ساوتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں 90 فیصد ایکسپریس اور 70 فیصدپاسنجر ٹرینوں کی خدمات بحال: جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے

ساوتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں 90 فیصد ایکسپریس اور 70 فیصد پاسنجر ٹرینوں کی خدمات بحال
تانڈور ریلوے اسٹیشن میں دو لِفٹ نصب کی جائیں گی،ریلوے گیٹ پر بریج کی تعمیر کے لیے نمائندگی
جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے گجانن مالیہ کا دؤرہ تانڈور، پریس کانفرنس سے خطاب

وقارآباد/تانڈور:27۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر گجانن مالیہ کل شام وقارآباد ضلع کے تانڈور ریلوے اسٹیشن کی سالانہ تنقیح کی غرض سے خصوصی ٹرین کے ذریعہ تانڈور  پہنچے۔

اس موقع پر مسٹر گجانن مالیہ نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کوروناوائرس کی پہلی اور دوسری لہر کے دؤران ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے مسافرین کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وباء کے بعد ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں 90 فیصد ایکسپریس ٹرینوں کی اور 70 فیصد پاسنجر ٹرینوں کی خدمات بحال کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسافرین اور منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے مکمل ٹرینوں کی بحالی کے لئے نمائندگیاں موصول ہورہی ہیں جس پر غور کیا جارہا ہے۔جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹرگجانن مالیہ نے کہا کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں موجود ریلوے کے عہدیداروں اور ملازمین کو مزید بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ تانڈور ریلوے اسٹیشن میں مسافرین کی سہولت کی غرض دو لفٹ نصب کئے جائیں گے جس کے لیے منظوری دے دی گئی ہے۔

قبل ازیں جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹرگجانن مالیہ نے تانڈور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارمس اور مسافرین کے لئے دستیاب سہولتوں،ریلوے عہدیداروں کی خدمات کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ تانڈور ریلوے اسٹیشن کی خدمات قابل ستائش ہیں اور مسافرین کو بہترین خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹرگجانن مالیہ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ انسانی یا تیکنیکی غلطی سے ایک ہی ٹریک پر آجانے والی دو ٹرینوں کے درمیان حادثات کو روکنے کی غرض سے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی قیادت میں ملک میں پہلی مرتبہ کیے جارہے”ٹی۔کاس”(ٹرین کولیزن اوائیڈنگ سسٹم) کا تجربہ آخری مراحل میں ہے اور یہ تجربہ آئندہ سال ماہ مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں سکندرآباد،وقارآباد،پرلی، پربھنی،سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے درمیان یہ تجربہ جملہ 1200 کلومیٹر کے فاصلہ پرکیا جارہا ہے۔اس کے بعد پورے ملک کی ٹرینوں میں اس ٹی۔کاس آلہ کی تنصیب عمل میں لائے جانے کا امکان ہے۔

(یاد رہے کہ چار سال قبل اس ٹی۔کاس آلہ کا سب سے پہلا تجربہ ضلع وقارآباد کے تانڈور کے ناوندگی ریلوے اسٹیشن پر کئی ماہ تک کیا گیا تھا جس کی کامیابی کے بعد اس کا تجربہ دیگر مقامات پر کیا جارہا ہے)۔

بعدازاں جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹرگجانن مالیہ نے کل یوم دستورکے موقع پر تانڈور کے ریلوے اسٹیشن میں ریلوے ملازمین کے ساتھ دستوری عہد کی تجدید کی۔

مسٹر گجانن مالیہ نے بعدازاں تانڈور کی ریلوے کالونی میں بچوں کے ساتھ مل کر ریلوے پارک کا افتتاح انجام دیا۔جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر گجانن مالیہ نے تانڈور ریلوے اسٹیشن کے مختلف شعبوں اور ریلوے ٹریک کا بھی تفصیلی مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر صدرمسلم مائنارٹی ایجوکیشن ڈیولپمنٹ ویلفیئرسوسائٹی تانڈور سید مجیب حسینی،نائب صدرسلیم خان،جنرل سیکریٹری محمد اسمٰعیل نے جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کی اور مطالبہ کیا کہ قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر انڈر گراؤنڈ یا فلائی اوور بریج کی تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ برسوں سے مشکلات کا شکار قدیم تانڈور کے عوام کا مسئلہ حل ہو۔

اسی طرح تانڈور ریلوے اسٹیشن کے ریلوے پلیٹ فارم نمبر دو اور تین پر بھی ٹکٹ کاؤنٹر قائم کرنے کے لیے نمائندگی کی گئی تاکہ قدیم تانڈور کی جانب سے آنے والے مسافرین کو سہولت حاصل ہو۔

جبکہ جناستہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے نمائندوں سید افسر،تمباکوشیکھر،اگنور جگدیشوراور کوروار رمیش نے بھی جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹرگجانن مالیہ سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ پدماوتی ایکسپریس،غریب رتھ ایکسپریس، بھوبنیشور ایکسپریس اور گورکھپور ایکسپریس کو تانڈور ریلوے اسٹیشن پر توقف دیا جائے۔اور ساتھ ہی سکندرآباد۔چیتاپور پاسنجر ٹرین کو حیدرآباد سے چلایا جائے اور اس پاسنجر ٹرین کو گلبرگہ تک توسیع دی جائے۔

انہوں نے جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے سے یہ شکایت بھی کہ رات کے اؤقات ٹرینوں کی آمد و رفت کے دؤران اور بعد میں تانڈور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارمس کی رؤشنی بند کردی جاتی ہے جس سے پلیٹ فارمس پر غیر اخلاقی سرگرمیوں سے مسافرین کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔لہذا پلیٹ فارمس پر رات کے اؤقات میں رؤشنی کا نظم جاری رکھا جائے۔

جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹرگجانن مالیہ کے دور تانڈور کے موقع پر ان کے ساتھ ڈویثرنل ریلوے مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے اجئے گپتا،ریلوے عہدیدار لکشمی نارائنا ،پانڈو، بسواراج کے علاوہ محکمہ ریلوے کے دیگر عہدیداربھی موجود تھے۔

دوسری جانب جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹرگجانن مالیہ کے دؤرہ تانڈور سے قبل تانڈور ریلوے اسٹیشن کی تزئین نو کے ذریعہ رنگ وروغن کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کی عمارت اور پلیٹ فارمس کو خوبصورت بنایا گیا ہے۔جہاں انگریزی، ہندی اور تلگو کے ساتھ ساتھ اردو کے دیدہ زیب سائن بورڈس نصب کیے گئے ہیں۔