مرکز کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے بعد
12 ریاستوں نے ویاٹ میں کمی کردی،عوام کوحکومتِ تلنگانہ کے اعلان کا انتظار
نئی دہلی/حیدرآباد: 04۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
مرکزی حکومت کی جانب سے کل رات پٹرول اور ڈیزل پر عائد ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے اعلان کے بعد آج سے ملک بھر میں پٹرول کی قیمت میں پانچ روپئے فی لیتر اور ڈیزل کی قیمت میں دس روپئے فی لیتر کمی واقع ہوئی ہے۔

کل رات ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے اعلان کے بعد مرکزی حکومت نے ملک کی ریاستوں سے کہا تھا کہ وہ اپنی اپنی ریاستوں میں پٹرول اور ڈیزل پر موجودہ ویالیو ایڈیڈ ٹیکس(ویاٹ VAT# ) میں بھی کمی کریں جس سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی واقع ہوگی۔
مرکزی حکومت کی اس ہدایت کے بعد ملک کی 12 ریاستوں نے اپنی اپنی ریاست میں ویالیو ایڈیڈ ٹیکس (ویاٹ) VAT# میں کمی کرنے کا اعلان کیا ہے اور کئی ریاستوں میں مرکزی حکومت کی ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے ساتھ آج جمعرات 4 نومبر سے اس پر عمل آوری کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔
ان 12 ریاستوں میں سے 10 ریاستیں ایسی ہیں جہاں بی جے پی برسراقتدار ہے اور دو ریاستیں غیر بی جے پی ہیں۔ویالیو ایڈیڈ ٹیکس (ویاٹ) VAT# میں کمی کرنے والی ریاستوں میں بی جے پی اقتدار والی ریاستیں کرناٹک،گوا،گجرات،آسام،اترپردیش،ہریانہ،تریپورہ،منی پور، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش شامل ہیں۔
آسام،تریپورہ،منی پور،کرناٹک اور گوا کی حکومتوں نے مرکز کی ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے ساتھ ساتھ ویاٹ میں کمی کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں سات،سات روپے فی لیتر کی کمی کی ہے۔
اس طرح ان پانچ ریاستوں میں پٹرول پر مرکزی حکومت کی جانب سے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے بعد فی لیتر 5 روپئے کے ساتھ ویاٹ میں 7 روپئے کی کمی کے بعد پٹرول کی فی لیتر قیمت میں جملہ 12 روپیوں کی کمی ہوگئی۔
وہیں ڈیزل کی قیمتوں پر ایکسائز ڈیوٹی کے دس روپیوں کے ساتھ ویاٹ کے سات روپیوں میں کمی کے بعد مذکورہ بالا پانچ ریاستوں میں فی لیتر ڈیزل کی قیمت میں 17 روپئے کی کمی ہوئی ہے۔
جبکہ چیف منسٹر اتراکھنڈ پشکرسنگھ دھامی نے کل رات کہا کہ ریاست میں پٹرول پر ویالیو ایڈڈ ٹیکس (VAT#) میں 2 روپے فی لیٹر کی کمی کی جائے گی۔
وہیں چیف منسٹر تریپورہ بپلب کمار دیب نے بھی کل رات اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ اعلان کیا کہ وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے فیصلہ اور ہدایت کے بعد ریاست تریپورہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیتر بالترتیب 7 روپئے کی کمی کی جائے گی۔اس طرح تریپورہ میں بھی ایکسائز ڈیوٹی و ریاستی ویاٹ میں کمی کے بعد پٹرول کی قیمت میں فی لیتر 12 روپئے اور ذیزل کی قیمت میں فی لیتر 17 روپئے کی کمی ہوئی ہے۔
اسی طرح چیف منسٹر ہماچل پردیش جے رام ٹھاکر نے بھی اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ آج اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت بھی پٹرول اور ڈیزل پر عائد VAT# میں کمی کی گئی ہے اب ریاست ہماچل پردیش میں پٹرول فی لیتر 12 روپے اور ڈیزل 17 روپے فی لیٹر سستا ہوگا۔اس طرح ہماچل پردیش میں بھی ریاستی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر عائد ویاٹ میں 7 روپئے کی کمی کی ہے۔
وہیں چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھٹرنے بھی آج سے پٹرول اور ڈیزل پر VAT# میں کمی کا اعلان کیا جس سے ریاست ہریانہ میں ان کی قیمتیں 12 روپئے فی لیتر سستی ہوگئیں۔
غیر بی جے پی ریاست اوڈیشہ کی حکمران بیجو جنتادل نے بھی پٹرول اور ڈیزل دونوں پر 3 روپئے فی لیتر VAT میں کمی کا اعلان کیا۔جہاں نئی قیمتوں پر 5 نومبر کی نصف شب سے عمل ہوگا۔
اسی طرح ریاست بہار میں بی جے پی کی اتحادی جماعت جنتادل (یونائیٹڈ) نے آج سے پٹرول اور ڈیزل پر VAT کی شرح میں 3 روپئے فی لیٹر سے زیادہ کی کمی کردی ہے۔چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو کم کرنے کے مرکز کے اقدام کے بعد ریاستی حکومت نے VAT کی شرحوں کو کم کرکے لوگوں کو اضافی راحت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بہار میں پٹرول کی قیمتوں میں مزید 3.20 روپے فی لیتر کی کمی کی جائے گی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3.90 روپے فی لیتر کمی ہوگی۔اس طرح بہار میں ایکسائز ڈیوٹی اور ریاستی ویاٹ کی شرح میں کمی کے بعد پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 8 روپئے 20 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 13 روپئے 90 پیسے کی کمی ہوگئی۔
جبکہ ملک کی دیگر ریاستوں نے جن میں کانگریس برسر اقتدار ریاستیں بھی شامل ہیں نے اپنی اپنی ریاست میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر ویاٹ میں کمی کا کوئی اعلان نہیں کیا ہےجس میں دونوں تلگو ریاستیں تلنگانہ اور آندھراپردیش بھی شامل ہیں۔
ریاست تلنگانہ کے عوام چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کے موقف اور اعلان کا انتظار کررہے ہیں!
مرکزی حکومت کی جانب سے ایکسائز ڈیوٹی میں کٹوتی پر پٹرول کی قیمت میں 5 روپئے کی اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپئے کی کمی کے بعد آج ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں پٹرول کی قیمت فی لیتر 108 روپئے 20 پیسے اور ڈیزل کی قیمت فی لیتر 94 روپئے 62 پیسے رہی۔ یہاں یہ تذکرہ غیرضروری نہ ہوگا کہ ریاست تلنگانہ میں پٹرول پر زائداز 27 فیصد اور ڈیزل پر 37 فیصد ویاٹ VAT# لاگو ہے!

