کار کی ٹکر سے زخمی ہرن خود کے علاج کی غرض سے ہسپتال میں پہنچ گیا!: سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

کار کی ٹکر سے زخمی ہرن خود کے علاج کی غرض سے ہسپتال میں پہنچ گیا
بعدازاں وائلڈ لائف حکام کے حوالے، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

امریکہ/لوسیانہ: 17۔نومبر(سحرنیوزڈیسک)

انسان کی اپنے کسی بھی مرض کے علاج کی غرض سے اولین ترجیح ڈاکٹر یا پھر ہسپتال جانا ہوجاتا ہے،جبکہ حادثات میں زخمی یا پھر کسی ہنگامی حالات میں علاج کے لیے انسانوں کے رشتہ دار انہیں ہسپتال منتقل کرتے ہیں۔لیکن جب کسی بے زبان کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آجاتا ہے تو وہ کیاکرے؟

ہسپتال کے باہر کا سی سی ٹی وی فوٹیج۔

امریکہ لوسیانہ میں ایک زخمی ہرن چوکڑیاں بھرتا ہوا ” لیک ہاسپٹل” میں باقاعدہ باب الداخلہ سے ہوتے ہوئے ہسپتال میں موجود اسکیلیٹر (برقی سیڑھیاں) چڑھ کر اوپری منزل پر پہنچ گیا جہاں مریضوں کی تشخیص اور علاج کیا جاتا ہے۔

اب یہ تو نہیں کہا جاسکتا کہ ایک بے زبان جانور جو کہ شدید زخمی ہے خود کے علاج کی غرض سے ہسپتال میں داخل ہوا ہوگا لیکن مانا جارہا ہے کہ شاید اس ہرن کی اس ہسپتال پر پہلے سے ہی نظر رہی ہوگی اور علاج کی غرض سے ہی وہ بالکل انسانوں کی طرح اس ہسپتال میں پہنچ گیاہوگا؟

ہسپتال میں داخل ہرن۔

اس واقعہ کا مکمل کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔جس میں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح یہ ہرن بھاگتے ہوئے ہسپتال میں داخل ہوتا ہے جہاں ہسپتال کا عملہ اسے پکڑنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ وہاں موجود اسکیلیٹر Escalator پر چڑھتے ہوئے دوسری منزل پر پہنچ جاتا ہے۔
" اس واقعہ کا مکمل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہسپتال کا فرش چکنا ہونے کے باعث دومرتبہ یہ ہرن پھسل کر گرپڑتا ہے پھر بھی وہ ہمت نہیں ہارتا۔اس ہسپتال کی ایک خاتون عہدیدار نے بتایا کہ ہسپتال کا انتظامیہ کسی بھی واقعہ سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ چوکس رہتا ہے۔

ہسپتال کے اسکیلیٹر پر دؤڑتا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہرن جونہی دوسری منزل پر پہنچا اسے لا انفورسمنٹ کے عہدیدار کی مدد سے ہسپتال کے دیگر ملازمین نے اس ہرن کو پکڑلیا اور اسے لوسیانہ کے وائلڈ لائف اینڈ فشریز ڈپارٹمنٹ کے حوالے کردیا گیا۔

ہسپتال کی دوسری منزل پر پھسل کر گرنے کے بعد۔

دوسری جانب وائلد لائف کے ایک عہدیدار نے انکشاف کیا کہ اس ہرن کے ہسپتال پہنچنے سے قبل وارڈ کریک کے قریب ایک کار نے اس ہرن کو ٹکر دی تھی۔ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ بدقسمتی سے اس ہرن کی بعد میں موت واقع ہوگئی!!