وقارآباد ضلع : تانڈور کے یالال منڈل کے دو مقامات پر بجلی گرنے سے تین افراد ہلاک

وقارآباد ضلع : تانڈور کے یالال منڈل کے دو مقامات پر بجلی گرنے سے تین افراد ہلاک

وقارآباد/تانڈور: 19۔مئی
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کےمختلف مقامات پر آج دوپہر شدید گرج و چمک کےساتھ ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔اسی دؤران حلقہ اسمبلی تانڈور کے یالال منڈل کے دو الگ الگ مقامات پر بجلی گرنے سے تین افراد ہلاک ہوگئے۔

ان افسوسناک واقعات کی تفصیلات کے مطابق یالال منڈل کے موضع بینور کا ساکن کسان انومپا (68سالہ) اپنی بیوی ایلماں کے ساتھ کپاس کے کھیت میں کام کررہا تھاکہ بعد دوپہر گرج وچمک کے ساتھ بارش کا آغاز ہوا۔اسی دؤران کسان انومپا پر بجلی گرپڑی جس کے باعث جائے وہ جائے مقام پر ہی وہ ہلاک ہوگیا۔جبکہ اس کی بیوی ایلماں تھوڑے فاصلہ پر کھیت کےکاموں میں مصروف تھی وہ اس بجلی کی زد میں آنے سے محفوظ رہی۔

اسی طرح یالال منڈل کےہی جنٹ پلی کےساکن کسان کے۔لکشمیا(28 سالہ) اپنے کھیت میں کرایہ کی مشین سے دھان کی فصل کی کٹوائی میں مصروف تھااس کے ساتھ اس کے پڑوسی کھیت کا مالک منگلی سرینواس( 35 سالہ ) بھی موجود تھاجسے اپنی دھان کی فصل بھی کٹوانی تھی ان کے علاوہ کھیت میں دیگر مزدور بھی کام کر رہے تھے کہ اچانک بعد دوپہر ہی ان دونوں پر بھی بجلی گرپڑی۔جس کے باعث دونوں کی موت واقع ہوگئی۔جبکہ وہاں موجود ایک مزدور نے بجلی کی تپش محسوس کی تاہم وہ محفوظ رہا جو کہ خوفزدہ بتایا جارہا ہے۔

ان دونوں مقامات کے درمیان بہت فاصلہ ہے اور ان بجلی گرنے کے وقفہ میں نصف گھنٹہ کا فرق بتایا گیا ہے۔

ایک ہی منڈل میں اس طرح ایک ہی وقت میں بجلی گرنے سے تین افراد کی موت پر یالال منڈل کےعلاوہ دیگر مقامات کے عوام اور کسانوں میں خوف و ہراسانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع پر یالال پولیس ان دونوں مقامات پر پہنچ گئی۔تفصیلات کےحصول اور بعد پنچنامہ ان تینوں نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یالال منڈل میں بجلی گرنے سے تین کسانوں کی ہلاکت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے متوفی کسانوں کو 6 لاکھ روپئے کی امداد کی جلد اجرائی کے لیے وہ موثر نمائندگی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں انہوں نے آر ڈی او تانڈور کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان متوفی کسانوں کو دی جانے والی رقم کی سفارش فوری ریاستی حکومت کو روانہ کریں۔

" یہ بھی پڑھیں ” 

تانڈور میں موجود جپسم فیکٹری میں مہیب آتشزدگی، دو کروڑ روپئے مالیتی املاک آگ کی نذر

تانڈور ریلوے اسٹیشن کی 25 کروڑ کے صرفہ سے تزئین کاری کے کام اندرون دس ماہ مکمل کرلیے جائیں گے : ڈی آر ایم بھرتیش کمار جین کا دورہ