حیدرآباد کےشمس آباد ایرپورٹ پر بشمول تین خواتین چار مسافرین کے قبضہ سے
جملہ 37.5 لاکھ روپئے مالیتی سونا،درہم،امریکی کرنسی اور آئی فونس ضبط
حیدرآباد: 22۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کا راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ گزشتہ چند ماہ سے مختلف اشیا کی اسمگلنگ کے معاملہ میں سرخیوں میں ہے۔
ہر دوسرے دن اس ایرپورٹ پر کسٹم عہدیداروں کی جانب سے اسمگلنگ کی جارہیں منشیات،سونا کے علاوہ غیر ممالک کی کرنسی کی ضبطی کی اطلاعات معمول بن کر رہ گئی ہیں۔
اسی دؤران آج حیدرآباد کے اس شمس آباد ایرپورٹ پر کسٹم عہدیداروں نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین خاتون مسافرین جو کہ شارجہ اور دوبئی سے جبکہ ایک مرد مسافر جوکہ شارجہ سے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے تھے کہ قبضہ سے جملہ 37 لاکھ 50 ہزار روپئے مالیتی غیرملکی کرنسی،سونا اور آئی فونس ضبط کرتے ہوئے اپنی تحویل میں لے کر تفتیش میں مصروف ہیں۔
کسٹم عہدیداروں کی اطلاع کے مطابق شارجہ سے ایر عربیہ کی فلائٹ نمبرG9459 کے ذریعہ حیدرآباد پہنچیں دو خاتون مسافرین کے قبضہ سے 55.000 متحدہ عرب اماارت کے درہم اور 970 امریکی ڈالرس ضبط کیے گئے جن کی مالیت 11 لاکھ 49 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔
جبکہ حیدرآباد کے اسی ایرپورٹ پرکسٹم عہدیداروں نے ایک خاتون مسافر کے قبضہ سے 350 گرام سونا ضبط کرلیا یہ خاتون دوبئی سے انڈیگو کی فلائٹ نمبر 6EO25 کے ذریعہ حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچی تھیں۔اس خاتون کے قبضہ سے ضبط کیے گئے سونا کی قیمت 17 لاکھ 69 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔
اسی طرح آج ہی شمس آباد ایرپورٹ پر کی گئی کارروائی میں کسٹم کے عہدیداروں نے آئی فونس کی اسمگلنگ میں مصروف ایک شخص کے قبضہ سے 9 آئی فون 13Pro ضبط کرلیے ہیں۔جن کی مالیت 8 لاکھ 37 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔یہ مسافر G9 458 نمبر کی فلائٹ سے شارجہ سے حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچاتھا۔
کسٹم عہدیداروں کی جانب سے مذکورہ بالا تینوں خواتین اور اس ایک شخص کو اپنی تحویل میں لے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔
RajivGandhiInternationalAirport #HyderabadCustoms#

