زندگی اور کچھ بھی نہیں تیری میری کہانی ہے!سوشل میڈیا پر سال کی سب سے پسندیدہ تصویر:مشہورصنعت کارآنندمہندرا کا ٹوئٹ

زندگی اور کچھ بھی نہیں تیری میری کہانی ہے!
سوشل میڈیا پر سال کی سب سے پسندیدہ تصویر
مشہورصنعت کار آنند مہندرا کا ٹوئٹ

حیدرآباد:31۔ڈسمبر(سحرنیوز ڈیسک )

ملک کے مشہورصنعت کار آنند مہندرا سوشل میڈیا پر ہمیشہ متحرک رہتے ہیں۔وہ مختلف قسم کی پوسٹس کے ذریعہ اپنے مداحوں کو آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ مختلف گاڑیاں تیار کرنے والی ملک کی مشہور اور معروف مہندرا گروپ کے چیئرمین آنند گوپال مہندرا نے آج ٹوئٹر پر دل کو چھو لینے والی ایک تصویر شیئر کی ہے۔جسے دیکھ کر لوگ بہت جذباتی ہو رہے ہیں اور بہترین ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس میں ایک باپ اور بیٹا موجود ہیں،باپ اپنی ٹھیلہ بنڈی کے ایک کنارے پر موجود ہے اور بیٹا جو کہ اسکولی ڈریس میں بنڈی پر موجود ایک پرانے بریف کیس پر بیٹھ کر پڑھائی میں مصروف ہے۔یہ تصویر دل کو چھو لینے والی ہے۔

مشہور صنعت کار آنند مہندرا نے اس تصویر کے ساتھ لکھا ہےکہ”یہ میری سال کی سب سے پسندیدہ تصویر ہے۔معذرت! میں نہیں جانتا کہ اس تصویر کو کس نے لیا ہے؟اس لیے فوٹوگرافر کا نام معلوم نہیں ہے۔اس تصویر کو کسی نے مجھے ان باکس کیا ہے۔یہ تصویر امید، محنت،رجائیت اور ہم کیوں جیتے ہیں اس کا نچوڑ ہے۔یہ بھی زندگی ہے۔

وائرل ہونے والی اس تصویر کو اب تک 41 ہزار 700سے زائد ٹوئٹر صارفین نے لائیک کیا ہے۔ساتھ ہی اس تصویر کو 4،700سے زیادہ ٹوئٹر صارفین ری ٹوئٹ کر چکے ہیں۔اس تصویر پر کئی صارفین نے تبصرے کیے ہیں،ایک صارف نے لکھا ہے کہ جناب اس تصویر میں ” غربت اور بے بسی بھی نظر آرہی ہے”۔ساتھ ہی ایک اور صارف نے لکھا” اس تصویر میں ایک امید ہے” ۔