گستاخِ رسولﷺ و ملعون وسیم رضوی کے خلاف مجلس اتحادالمسلمین تانڈور کی پولیس میں شکایت

گستاخِ رسولﷺ و ملعون وسیم رضوی کے خلاف مجلس اتحادالمسلمین تانڈور کی پولیس میں شکایت
ڈی ایس پی کو شکایت حوالے،کیس درج کرتے ہوئے گرفتار کرنے صدرمجلس عبدالہادی شہری کا مطالبہ

وقارآباد/تانڈور:18۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی کی ہدایت پر صدرمجلس اتحاد المسلمین تانڈور ضلع وقارآباد عبدالہادی شہری کی قیادت میں آج مقامی مجلسی ارکان بلدیہ اور قائدین پرمشتمل ایک وفد نے ڈی ایس پی تانڈور لکشمی نارائنا سے ملاقات کرتے انہیں گستاخ رسولﷺ  و سابق صدر شیعہ وقف بورڈ اترپردیش ملعون وسیم رضوی کے خلاف ایک تحریری شکایت حوالے کی۔

اور ڈی ایس پی کو واقف کروایا گیا کہ گستاخ رسولﷺ وسیم رضوی نے ایک کتاب تحریر کرتے ہوئے اس کتاب میں پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے خلاف انتہائی نازیبا، ناقابل برداشت اور جھوٹ پرمشتمل الفاظ کا استعمال کیا ہے۔جس سے دنیا کے کروڑہا مسلمانوں کی دلآزاری ہوئی ہے اور یہ کتاب مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔

ڈی ایس پی تانڈور لکشمی نارائنا سے صدر مجلس اتحادالمسلمین تانڈور عبدالہادی شہری نے مطالبہ کیا کہ ملعون وسیم رضوی کے خلاف 153A،153B،295A،504،505 اور دیگر دفعات کے تحت ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا جائے۔ڈی ایس پی نے اس مجلسی وفد کو تیقن دیا کہ مجلس کی اس شکایت پر کارروائی کی جائے گی۔

بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدرمجلس اتحاد المسلمین تانڈور عبدالہادی شہری اور مجلسی فلور لیڈر بلدیہ سید ساجد علی نے گستاخ رسولﷺ ملعون وسیم رضوی کو ابلیس کی اولاد قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ شخص اسلام دشمن طاقتوں کا آلہ کار بنا ہوا ہے اور محض اپنے دنیاوی فائدوں کے لئے حضور اکرمﷺکی شانِ اقدس میں گستاخی کی جسارت کررہا ہے جبکہ اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے کہ یہ حضوراکرمﷺ  پر لب کشائی کرسکے جو کہ رحمتہ اللعالمین ہیں۔

https://www.facebook.com/100006940787047/videos/pcb.2993220680919262/426267552490918

انہوں نے کہا کہ وسیم رضوی ایک منظم سازش کے تحت اس طرح کی حرکتیں کرتے ہوئے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے اور مسلمانوں کومشتعل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

ڈی ایس پی تانڈور سے ملاقات کرنے والے اس مجلسی وفد میں معتمد مجلس بی آرمحمد یونس،نائب معتمد نبی صابر،انور خان،محمد جیلانی،اظہر الدین معروف،محمدعمر خان،سیدخالدعلی،محمدمحسن،رؤف خان،محمدمعز،محمد ایاز،محمدمصطفی،محمد نویدخان،محمدصدام اور دیگر شامل تھے۔

https://www.facebook.com/100006940787047/videos/pcb.2993220680919262/418007689805691