شادی شدہ خاتون نے اپنے عاشق کے چہرہ پر ایسڈ پھینک کر چاقو سے زخمی کردیا،حملہ کے فوری بعد نیند کی گولیاں کھاکر خودکشی کی کوشش

شادی شدہ خاتون نے اپنے عاشق کے چہرہ پر ایسڈ پھینک کر چاقو سے زخمی کردیا
حملہ کے فوری بعد نیند کی گولیاں کھاکر خودکشی کی کوشش،دونوں کی شکایت پر کیس درج

کوئمبتور: 06۔ڈسمبر (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

تمل ناڈو کے کوئمبتور میں شادی شدہ اور ایک لڑکی کی ماں نے دن دہاڑے اپنے عاشق پر ایسڈ پھینک کر چاقو سے زخمی کردیا اور پھر اس کے فوری بعد خودکشی کرنے کی غرض سے اپنے ساتھ لائی ہوئیں نیند کی گولیاں کھاگئی،کوئمبتور میں اس واقعہ نے سنسنی پھیلادی ہے۔

دبئی کے ایک مساج سنٹر میں ایک ساتھ دو سال تک ملازمت کے دؤران شادی کا وعدہ کرتے ہوئے کسی اور لڑکی سے شادی کرلینے پر انتہائی برہم اس خاتون نے اپنے عاشق کو بات کرنے کے بہانے طلب کرتے ہوئے یہ اقدام کیا۔

اس خاتون کی شدید برہمی اور غصہ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اپنے عاشق کے چہرہ پر ایسڈ پھینک کرجھلسادینے کے بعد بھی اس نے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اسے شدید زخمی کردیا۔

اس واقعہ کے بعد مقامی افراد نے پولیس کو طلب کیا۔پولیس جائے مقام پر پہنچ کر ان دونوں کو کوئمبتور میڈیکل اسکول اینڈ ہاسپٹل منتقل کردیا۔ 

کوئمبتور میڈیکل اسکول اینڈ ہاسپٹل جہاں راکیش اور جینتی کو شریک کروایا گیا۔

اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق ریاست کیرالا کے ترواننتاپورم ضلع کے کوڑی پورم کے ساکن راکیش (30سالہ)نے تین سال تک دبئی کے ایک مساج سنٹر میں ملازمت کی تھی۔اس کے ساتھ تمل ناڈو کے ضلع کے منیم بکم،تری وللور روڈ  کی ساکن پی۔جینتی (27 سالہ) بھی دبئی کے اسی مساج سنٹر میں ملازمت کرتی ہے۔

پی۔جینتی جو کہ پہلے سے ہی شادی شدہ اور ایک لڑکی کی ماں ہے تاہم وہ اپنے شوہر سے علحدگی اختیار کرتے ہوئے دبئی روانہ ہوگئی اور وہاں مساج سنٹر میں ملازمت اختیار کرلی۔

دبئی میں ایک ہی مساج سنٹر میں ملازمت کے دؤران راکیش اور جینتی میں دوستی ہوگئی جو بعد میں پیار میں بدل گئی اور ان دونوں نے دبئی میں ایک ساتھ بھی رہے تھے۔

اسی دؤران راکیش نے جینتی کو بتایا کہ اس کی بہن کی شادی ہے اور اسے کیرالا جانا ہے اور وہ جولائی میں کیرالا واپس ہوا چند دنوں بعد جینتی دبئی سے چنئی واپس ہوئی۔

تین ماہ قبل راکیش نے جینتی کو بناء بتائے دوسری لڑکی سے اپنی شادی کرلی۔جمعرات کو راکیش نے جینتی کو واٹس ایپ پر پیغام روانہ کیا کہ وہ جمعہ کو پیلا میڈو میں اس سے ملاقات کرے۔جمعہ کے دن ساڑھے گیارہ بجے راکیش اور جینتی کونڈومینیم میں ملاقات کی۔جہاں جینتی نے راکیش سے اپیل کی کہ وہ اس سے شادی کرلے تاہم راکیش نے انکار کردیا۔بتایا جاتا ہے کہ جینتی کو راکیش کی شادی کی اطلاع پہلے ہی مل چکی تھی۔

راکیش کی شادی اور اس کے ساتھ دھوکہ دہی پر جینتی اور راکیش میں بحث کے دؤران جینتی نے اپنے ساتھ بیاگ میں رکھ کر لائی ہوئی ایسڈ کی بوتل کو راکیش کے چہرہ پر انڈیل دیا اور پھر چاقو سے اس کے ہاتھ اور انگلیوں کو زخمی کرنے کے بعد خودکشی کی غرض سے جینتی اپنے ساتھ بڑی مقدار میں لائی ہوئیں نیند کی گولیاں کھاگئی۔

ان دونوں کو اس حالت میں پڑا ہوا دیکھ کر مقامی افراد اور چوکیدار نے پولیس کو اطلاع دی تو پولیس نے جائے مقام پر پہنچ کر راکیش اور جینتی کو کوئمبتور میڈیکل اسکول اینڈ ہاسپٹل منتقل کیا۔

راکیش کی شکایت پر پیلامیڈو پولیس نے جینتی کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعات 323،324 اور 326A کے تحت ایک کیس درج رجسٹر کرلیا۔جبکہ جینتی کی اس شکایت پر کہ راکیش نے اسے دھوکہ دہی کے ذریعہ شکار بناتے ہوئے اس سے 18 لاکھ روپئے حاصل کیے ہیں راکیش کے خلاف بھی ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات میں مصروف ہے۔

یاد رہے کہ 22 نومبر کو کیرالا میں بھی اسی طرز کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔جہاں ایک 35 سالہ شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں شیبا جو کہ  ترواننتا پورم ضلع میں ہوم نرس کی خدمات انجام دیتی ہے نے شادی کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے ایک سوشل میڈیا کے دوست اور نوجوان عاشق ارون 27 سالہ پر اس وقت ایرومپوپلم کے سینٹ انتھونی چرچ کے باہر ایسڈ پر پھینک کر اس کی ایک آنکھ کی بینائی ضائع کردی تھی جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ بات چیت میں مصروف تھا۔ارون کی چند دنوں میں کسی اور لڑکی سے شادی ہونے والی تھی۔اس واقعہ کے بعد اڈیملی پولیس نے شیبا کو گرفتار کرلیا تھا۔

” اس واقعہ کا ویڈیو اور تفصیلات اس لنک کو کلک کرکے پڑھا جاسکتا ہے۔”   

سوشل میڈیا کا پیار! دوبچوں کی ماں نے شادی سے انکار پر نوجوان پر ایسڈ سے حملہ کردیا، نوجوان بینائی سے محروم