تلنگانہ میں کورونا کے ٹیکے نہ لینے والوں کو راشن اورپنشن بند والی اطلاعات” جھوٹ کا پلندہ” : حکومت کی وضاحت

تلنگانہ میں کورونا کے ٹیکے نہ لینے والوں کو راشن اور پنشن بند والی اطلاعات ” جھوٹ کا پلندہ ”
ڈائرکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا عوام جھوٹی خبروں پر یقین کرکے پریشان نہ ہوں

حیدرآباد:26-اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

آج سوشل میڈیا اور چند میڈیا اداروں کی جانب سے ایک ایسی خبر وائرل کی گئی جس سے بالخصوص ماہانہ سرکاری راشن اور پنشن(وظیفہ )حاصل کرنے والے غریب طبقات کو شدید پریشان دیکھا گیا۔

کیونکہ حکومت کی جانب سے سفید راشن کارڈس کے حامل سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والا طبقہ ہی ماہانہ راشن کی دُکانات سے راشن حاصل کرتا ہے اور ساتھ ہی حکومت کی آسر اسکیم کے تحت ماہانہ وظیفہ برائے پیرانہ سالی (اولڈ ایج پنشن) یا پھر بیوہ اور معذورین کو ماہانہ یہ وظیفہ دیا جاتا ہے جن سے ان طبقات کو بڑی راحت نصیب ہوتی ہے۔

لیکن آج انتہائی غیر ذمہ داری کے ساتھ ذمہ دار مانے جانے والے چند میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر ایسی خبریں وائرل کردی گئیں کہ ” تلنگانہ میں کورونا کے ٹیکے نہ لینے والوں کوماہانہ راشن اور پنشن بند ” جس میں لکھا گیا تھا کہ اس پر اگلے ماہ سے عمل ہوگا۔

کم ازاکم بالخصوص میڈیا اداروں کی جانب سے درمیانی اور غریب طبقہ کو شدید پریشان کرنے والی ایسی خبروں کی سرکاری سطح پر ہی جانچ کرلی جاتی! لیکن ـ” سب سے تیز ” کی دؤڑ میں اس کا خیال نہیں رکھا جارہا ہے!!

اس سلسلہ میں آج ہی حکومت تلنگانہ نے وضاحت جاری کی ہے اور ریاستی محکمہ صحت نے ایسی اطلاعات اور خبروں کی شدید مذمت کی ہے۔
اس معاملہ میں ڈائرکٹر ریاستی محکمہ صحت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے واضح کیا ہے کہ ایسی اطلاعات مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی ایسا کوئی اعلان ہی کیا ہے۔

ڈائرکٹر ریاستی محکمہ صحت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی جھوٹی خبروں پر ہرگز یقین نہ کریں اور نہ پریشان ہوں۔

ساتھ ہی ریاستی محکمہ صحت کے ڈائرکٹر ڈاکٹر سرینواس راؤ نے انتباہ دیا ہے کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔