وقارآباد ضلع کے تانڈور میں کوروناوائرس کی شدت میں مزید اضافہ، آج 19 جنوری کو مزید 139 افراد کورونا وائرس سے متاثر

وقارآباد ضلع کے تانڈور میں کورونا وائرس کی شدت میں مزید اضافہ
آج 19 جنوری کو مزید 139 افراد کورونا وائرس سے متاثر
جاریہ ماہ آ ج تک متاثرین کی جملہ تعداد 476 تک پہنچ گئی
پھر بھی عوام احتیاطی اقدامات کرنے تیار نہیں!!

وقارآباد/تانڈور: 19جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع بالخصوص حلقہ اسمبلی تانڈور جاریہ سال کے آغاز سے کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔اور دن بہ دن اس کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔

تانڈور جہاں گزشتہ دو سال سے جاری کورونا وائرس کی دونوں لہروں کے دؤران بہت کم افراد کورونا سے متاثر ہوئے تھے وہیں تشویشناک حد تک جاریہ سال کے آغاز سے تانڈور میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔

انچارج پی پی یونٹ گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈور ڈاکٹر بھاسکر نے بتایا کہ آج 19 جنوری بروز چہارشنبہ تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں 349 افراد کے نمونوں کی جانچ کی گئی تو ان میں سے 139 افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔

جاریہ ماہ جنوری کے آغاز سےآج یعنی 19 جنوری تک تانڈور میں جملہ 476 افراد کوروناوائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔افسوس کی بات یہ ہے کہ اس کے باوجود یہاں کے بینکس،بازاروں اور کاروباری اداروں میں عوام کا ہجوم ہنوز اس سے بے فکر نظر آرہاہے!!

جبکہ کل 18 جنوری کو تانڈور میں 91 افراد کی کوروناوائرس رپورٹ مثبت ٓآئی تھی۔

وہیں تانڈورکے گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں 12 جنوری کو 9 افراد،13 جنوری کو 22 افراد، 14 جنوری کو 26 افراد،16 جنوری کو 43 افراد اور 17 جنوری کو 60 افراد کوروناوائرس سے متاثر پائے گئے تھے۔

تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں حکومت کی ہدایت کے بعد مشتبہ افراد کے نمونوں کی جانچ میں اضافہ کے ساتھ کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جو کہ تشویشنا ک ہے۔

بشمول تانڈور ٹاؤن کے قریبی مقامات کے افراد بھی اپنا کوویڈ ٹسٹ کروانے کے لیے بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ رہے ہیں۔

ریاستی حکومت،محکمہ صحت کے ماہرین اور محکمہ پولیس کی جانب سے عوام کو احتیاطی اقدامات کی صلاح دئیے جانے اور محکمہ پولیس کی جانب ماسک نہ پہننے والوں پر چالانات عائد کیے جانے کے باؤجود عوام کوروناوائرس سے تو خوفزدہ ہیں لیکن احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کے موڈ میں نظر نہیں آرہے ہیں!۔

ڈاکٹرس اور محکمہ پولیس نے انتباہ دیا ہے کہ اگر متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا یہی سلسلہ جاری رہا تو پھر تانڈور میں کورونا متاثرین کی تعداد میں مزید اضافہ کا امکان ہے!۔

اس لیے عوام کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں،گھر سے نکلتے وقت ماسک لازمی طور پر پہنیں،انسانی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں۔ بناء کسی ضرورت مکانات سے باہر نہ نکلیں،عوامی مقامات اور ہجوم سے دور رہیں اورساتھ ہی سینی ٹائزر کا استعمال کریں۔

یہاں موجود ایک سرکاری بینک کے باہر آج لی گئی ایک تصویر میں جہاں رعیتو بندھو اسکیم کی رقم حاصل کرنے اور دیگر اغراض کے لیے سے کسانوں کا مجمع اور اس بینک کے کھاتہ داروں کے بنا انسانی فاصلہ کے جمع ہونے والے مجمع سے دیکھا جاسکتا ہے کہ عوام اور خود سرکاری عہدیدار کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کررہے ہیں؟

دوسری جانب تانڈور کے بازاروں،کاروباری اور تجارتی مقامات اور علاقوں میں حالات بالکل ایسے نظر آتے ہیں کہ کوویڈ وبا سے کوئی بھی خوفزدہ نہیں ہے!!