حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں نماز تراویح خشوع وخضوع کیساتھ ادا کی گئی، کوویڈ احکامات پرمکمل عمل

حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں نماز تراویح خشوع وخضوع کیساتھ ادا کی گئی، کوویڈ احکامات پرمکمل عمل

حیدرآباد: 13۔اپریل(سحرنیوز ڈاٹ کام)

ماہِ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد آج کوروناوائرس کی دوسری لہر کے دؤران ریاست تلنگانہ کی تقریباً مساجد میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ کوویڈ قواعد پر مکمل عمل آوری کےساتھ نمازِ تراویح خشوع و خضوع کیساتھ ادا کی گئی۔

حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں نماز تراویح کے پہلے دہے میں خطیب مکہ مسجد حافظ و قاری مولانا محمد رضوان قریشی ( فرزند سابق خطیب حضرت مولانا عبداللہ قریشی اظہری مرحوم) کی امامت میں فرزندان توحید کی بڑی تعداد نے انتہائی خشوع وخضوع اور بلاء خوف تین پاروں پرمشتمل نمازتراویح ادا کی قبل ازیں نماز عشاء ٹھیک 9بجے ادا کی گئی۔

نماز عشاء اور تراویح کے دؤران مکہ مسجد میں حکومت کی جانب سے جاری کردی سخت کوویڈ قواعد پر مکمل طورپر عمل آوری کی گئی،تمام مصلی ماسک لگائے ہوئے تھےاور نمازوں کی ادائیگی کے دؤران جسمانی فاصلہ قائم رکھا گیا تھا مصلیوں نے اپنے مکانات سے ساتھ لائی گئیں جائے نمازوں پر نماز عشاء اور تروایح کی نماز اداکی۔

نماز تراویح کے بعدخطیب مکہ مسجد حافظ و قاری مولانا محمد رضوان قریشی نے اللہ رب العزت سے جاریہ کورونا وائرس سے نبی نوع انسان کی حفاظت اور متاثرین کی جلد صحتیابی کیلئے رقت انگیز دعاء کی۔

خطیب مکہ مسجد حافظ و قاری مولانا محمد رضوان قریشی نے آمین کی بلند صداؤں کے درمیان اپنی دعاء میں دنیا ، ملک اور ریاست تلنگانہ سے اس کورونا وائرس کے جلد خاتمہ ، اس وباء سے ریاست تلنگانہ کے عوام کی حفاظت اور بلاء لحاظ مذہب و ملت پریشان حال اور خوفزدہ عوام کو راحت نصیب کرنے کیلئے اللہ کے حضور رقت انگیز دعاء کی۔

نماز کے آغاز سے قبل سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد محمد عبدالقدیر صدیقی اور مکہ مسجد کے موذن صاحب نے نماز عشاء اور تراویح کی نماز کی ادائیگی کی غرض سے مکہ مسجد پہنچنے والے مصلیوں سے یہ اپیل کی کہ وہ ہر حال میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ کوویڈ قواعد پر عمل کریں جس میں ماسک لگانا لازمی ہوگا،ساتھ ہی جائے نمازیں اپنے مکانات سے اپنے ساتھ لانی ہونگی اور نماز کے دؤران صفوں میں جسمانی فاصلہ کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔

اس سے قبل حیدرآباد پولیس کی جانب سے بھی احتیاطً مکہ مسجد کے باہر عوام اور مصلیوں میں ماسک کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔نماز عشاء اور تراویح کی نماز انتہائی خشوع وخضوع کیساتھ ادا کرنے کے بعد مصلیوں نے راحت اور خوشی محسوس کی۔