بیرسٹراویسی کی قیادت میں حیدرآباد پولیس سے ملعون وسیم رضوی کی کتاب کے خلاف شکایت،گرفتاری کا مطالبہ

صدرمجلس و رکن پارلیمان بیرسٹراسدالدین اویسی کی قیادت میں کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد سے
مجلسی ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل پرمشتمل وفد کی ملاقات
ملعون وسیم رضوی کی کتاب کے خلاف شکایت،فوری گرفتاری کا مطالبہ

حیدرآباد: 17۔نومبر(سحر نیوزڈاٹ کام)

رکن پارلیمان حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹراسدالدین اویسی کی قیادت میں آج مجلسی ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل پر مشتمل ایک وفد نے کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد انجنی کمار سے ملاقات کرتے ہوئے سابق صدر شیعہ وقف بورڈ اترپردیش ملعون وسیم رضوی کے خلاف ایک تحریری شکایت حوالے کی۔

اور مطالبہ کیا کہ وسیم رضوی کی جانب سے تحریر کی گئی کتاب میں پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺکے خلاف انتہائی نازیبا،ناقابل برداشت اور جھوٹ پرمشتمل الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے۔ساتھ ہی اس کتاب کے چند اقتباسات سے کمشنر پولیس کو واقف کرواتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وسیم رضوی کے خلاف کریمنل کیس درج کرتے ہوئے اس کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ 

کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد انجنی کمار سے ملاقات کرنے والے کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کےاس وفد میں قائد مقننہ اکبرالدین اویسی،ارکان اسمبلی احمدپاشاہ قادری،محمدممتاز احمد خان،محمدمعظم خان،کوثرمحی الدین،احمد بلعلہ،جعفرحسین معراج، ارکان قانون ساز کونسل سید امین الحسن جعفری اور ریاض الحسن آفندی شامل تھے۔ 

بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ پولیس سے کی گئی شکایت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سابق صدر شیعہ وقف بورڈ اترپردیش وسیم رضوی کے خلاف دفعات 153A،153B،295A،504،505 اور دیگر کے تحت کیس درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا جائے۔
"رکن پارلیمان حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹراسدالدین اویسی میڈیا سے بات کرتے ہوئے”

رکن پارلیمان حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹراسدالدین اویسی نے کہا کہ وسیم رضوی مسلم دشمن طاقتوں کا آلہ کار بن کر کام کررہا ہے اور اس کا مقصد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاکر انہیں مشتعل کرنا ہے۔

بیرسٹراسدالدین اویسی نے بتایا کہ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے تیقن دیا ہے کہ وسیم رضوی کے خلاف کریمنل کیس درج کیا جائے گا۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تلنگانہ پولیس اس سلسلہ میں وسیم رضوی کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائے گی۔