تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی کے زیر اہتمام اردو مسکن خلوت حیدرآباد میں قائم
مرکزی دارالمطالعہ و ریسرچ سنٹر میں بچوں کے لیے”گوشہ اطفال” کا
رکن اسمبلی یاقوت پورہ احمد پاشا قادری نے افتتاح انجام دیا
حیدرآباد: 04۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
جناب سید احمد پاشا قادری رکن اسمبلی یاقوت پورہ نے تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام اردو مسکن خلوت حیدرآباد میں قائم مرکزی دارالمطالعہ و ریسرچ سنٹر میں بچوں کے لیے ” گوشہ اطفال” کا افتتاح انجام دیا۔بعدازاں حافظہ قاریہ محمدی زرین رومانہ حافظہ و عالمہ جامعۃ المومنات کی قرأت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔
اس موقع پر جناب سید احمد پاشا قادری رکن اسمبلی نے خطاب کرتے ہوئے ڈائرکٹر /سکریٹری تلنگانہ اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمدغوث کو بچوں کی لائبریری کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سلسلہ کو شہر اور ریاست کے دیگر مقامات تک توسیع دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اردواکیڈیمی کا قیام 1975 میں عمل میں لایا گیا تھا اور اس وقت سے آج تک ہر دؤر میں فروغ اردو کے کام انجام دیے گئے اور آج بھی اس ٹکنالوجی کے دور میں اردو اکیڈیمی نئے دور کے تقاضوں سے خود کو ہم آہنگ کرتے ہوئے اردو زبان کی ترقی و ترویج کے کاموں میں مصروف ہے۔

"گوشہ اطفال” کی اس افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر عبدالقیوم ندوی نے تفصیلی طور پر اورنگ آباد ،مہاراشٹرا اور دیگر مقامات پر بچوں کے لیے قائم لائبریریوں اور دیگر کاموں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی کام کو اگر لگن،محنت اور دیانتداری کے ساتھ کیا جائے تو کامیابی حاصل ہونا طئے ہے۔
انہوں نے طلبا و طبالبات سے اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں لائبریری کو بھی شامل کرنے اور لائبریریوں سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے اپنے تجربات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ پانچ سال کے عرصہ میں لاکھوں بچوں کے رسائل بچوں تک پہنچاچکے ہیں اور اورنگ آباد میں وہ اور ان کی کم عمر لڑکی اور دوسروں نے مل کر اب تک 23 محلہ لائبریریاں بچوں کے لئے قائم کرچکے ہیں جس سے ہزاروں بچے مستفید ہورہے ہیں۔

اس تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر /سکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی نے تمام مہمانان و حاضرین کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے مرکزی دارالمطالعہ و ریسرچ سنٹر میں قائم کردہ گوشہ اطفال کا اہم مقصد طلباء و نونہالوں کو ادب کے مواقع فراہم کرنا ہے اور اس کے دیگر مقاصد میں طلبا و نونہالوں کے اندر اپنے ثقافتی ورثہ کی پہچان اور اس کا تعارف اور ان کے تہذیبی اقدار کو پہنچاننے کی صلاحیت پیدا کرنا،ان کے اخلاق کو سدھارنا، طلبا و نونہالوں کے اندرتخلیقی صلاحیتوں کا پیدا کرنا اور شخصی اور سماجی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ لائبریریوں کے اس سلسلہ کو محبان اردو کے تعاون کے ساتھ آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔
اس تقریب سے جناب ڈاکٹر قطب الدین ماہر نفسیات نے خطاب کرتے ہوئے مادری زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اردو داں طبقہ سے کہا کہ وہ اپنے نونہالوں کو مادری زبان اردو کی طرف راغب کروائیں۔
بچوں کے ادیب جناب عبدالوحید نے گوشہ اطفال کے قیام کی مبارکباد دیتے ہوئے دوسرے مقامات پر بھی اس طرح کی لائبریریوں کے قیام کی خواہش ظاہر کی۔اس تقریب سے جناب اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ اور جہد کار جناب احمد ارشد حسین نے بھی خطاب کیا۔
اس تقریب کی نظامت ممتاز شاعر و معاون ایڈیٹر ماہنامہ روشن ستارے جناب سردارسلیم نے کی اور آخر میں محمد ارشد مبین زبیری معاون ایڈیٹر ماہنامہ قومی زبان نے تمام مہمانان،منتظمین و شرکاء ، طلبا و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر عہدیداران اردو اکیڈیمی وی۔کرشنا سپرنٹنڈنٹ اردو اکیڈیمی،عطااللہ خان اکاؤنٹنٹ،شیخ اسمٰعیل،یوسف خان لائبریرین،اختر حسین ،ڈاکٹراحتشام الدین خرم،احمد بن اسحاق،اطہر خان،محمدانورعلی خان،محمد جنیداللہ بیگ،محمداسمعیل جاوید،محمد رفیع،ایم اے ذاکر،معین خان انچارج اردو مسکن و دیگر ارکان عملہ بھی موجود تھے۔اس تقریب کے آغاز میں جناب فریدسحر نے نظم سنائی۔

