مغربی بنگال میں نائٹ کرفیو کا نفاذ
کل 3 جنوری سے تمام تعلیمی ادارے بند
سرکاری اور خانگی دفاتر میں 50 فیصد حاضری کا لزوم،مختلف پابندیاں
کولکاتا: 02۔(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
کورونا وبا اور اومیکرون کے بڑھتے تشویشناک معاملات کے پیش نظر مغربی بنگال حکومت کی جانب سے ریاست میں آج اتوار کے دن سے چندسخت کوویڈ پابندیاں دوبارہ عائد کی جارہی ہیں۔ریاست میں تمام اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سرکاری اور خانگی دفاتر میں عملہ کی حاضری کو 50 فیصد تک محدود کیا جارہا ہے۔

وہیں دہلی،ہریانہ،اتر پردیش،گجرات،کرناٹک،مدھیہ پردیش اور دیگر ریاستوں کی طرز پر بنگال میں بھی نائٹ کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے اب مغربی بنگال میں بھی رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نائٹ کرفیو کا حکم دیا گیا ہے۔جس کے دؤران صرف ضروری اور ہنگامی خدمات کی اجازت ہوگی۔
مغربی بنگال میں کل 3 جنوری 2022، بروز پیر سے تمام اسکول،کالج اور یونیورسٹیاں بند رہیں گی۔اور ساتھ ہی سوئمنگ پول،جم،اسپاس،بیوٹی سیلون اور دیگر مراکز بند رہیں گے۔
مغربی بنگال کے چیف سکریٹری ایچ کے دویدی نے کہا کہ سرکاری اور نجی دفاتر 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کر سکتے ہیں،تمام انتظامی میٹنگیں عملی طور پر منعقد کی جائیں گی۔گھر سے کام کرنے کی حتی الامکان حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
کولکتہ میٹرو خدمات میں بھی 50 فیصد مسافرین کے سفر کی گنجائش پر رکھی جائے گی۔
لوکل ٹرینیں صرف شام 7 بجے تک چل سکیں گی تاہم لمبی دوری کی ٹرینیں حسب معمول چلیں گی۔
ریاست میں سنیما ہال،ریستوراں اور بار 50 فیصد گاہکوں کے ساتھ رات 10 بجے تک خدمات انجام دے سکتے ہیں۔
شاپنگ مالز 10 بجے صبح سے شام 5 بجے تک کھلے رکھے جا سکتے ہیں لیکن ہجوم 50 فیصد ہونا چاہیے۔
اسی طرح شادی بیاہ اور دیگر سماجی،مذہبی اور ثقافتی تقریبات و اجتماعات میں 50 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔
جبکہ جنازوں یا تدفین کے جلوس و اجتماعات میں صرف 20 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔
ریاست میں کل ہفتہ کے دن کورونا وائرس کے 4,512 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔اس طرح ریاست میں اب جملہ 13,300 کوویڈ کے ایکٹیو کیس ہیں۔جو مہاراشٹرا اور کیرالہ کے بعد ملک میں تیسرے نمبر پر آتا ہے۔
وہیں مغربی بنگال میں بھی کورونا وائرس کی دوسری شکل متعدی امیکرون Omicron# کے 20 کیس درج ہوئے ہیں جس کا ملک اور دنیا کے مختلف ممالک میں تیزی کے ساتھ پھیلاؤ ہورہا ہے۔

