حیدرآباد کی ایک سینما تھیٹر میں آگ بھڑک اٹھی،مکمل تھیٹر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل

حیدرآباد کی ایک سینما تھیٹر میں آگ بھڑک اٹھی
مکمل تھیٹر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل،دو کروڑ کا نقصان
چار فائر انجنوں کے ذریعہ گھنٹوں کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا

حیدرآباد: 03۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد میں ایک مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں ایک سینما تھیٹر جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔
کوکٹ پلی کی کے پی ایچ بی کالونی کے قریب آج پیر کی صبح کی اولین ساعتوں میں تین بجے پیش آئے اس واقعہ میں شیوا پاروتی تھیٹر مکمل طور پر آگ کی نذر ہوگئی۔

آگ لگنے کی اطلاع کے فوری بعد فائر سرویس کے چار فائر انجن جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد اس آگ پر قابو پالیا گیا۔آگ اتنی بھیانک تھی کہ دیکھتے دیکھتے یہ سینما تھیٹر مکمل طور پر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔

بتایا جارہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے باعث یہ حادثہ پیش آیا ہے۔جس میں زائد از دو کروڑ روپئے کی مختلف اشیا آگ کی نذر ہوگئیں۔

آگ سے تباہ اس شیوا پاروتی تھیٹر میں شیام سنگارائی فلم کی نمائش کی جارہی تھی۔اور حسب معمول اتوار کی رات سیکنڈ شو کے اختتام کے بعد عملہ اور ملازمین اس سینما تھیٹر کو مقفل کرکے روانہ ہوئے تھے۔اس سلسلہ میں کوکٹ پلی پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے اس واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔

خوش قسمتی سے فلم کی نمائش کے دؤران یہ حادثہ پیش نہیں آیا ہے۔آگ لگنے کے باعث شیوا پاروتی سینما تھیٹر کی تمام کرسیاں،سینما کا پردہ مکمل طور پر خاکستر ہوگئے اور آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آگ کی لپٹوں سے اس سینما تھیٹر کی چھت تک گرپڑی۔  


"سینما تھیٹر میں لگی مہیب آگ کا ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے : (بشکریہ TVN99 URDU) "

https://youtu.be/Wwxm1x95V_s