کلواکنٹلہ۔کویتا نے بحیثیت رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ اپنے عہدہ کا حلف لیا
حیدرآباد: 19۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
محترمہ کلواکنٹلہ کویتا نے آج بحیثیت رکن قانون ساز کونسل اپنے عہدہ کا حلف لیا۔محترمہ کے۔کویتا حالیہ انتخابات میں اضلاع نظام آباد اور کاماریڈی کے مجالس مقامی کے کوٹہ سے بلاء مقابلہ رکن قانون ساز کونسل منتخب ہوئی تھیں۔جن کے عہدہ کی معیاد 5 جنوری سے شروع ہوچکی ہے۔
آج صبح عبوری صدرنشین قانون ساز کونسل تلنگانہ جناب سید امین الحسن جعفری نے اپنے چیمبر میں محترمہ کلواکنٹلہ کویتا کو بحیثیت رکن قانون ساز کونسل حلف دلوایا۔
بعدازاں جناب سید امین الحسن جعفری اور ریاستی وزیر ویمولا پرشانت ریڈی نے محترمہ کے۔کویتا کو قانون ساز کونسل کے قواعد و ضوابط پر مشتمل کتاب اور شناختی کارڈ حوالے کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔

محترمہ کے۔کویتا کے ساتھ نومنتخب رکن قانون ساز کونسل کوچوکولا دامودر ریڈی کو بھی عبوری صدرنشین قانون ساز کونسل تلنگانہ جناب سید امین الحسن جعفری نے اپنے چیمبر میں بحیثیت رکن قانون ساز کونسل حلف دلوایا۔
اس موقع پر ریاستی وزیرداخلہ جناب محمدمحمود علی ،ریاستی وزیر محترمہ ستیہ وتی راتھوڑ کے بشمول ٹی آر ایس پارٹی کے ارکان پارلیمان،ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل موجود تھے۔
بحیثیت رکن قانون ساز کونسل حلف لینے کے بعد سابق رکن پارلیمان نظام آباد و ریاستی صدر تلنگانہ جاگرتی محترمہ کے۔کویتا نے ٹوئٹر پر حلف برداری کے موقع پر لیے گئے فوٹوز اور ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے اپنے والد و ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ سے ان کے انتخاب پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔
ساتھ ہی نومنتخب رکن قانون ساز کونسل محترمہ کے۔کویتا نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ نظام آباد و کاماریڈی کے مجالس مقامی کے نمائندوں سے بھی اظہار تشکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہیں دوبارہ اس عہدہ پر منتخب کیے جانے پر وہ ان کی شکر گزار ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال کے اواخر میں ریاست میں 12 قانون ساز کونسل کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔

