چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھرراؤ آج شام 4 بجے دوبارہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے

چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھرراؤ آج شام 4 بجے دوبارہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے

حیدرآباد: 07۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ آج 8 نومبر کی شام 4بجے پرگتی بھون سے ایک اور پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے ہیں۔

کل شام سات بجے بھی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت اور صدر تلنگانہ بی جے پی ورکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمارسمیت دیگر بی جے پی قائدین پرسخت حملے کرتے ہوئے انتباہ دیا تھا کہ اب وہ بیجا تنقیدوں اور جھوٹے الزامات پر خاموش نہیں رہیں گے۔

ساتھ ہی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندراشیکھرراؤنے اس پریس کانفرنس میں بناء کسی کا نام لیے چند کمینے،نالائق اور ناسمجھ لوگوں جیسے الفاظ بھی استعمال کیے تھے۔

انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ بی جے پی نے پورے ملک اور ملک کی معیشت کو کو تباہ کردیا ہے۔چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرا شیکھرراؤ نے کل شام منعقدہ پریس کانفرنس میں پٹرول اور ڈیزل پر مرکزی حکومت کی جانب سے ویاٹ میں کمی کے فیصلہ پر کہا تھا کہ بی جے پی عوام کو جھوٹ کے ذریعہ دھوکہ دے رہی ہے۔

چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ نے کہاتھا کہ ملک کی ریاستوں میں ضمنی انتخابات میں شکست اور آنے والے چند ریاستوں کے انتخابات کے پیش نظر عوام کو دھوکہ دینے کے لیے مرکز کی بی جے پی حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور ڈیزل پر مکمل سیس برخاست کردیا جائے تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھاری کمی آئے گی۔

ریاست کے عوام کو کل امید تھی کہ چیف منسٹر تلنگانہ میں بھی ویاٹ میں کمی کا اعلان کریں گے۔تاہم انہوں نے واضح لفظوں میں کہا تھا کہ ریاست تلنگانہ میں اب تک ویاٹ میں ایک نئے پیسے کا اضافہ نہیں کیا گیا ہے اور جن ریاستوں نے ویاٹ میں اضافہ کیا تھا وہ لازمی طور پر اپنی ریاستوں میں ویاٹ میں کمی کررہے ہیں۔

اسی دؤران آج صدر تلنگانہ بی جے پی ورکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار بھی ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ پر کئی شخصی رکیک حملے کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف منسٹر نے کل جو اعداد و شمار بتائے ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں۔

بنڈی سنجے کمار نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کی قرض معافی اسکیم کی مکمل تفصیلات دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوان ملازمت نہ ملنے کے باعث قومی ضامن روزگار اسکیم کے تحت مزدوری کرنے کی غرض سے شہروں سے مواضعات کا رخ کررہے ہیں۔بنڈی سنجے کمار نے مطالبہ کیا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ کسان ریاست میں 62 لاکھ ایکڑ اراضی پر دھان کی کاشت کررہے ہیں اس پر سروے کیا جائے۔

آج دوپہر صدر تلنگانہ بی جے پی ورکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار نے بی جے پی کے ارکان پارلیمان اور دیگر قائدین کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ ویاٹ کی وصولی میں دوسرے نمبر پر ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ جب دیگر ریاستی حکومتیں ویاٹ میں کمی کررہی ہیں تو تلنگانہ میں کیوں ویاٹ میں کمی نہیں کی جارہی ہے؟

بنڈی سنجے کمار نے دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت نے ریاست تلنگانہ کو 2,52,908 کروڑ روپئے دئیے ہیں جبکہ چیف منسٹر غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مرکز نے ریاست کو صرف 40 ہزار کروڑ ہی دئیے ہیں۔صدر تلنگانہ بی جے پی ورکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار نے اس پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت نے قومی شاہراہوں کے لیے ریاست تلنگانہ کو 40 ہزار کروڑ منظور کرتے ہوئے اس میں سے 21 ہزار کروڑ روپئے جاری کردئیے ہیں۔

آج ہونے والی پریس کانفرنس میں مانا جارہا ہے کہ چیف منسٹر صدر تلنگانہ بی جے پی ورکن پارلیمان کریم نگرکے ان الزامات کا جواب دیں گے اور یہ بھی ممکن ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ ریاست میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر ویاٹ میں کمی کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔!!