ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ایک بار پھر انسانیت کا مظاہرہ کیا،حادثہ کا شکار دو طلباء کو اپنی گاڑی کے ذریعہ ہسپتال روانہ کیا

ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ایک بار پھر انسانیت کا مظاہرہ کیا
اپنی گاڑیوں کا قافلہ روک کر حادثہ کا شکار دو طلباء کو اپنی گاڑی میں ہسپتال روانہ کیا

حیدرآباد:17۔نومبر(سحر نیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ۔تارک راما راؤ (کے ٹی آر) نے آج ایک بار پھر انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک حادثہ میں زخمی دو طلباء کو دیکھ کر فوری اپنی گاڑیوں کے قافلے کو رکوادیا اور خود گاڑی سے اتر گئے اور ان دونوں زخمی طلبا کو اپنی اسکارٹ گاڑی کے ذریعہ جائے حادثہ سے ہسپتال روانہ کیا۔

اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق آج رات حکیم پیٹ کے قریب و طلباء حادثہ کا شکار ہوکر زخمی ہوگئے۔اسی دؤران ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے۔تارک راما راؤ اپنے دؤرہ سرسلہ سے حیدرآباد واپس ہو رہے تھے کہ انہوں نے درمیان میں سڑک حادثہ میں زخمی ان دونوں نوجوانوں کو سڑک پر دیکھ کر فوری اپنی گاڑیوں کا قافلہ رکوادیا اور فوری ان دونوں زخمی طلباء کو اپنے اسکارٹ کی گاڑی میں سوار کرواکر ہسپتال روانہ کیا۔

یاد رہے کہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ۔تارک راما راؤ (کے ٹی آر) سوشل میڈیا پر بہت زیادہ اور گہری نظر رکھتے ہیں جہاں ان سے روزآنہ کوئی نہ کوئی کسی نہ کسی غرض سے انہیں امداد فراہم کرنے کی اپیل کرتا رہتا ہے۔

تعلیم کے لیے یا پھر اپنے بچوں یا بزرگوں کے علاج کے لیے بھی انہیں بالخصوص ٹوئٹر پر ٹیاگ کرکے ان سے مدد کرنے کی اپیل کی جاتی ہے۔ جس کا وہ فوری جواب دیتے ہوئے انہیں مدد فراہم کرتے رہتے ہیں۔