بمبئی ہائی کورٹ میں آریان خان کی درخواست ضمانت پر کل بھی جاری رہے گی سماعت، آج سابق اٹارنی جنرل وکیل مکل روہتگی نے بحث کی

بمبئی ہائی کورٹ میں آریان خان کی درخواست ضمانت پر کل بھی جاری رہے گی سماعت
لندن سے پہنچے آریان خان کے وکیل سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے آج بحث میں حصہ لیا

بمبئی: 26۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

کروز منشیات معاملہ میں آج بمبئی ہائی کورٹ میں  بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے 23 سالہ فرزند آریان خان کی درخواست ضمانت پر زائد از ڈھائی گھنٹہ تک بحث و مباحثہ کے بعد عدالتی کارروائی کو کل 27 اکتوبر تک موخر کردیا گیا۔

اب کل بروز چہارشنبہ ڈھائی بجے دن دوبارہ بمبئی ہائی کورٹ میں اس درخواست ضمانت پر سماعت کا آغاز ہوگا۔بمبئی ہائی کورٹ میں آریان خان کے ساتھ ان کے ساتھ گرفتار ارباز مرچنٹ اور مون مون دھمیچا کی درخواست ضمانت پر سنوائی جاری ہے۔

 

آریان خان کیس میں آج سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی ان کے وکیل کی حیثیت سے عدالت میں پیش ہوئے۔بتایا جاتا ہے کہ مکل روہتگی کل رات ہی لندن سے ممبئی پہنچے ہیں!! جبکہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل انیل سنگھ نے اس کیس پیروی کی۔

لائیو لا کے مطابق آج درخواست ضمانت کی سماعت کے دؤران آریان خان کے وکیل مکل روہتگی نے معزز عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل آریان خان کے پاس سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوا ہے اور نہ ہی اس بات کا پتہ چلا ہے کہ انہوں نے کوئی چیز استعمال ہی کی۔

مکل روہتگی نے بحث کے دؤران کہا کہ آریان کے فون سے واٹس ایپ چیاٹس برآمد ہوئے وہ ریکارڈ پر نہیں بلکہ حوالہ ہیں ان چیاٹس میں سے کوئی بھی کروز پارٹی سے متعلق نہیں ہے۔

ان چیاٹس میں سے کسی کا بھی اس کہانی کے آغاز سے کوئی تعلق نہیں ہے یا سازش اگر آپ اسے کہنا چاہتے ہیں تو کیس کے ٹرائل کے وقت چیاٹس کی جانچ کرنا ہوگا۔لیکن سازش کا ایک عام جملہ استعمال کرنا ٹھیک بھی نہیں ہے۔

آریان خان کے وکیل مکل روہتگی نے گرفتاری کا میمو پڑھتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف (آریان کے خلاف) استعمال یا خرید و فروخت کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔اور میں وہاں گیا میرے پاس کچھ نہیں تھا لیکن مجھے گرفتار کر لیا گیا۔

 

مکل روہتگی نے آریان خان کی نمائندگی کرتے ہوئے معزز ہائی کورٹ سے کہا کہ”میں سیاسی شخصیت یا پنچوں کا ساتھ دے کر اپنے کیس کو خراب نہیں کرنا چاہتا کیونکہ میرا کسی سے کوئی تعلق نہیں ہے”۔

اس سماعت کے دؤران معزز عدالت نے پوچھا ” تو پھر واٹس ایپ چیاٹس کی بنیاد کیا ہے؟”

جس پر مکل روہتگی نے بتایا کہ واٹس ایپ چیاٹس کا کروز کیس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے وہ سب پہلے لوگوں کے ساتھ چیاٹ کا ریکارڈ ہے۔

لائیو لا کے مطابق مکل روہتگی نے عدالت کو بتایا کہ آریان خان ارباز مرچنٹ کے ساتھ وہاں گئے تھے وہ کچھ لڑکے تھے اور قانون کے تحت چھوٹی مقدار کے لیے کم سے کم سزا ایک سال کی ہے اور متاثرہ کو بازآبادکاری سنٹر بھیجے جانے کے بعد اس میں استثنیٰ بھی حاصل ہے۔

مکل روہتگی نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل نے کسی کو بھی منشیات کی سربراہی کے لیے مالیہ فراہم نہیں کیا ہے۔اور ارباز مرچنٹ کے جوتے سے کیا برآمد ہوا ہے میں (آریان خان) اس پر کنٹرول نہیں رکھتا۔

آریان خان کے وکیل سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے معزز ہائی کورٹ سے کہا کہ ” نہ استعمال ہی کیا،نہ قبضہ سے کچھ برآمد ہی ہوا تو کیوں اس لڑکے کو 20 دنوں کے لیے جیل بھیجا گیا؟۔

آریان خان کے وکیل مکل روہتگی نے سپریم کورٹ کی جانب سے کنڑا فلم اداکارہ راگنی دیوی کو ایسے ہی معاملہ میں دی گئی ضمانت اور ساتھ ہی بمبئی ہائی کورٹ کے صادر کردہ دو فیصلوں کا بھی حوالہ دیا۔ 

یاد رہے کہ آریان خان کو 2 اکتوبر کی رات ممبئی سے گوا جارہی کروز (کشتی)میں منعقدہ ایک پارٹی سے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے منشیات معاملہ میں دیگر سات افراد کے ساتھ تحویل میں لیا تھا اور 3 اکتوبر اتوار کو شام تک ان سے پوچھ تاچھ کے بعد ان کی باقاعدہ گرفتاری کا اعلان کیا گیاتھا۔

ان کے دیگر دو ساتھی ارباز مرچنٹ اور مون مون دھمیجا بھی خصوصی عدالت کے فیصلہ کے بعد 3 اکتوبر سے نارکو ٹکس کنٹرول بیورو کی تحویل میں تھے بعد ازاں انہیں 8 اکتوبر کو ممبئی کی آرتھرروڈ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

این ڈی پی ایس خصوصی عدالت نے دو مرتبہ آریان خان کی درخواست ضمانت کو مسترد کیا تھا۔جس کے بعد آریان خان کے وکلا 20 اکتوبر کو دوسری مرتبہ خصوصی عدالت میں ضمانت کی درخواست مستر د کئے جانے کے بعد بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے۔

File Photo

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے آج ممبئی ہائی کورٹ میں آریان خان کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت کی درخواست کو مسترد کیا جائے کیونکہ ان کے خلاف جاری تحقیقات کے دوران چھیڑ چھاڑ، گواہوں کو متاثر کرنے کے واضح امکانات موجود ہیں اور اس بنیاد پر آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کیے جانے کے قابل ہے۔

” لائیو لا Live Law ” کے مطابق آریان خان نے آج بمبئی ہائی کورٹ میں داخل کیے گئے اپنے حلف نامہ میں کہا ہے کہ” نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداران کے ساتھ کسی بھی معاہدے یا سمیر وانکھیڈے جو ان کے اور دیگر کے خلاف کروز منشیات کیس میں تحقیقات کی قیادت کر رہے ہیں کی ادائیگی کے الزامات سے کسی بھی تعلق سے انکار کیا”۔

آریان خان نے اپنے حلف نامہ میں یہ بھی لکھا ہے کہ” میرا ان الزامات اور جوابی الزامات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے جو اس وقت عوامی/سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر سمیر وانکھیڈے اور بعض سیاسی شخصیات کے درمیان ہیں ان کا پربھاکرسیل یا کے پی گوسوی سے بھی کوئی تعلق یا سروکار نہیں ہے۔”