دبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے مسافر کے قبضہ سے
وولٹیج کنورٹر میں چھپاکر لایا گیا 16 لاکھ روپئے مالیتی 316 گرام سونا ضبط
حیدرآباد: 13۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آبادایرپورٹ) پرکسٹم عہدیدارسونا اور دیگر اشیاء کی ضبطی کے ذریعہ اپنے چوکس رہنے کا پیغام دے رہے ہیں۔
اس چوکسی کے باؤجود بڑی تعداد میں ہر دوسرے،تیسرے دن مختلف غیر ممالک سے شمس آباد ایرپورٹ پہنچنے والے مسافرین کے قبضہ سے الیکٹرانک بیاٹریوں،ایمرجنسی لائٹوں،بچوں کے کھلونوں، کپڑوں اور پیٹ میں چھپاکر بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا سونا، بیرون ممالک کی کرنسی،آئی فونس اور دیگر اشیاء کی ضبطی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے!
ایسے ہی ایک واقعہ میں آج حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کسٹم عہدیداروں کی جانب سے دبئی سے پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے سونا ضبط کیا گیا ہے۔
کسٹم عہدیداروں کی اطلاع کے مطابق نے فلائٹ نمبر FZ-439 کے ذریعہ دبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافرکے قبضہ سے اسمگل کیا جانے والا 316.40 گرام سونا ضبط کرلیا گیا جس کی مالیت 15 لاکھ 71 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔
کسٹم عہدیداروں کے مطابق یہ مسافر ایرکنڈیشنڈ کے وولٹیج اپ ڈاؤن کنورٹر میں چھپاکر یہ سونا لایا تھا۔شبہ کی بنیاد پر جب اس مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی تو سونا برآمد ہوا۔بعدازاں اس مسافر کو کسٹم عہدیداروں نے اپنی تحویل میں لے لیا اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ 10 ڈسمبر کو ہی کسٹم عہدیداروں نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ فلائٹ نمبر AI 952 کے ذریعہ دبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے چار مسافرین جن کا سوڈان سے تعلق تھا اور جن میں دو خاتون مسافر بھی شامل تھیں کے قبضہ سے اسمگل کیا جانے والا 7.3 کلوگرام سونا ضبط کیا گیا تھا جس کی مالیت تین کروڑ 60 لاکھ روپئے بتائی گئی تھی۔

