صدرمجلس و رکن پارلیمان بیرسٹر اسدالدین اویسی کی گاڑی پر چار راؤنڈ فائرنگ،اویسی محفوظ

صدر مجلس و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی کی گاڑی پر چار راؤنڈ فائرنگ
اویسی محفوظ، دہلی واپسی کے دؤران اترپردیش کے چھجرسی میں حملہ

نئی دہلی: 03۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام)

صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی کی گاڑی پر آج شام اترپردیش کے چھجرسی میں نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے جب وہ اترپردیش سے دہلی واپس ہورہے تھے۔

اس سلسلہ میں خود صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے آج شام 6 بجے لکھا  ہے کہ ” کچھ دیر قبل چھجرسی ٹول گیٹ پر میری گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ 4 راؤنڈ فائر کیے۔وہاں 3-4 لوگ تھے سب بھاگ گئے اور ہتھیار وہیں چھوڑ گئے۔میری گاڑی پنکچر ہو گئی،لیکن میں دوسری گاڑی میں بیٹھ کر چلا گیا۔ہم سب محفوظ ہیں۔الحمدللہ۔”

صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی جو کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات کی مہم میں مصروف ہیں میرٹھ کے کیتھور میں انتخابی مہم کے اختتام کے بعد وہ دہلی واپس ہورہے تھے کہ اس دؤران ان پر یہ حملہ ہوا ہے۔

جونہی بیرسٹراسدالدین اویسی کی گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع عام ہوئی ملک بھر میں اور بالخصوص تلنگانہ کے اضلاع و حیدرآباد میں موجود ان کے حامیوں اور مداحوں میں تشویش کی لہر دؤڑ گئی ہے۔