حیدرآباد ایرپورٹ سے شارجہ جانے والے مسافر کے قبضہ سے
33.49 لاکھ روپئے مالیتی سعودی ریال ضبط
حیدرآباد : 04۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ(شمس آباد ایرپورٹ) پر محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے حیدرآباد سے شارجہ جانے والے ایک مسافر کے قبضہ سے سعودی عرب کے ریال ضبط کیے ہیں۔
کسٹمس عہدیداروں کےمطابق کل 3 جنوری کوحیدرآباد سے G9-767,FC فلائٹ کے ذریعہ شارجہ جارہے ایک مسافر کی تلاشی کے بعد اس کے قبضہ سے اسمگل کیے جانے والے سعودی عرب کےریال ضبط کرلیے گئے۔جن کی مالیت 33 لاکھ 49 ہزار روپئے ہے۔
ان سعودی عرب کے ریالوں کو ایک ٹرالی بیاگ کے نچلے اور دوسرے حصوں میں باقاعدہ اسمگلنگ کی غرض سے پیاک کرکے چھپایا گیا تھا۔اس مسافر کے خلاف ایک کیس درج کرتے ہوئے تحویل میں لے کر تحقیقات کی جارہی ہیں۔
جبکہ 31 ڈسمبر کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ(شمس آباد ایرپورٹ) پر محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے شارجہ سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے 234.5 گرام سونا ضبط کرلیاتھا جس کی مالیت 11 لاکھ 54 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔
یاد رہے کہ 22 ڈسمبر کی صبح حیدرآباد سے انڈیگو کی فلائٹ 6E 1405 کے ذریعہ شارجہ جارہے ایک مسافر کی تلاشی کے بعد اس کے قبضہ سے حیدرآباد ایرپورٹ کے کسٹمس عہدیداروں نے اس مسافر کے قبضہ سے 25,000 سعودی عرب کے ریال اور 22,500 متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے درہم ضبط کرتے ہوئے تحویل میں لیا تھا۔محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے اس وقت بتایا تھا کہ اس بیرون ممالک کی ضبط شدہ کرنسی کی مالیت ہندوستانی کرنسی میں جملہ مالیت 8,00,795 روپئے ہے۔
اسی طرح محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے 27 ڈسمبر کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر دُبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے ایک کلو 19 گرام سونا ضبط کرلیا تھا جس کی مالیت 59 لاکھ 23 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔
اور پھر 27 ڈسمبر کو ہی حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر دُبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے دونوں مسافرین کے قبضہ سے اسمگل کیا جانے والا 412 گرام سونا ضبط کیا گیا تھا جس کی مالیت 20 لاکھ 49 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔یہ سونا مقناطیسی بریسلیٹ اور بچوں کے کپڑوں کے بٹنس میں چھپاکر لایا گیا تھا۔
کسٹمس عہدیداروں کی چوکسی کے باعث ایرپورٹ پر مسافرین کے قبضے سے سونا،بیرون ممالک کی کرنسی اور دیگر اشیاء کی ضبطی کا سلسلہ جاری ہے۔اور حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پر ہر دوسرے تیسرے دن ایسی اطلاعات عام ہوگئی ہیں۔

