حیدرآباد ایرپورٹ پر دُبئی سے آنیوالے مسافرکے قبضہ سے
59 لاکھ روپئے مالیتی ایک کلو 19 گرام سونا ضبط،کیس درج
حیدرآباد: 27۔ڈسمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آباد ایرپورٹ) پرکسٹم عہدیداروں کی چوکسی کے باعث غیرممالک سے آنے والے مسافرین کے قبضہ سے بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا سونا،بیرون ممالک کی کرنسی اور دیگر ممنوعہ اشیا کی ضبطی کی اطلاعات اب عام ہوکر رہ گئی ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے!!
محکمہ کسٹم کے عہدیداروں کے مطابق آج 27 ڈسمبر کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر فلائٹ نمبر 6E-25کے ذریعہ دُبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے ایک کلو 19 گرام سونا ضبط کرلیا گیاہے۔جس کی مالیت 59 لاکھ 23 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔
کسٹم عہدیداروں کے مطابق اسمگل کیے جانے والے اس سونا کو پیسٹ کی شکل میں چھپاکر لایا گیا تھا۔بعدازاں اس مسافر کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحویل میں لے لیا گیا۔
یاد رہے کہ 22 ڈسمبر کی صبح حیدرآباد سے انڈیگو کی فلائٹ 6E 1405 کے ذریعہ شارجہ جارہے ایک مسافر کی تلاشی کے بعد اس کے قبضہ سے حیدرآباد ایرپورٹ کے کسٹم عہدیداروں نے اسمگل کیے جانے والے 25,000سعودی عرب کے ریال اور22,500 متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے درہم ضبط کرتے ہوئے اس مسافر کو تحویل میں لیتے ہوئے ایک کیس درج کیا گیا تھا۔محکمہ کسٹم کے عہدیداروں نے بتایا تھا کہ اس بیرون ممالک کی ضبط شدہ کرنسی کی ہندوستانی کرنسی میں جملہ مالیت 8,00,795 روپئے ہے۔
وہیں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر محکمہ کسٹم عہدیداروں نے 18 ڈسمبر کو دُبئی سے فلائٹ نمبر FZ 439کے ذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے 244.150 گرام سونا ضبط کیا تھا۔جسے اس مسافر نے اپنے لگیج میں چھپاکر لایا تھا۔حیدرآباد ایرپورٹ کےکسٹم عہدیداروں نے اس ضبط شدہ سونا کی قیمت 12.04 لاکھ روپئے بتائی تھی۔اس مسافر کے خلاف بھی ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔

