کو فرزند کی گرفتاری کے بعد اس وقت دیکھا گیا تھا جب وہ اپنی اہلیہ گؤری خان کے ساتھ اپنے فرزندآرین خان سے ملاقات کے لیے آرتھرروڈ جیل پہنچے تھے۔بعدازاں ہائی کورٹ سے ملی ضمانت کے بعد شاہ رخ خان اور گؤری خان کے فرزند آرین خان 30 اکتوبر 2021 کو جیل سے رہا ہوئے تھے۔آرین خان کے ساتھ ان کے دو دوست ارباز مرچنٹ اور مون مون دھمیچہ بھی گرفتار ہوئے تھے۔
انسٹاگرام پر شاہ رُخ خان ہمیشہ سرگرم رہا کرتے تھے انہوں نے انسٹاگرام پر 19 ستمبر 2021 کو اپنا آخری پوسٹ کیا تھا جو کہ گنیش چتورتھی کے موقع کی مناسبت سے تھا۔
کل 19 جنوری کو شاہ رخ خان نے انسٹاگرام کے اپنے مصدقہ اکاؤنٹ iamsrk@ پر ان کی جانب سے کیے گئے سونی ٹی وی کے اشتہار پرمشتمل ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں ان کی اہلیہ گؤری خان بھی موجود ہیں۔

انسٹاگرام پر شاہ رخ خان کے اس ویڈیو کو اب تک 19،45،199 انسٹاگرام صارفین نے دیکھا ہے جبکہ اس ویڈیو کو 6،53،502 صارفین نے لائیک کیا ہے اور 24،853 صارفین نے اس پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے انسٹاگرام پر دوبارہ واپسی پر شاہ رخ خان کو ویلکم کا پیغام دیا ہے۔

