حیدرآباد کے مضافات میں ایک کالج کے 25طلبہ کورونا وائرس سے متاثر،عہدیدار چوکس

حیدرآباد کے مضافات میں ایک کالج کے 25 طلبہ کورونا وائرس سے متاثر،عہدیدار چوکس

حیدرآباد: 28۔ڈسمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)

زائد از دو سال سے کورونا وبا سے عوام پریشان ہیں تاہم چند ماہ سے اس وبا میں کمی کے باعث عام زندگی بحال ہورہی تھی اور عوام خوش تھے کہ وبا سے چھٹکارا حاصل ہورہا ہے۔ملک اور ریاست تلنگانہ میں تشویشناک طور پر کوروناوائرس کی شدت میں دوبارہ اضافہ شروع ہوگیاہے۔

کورونا وبا سے ابھی مکمل طور پر باہر نہیں نکل پائے تھے کہ کورونا وائرس کی دوسری شکل اومیکرون کا آغاز ہوگیا۔اس کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

حیدرآباد کے مضافاتی ضلع رنگاریڈی کے نارسنگی میں کورونا وائرس عوام کو خوفزدہ کیے ہوئے ہے جہاں آج ایک کالج کے 25 طلبہ کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔اس اطلاع کے بعد علاقہ میں مزید خوف پھیل گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دو دنوں سے شدید سردی اور بخار سے متاثر ان 25 طلبہ کے نمونوں کی جانچ کی گئی۔

محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ نمونوں کی جانچ کے بعد اس کالج کے 25 طلبہ کی رپورٹ ” کورونا پازیٹیو ” آئی ہے۔جس کے بعد عہدیدار چوکس ہوگئے ہیں اور کالج کو سینی ٹائز کیا جارہا ہے۔ایک ہی کالج میں اتنی بڑی تعداد میں طلبہ کے ایک ساتھ کورونا وائرس سے متاثر ہونے پر تشویش کی لہر پیدا ہوگئی ہے وہیں ان طلبہ کے والدین بھی پریشان ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ مہاراشٹرا کے پونے میں موجود ایک انجنئرنگ کالج میں بھی کل 13 طلبہ کوروناوائرس سے متاثر پائے گئے تھے جہاں 25 طلبہ میں کوروناوائرس کی علامات نظر آنے پر ان کے نمونوں کی جانچ کی گئی تھی جن میں سے 13 طلبہ کی رپورٹ پازیٹیو آئی تھی۔کورونا وائرس سے متاثر یہ طلبہ اس انجنئرنگ کالج کے سال آخر میں زیر تعلیم ہیں۔

کالج انتظامیہ نے کہا کہ جن متاثرہ طلبہ میں زیادہ علامات نہیں ہیں انہیں ان کے مکانات میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ پہلے ایک طالب علم کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا بعدازاں اس کے رابطہ میں آنے والے 13 طلبہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ مزید 4 طلبہ کی رپورٹ کا انتظار ہے۔