فیس بک کے ذریعہ دوستی،محبت اور شادی کے نام پرحیدرآباد کے سافٹ ویئرانجینئرکو ایک کروڑ روپئے کا دھوکہ دینے والا جوڑا گنٹور سے گرفتار

فیس بک کے ذریعہ دوستی،محبت اور شادی کے نام پر
حیدرآباد کے سافٹ ویئرانجینئر کو ایک کروڑ روپئے کا دھوکہ دینے والے جوڑے کو
حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے گنٹور سے گرفتارکرلیا

حیدرآباد: 24۔نومبر(سحر نیوزڈاٹ کام)

  سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس دوستی،عشق اور محبت کے نام پر دھوکہ دہی اور لوٹ کھسوٹ کے اڈے بنتے جارہے ہیں۔جہاں مختلف طریقوں سے بھولے بھالے صارفین کو اعتماد میں لے کر انہیں بلیک میل کرتے ہوئے بھاری رقم وصولی جارہی ہے۔

وہیں پڑھا لکھا طبقہ بھی ان دھوکہ بازوں پر یقین کرکے اپنی رقم اور ذہنی سکون سے محروم ہوتا جارہا ہے۔آئے دن ایسی خبریں بہت عام ہوگئی ہیں لیکن پھر بھی سوشل میڈیا صارفین احتیاط کرنے کے موڈ میں نظر نہیں آرہے ہیں!!

         دو دن قبل ہی کیرالا کی ایک شادی شدہ دو بچوں کی ماں نے ایک نوجوان سے سوشل میڈیا کے ذریعہ دوستی کی اور پھر اس کو شادی کرنے کے لیے ہراساں کرتے ہوئے اس نوجوان سے ایک لاکھ روپئے بھی حاصل کیے۔جب اس خاتون کو معلوم ہوا کہ نوجوان کی کسی ایک اور لڑکی سے شادی طئے ہوئی ہے تو اس خاتون نے نوجوان کے چہرے پر تیزاب انڈیل دیا جس سے اس کی آنکھوں کی بینائی ختم ہوگئی۔

(سوشل میڈیا پر مختلف طریقوں سے دئیے جانے والے دھوکوں پر سحرنیوز ڈاٹ کام لگاتار اپنے قارئین کو واقف کروارہا ہے چند مضامین کے لنکس نیچے دئیے جارہے ہیں انہیں کلک کرکے پڑھا جاسکتا ہے اور اس معاملہ میں احتیاط برتی جاسکتی ہے)

         سوشل میڈیا کے مشہور پلیٹ فارم فیس بک کے ذریعہ ایک شادی شدہ جوڑے کی جانب سے حیدرآباد کے ساکن ایک سافٹ ویئرانجینئرکو ایک کروڑ روپئے کا دھوکہ دینے کا معاملہ سامنے آیا ہے اور حیدرآباد کرائم پولیس نے اس دھوکہ باز جوڑے کو آندھرا پردیش کے گنٹور سے گرفتارکرلیا ہے۔

       اس واقعہ کی تفصیلات حیدرآبا د سائبر کرائم پولیس کے مطابق سکندرآباد میں مقیم ایک سافٹ ویئرانجینئر کی فیس بک پر جیوتی ،کلیانہ شری اور داسو نام کی آئی ڈیز کے ذریعہ دوستی اور پہچان ہوئی تھی۔دیڑھ سال میں یہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی اور شادی کے لیے عہد و پیماں بھی ہوئے۔

        اسی دؤران خرچ اور قرض کے نام پر وقفہ ووقفہ سے اس سافٹ ویئرانجینئرسے ایک کروڑ روپئے حاصل کیے گئے۔سافٹ ویئر انجینئر کو جب پختہ شبہ ہوا کہ اس کو دوستی،عشق،محبت اور شادی کے نام پر دھوکہ دیا گیا ہے تو اس نے سائبرکرائم پولیس حیدرآباد سے رجوع ہوکر شکایت درج کروائی۔

        حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے اس شکایت پر ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کے ذریعہ ان دھوکہ بازوں کا پتہ چلایا بعدازاں آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور کے ستے نا پلی پہنچ کر حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے حیدرآبا د منتقل کیا۔

اس دھوکہ باز جوڑے کی گرفتاری کے بعد انہوں نے سائبر کرائم پولیس کو بتایا کہ اس جوڑے کا شکار 40 سالہ سافٹ ویئرانجینئر غیرشادی شدہ ہے۔اسی دؤران انہوں نے فیس بک پر ایراگڈلا داسو۔کلیانہ شری کے نام سے دھوکہ دہی کے ذریعہ پیسہ کمانے کی غرض سے فیس بک آئی ڈی بنائی۔

اور پیارمحبت کے نام پر اس سافٹ ویئرانجینئر کو صرف چاٹنگ تک ہی محدود کیا گیا کہ فون کال پر بات کرنا اس کے لیے ممکن نہیں ہے۔اور یہ ظاہر کیا گیا کہ وہ وجئے واڑہ میں رہتی ہے اور ایک عزت دار گھرانے سے اس کا تعلق ہے۔اسی دؤران سافٹ ویئرانجینئرنے اس سے کہا کہ وہ اس سے محبت کرتا ہے اور اس کے ساتھ شادی کرنا چاہتا ہے تو اس نے مدھوسدھن نامی شخص سے شادی کے معاملہ میں بات کرنے کے لیے اس کا موبائل نمبر دیا۔

سائبر کرائم پولیس کے مطابق مدھوسدھن کا کردار بھی اسی داسو نے نبھایا تھا۔

اس طرح اس ایراگڈلا داسو۔کلیانہ شری جوڑے نے مختلف بہانوں،ضرورتوں اور قرض کے نام پر جون2020ء سے اکتوبر 2021 ء تک ان 17 ماہ کے دؤران سکندرآباد کے ساکن اس سافٹ ویئرانجینئر کے پاس سے ایک کروڑ روپئے حاصل کرلیے۔

سائبر کرائم پولیس کے مطابق دھوکہ باز داسو کرشنا ضلع کے نو زیویڈ Nuzvid سے ٹریپل آئی ٹی کی تکمیل کرنے کے بعد ایک سافٹ ویئر کمپنی میں ملازمت بھی کرچکاہے۔

 

اپنے نوجوان لڑکوں اور خود کو سوشل میڈیا کے بلیک میلرس سے محفوظ رکھیں،فحش ویڈیو کالس کے ذریعہ بلیک میلنگ زوروں پر

سوشل میڈیا کا پیار! دوبچوں کی ماں نے شادی سے انکار پر نوجوان پر ایسڈ سے حملہ کردیا، نوجوان بینائی سے محروم