تمل ناڈو میں شدید بارش،مزید دو دنوں تک بارش کی پیش قیاسی
چنئی شہر،ایرپورٹ کا رن وے اور ریلوے ٹریک زیرآب
لوکل ٹرین سرویس معطل، چیف منسٹر اسٹالن متاثرہ علاقوں کے دؤرہ میں مصروف
چنئی: 08۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
ریاست تمل ناڈو شدید بارش کی لپیٹ میں ہے جہاں لگاتار جاری بارش کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ چنئی شہر سب سے زیادہ متاثر ہواہے جہاں سڑکیں اور ریلوے ٹریک پانی میں ڈوب گئے ہیں جہاں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دؤران 23 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور ساتھ ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن بارش سے متاثرہ علاقوں کے لگاتار دؤرہ میں مصروف ہیں اور خود سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر عوام میں غذاء اور دیگر راحتی سامان تقسیم کرنے میں مصروف ہیں۔
پونڈی،چیمباراباکم اور پولل ذخائر آب لبریز ہوگئے ہیں اور ان سے زائد پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔چنئی شہر کے جنوبی اور شمالی علاقے تقریباً سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں اور عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔
وہیں محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید دو دنوں تک شدید بارش کی پیش قیاسی کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔اور چنئی میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
شدید بارش کے باعث چنئی ایرپورٹ کا رن وے زیرآب آگیا ہے جس کے باعث طیاروں کی آمدو رفت متاثر ہوئی ہے وہیں ریلوے پٹریوں کے زیرآب آجانے سے لوکل ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث ٹاملناڈو میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ہزاروں افراد سیلابی پانی میں محصور ہوگئے ہیں اور بالخصوص چنئی شہر مکمل طور پر زیر آب آگیا ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) راحتی کاموں میں مصروف ہے۔
وہیں وزیراعظم نریندرمودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”تمل ناڈو کےوزیراعلی ایم کے اسٹالن سے بات کی اور ریاست کے چند حصوں میں شدید بارش کے تناظر میں صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔بچاؤ اور راحت کے کاموں میں مرکز سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔میں سب کی خیریت اور سلامتی کے لیے دعاگو ہوں”۔
اس شدید بارش کے باعث تروولور،کڈلور،ولوپورم اور پڈوچیری میں شدید بارش ہوئی جہاں عملہ برقی موٹروں کے ذریعہ سڑکوں سے سیلابی پانی کو خارج کرنے میں مصروف ہے۔انتظامیہ نے جمعہ کو سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
کئی مقامات پر پلوں کے زیرآب آجانے اور ان کے اوپر سے پانی بہنے کے باعث ٹریفک نظام بھی مفلوج ہوگیاہے۔تمل ناڈو میں جاری شدید بارش کے پیش نظر ریاست کے 19 اضلاع میں تعلیمی اداروں کو تعطیل دے دی گئی ہے۔

